رشید عطرے… ایک بے بدل سنگیت کار،آج بھی اِن کی موسیقی سحر طاری کر دیتی ہے
اسپیشل فیچر
رشید عطرے کے ناقابل فراموش گیت
-1بھاگاں والیو............ فلم شہری بابو
-2چٹھییسخیاں دیئے......... چن ماہی
-3تیری الفت میں صنم......... سرفروش
-4جب ترے شہر سے گزرتا ہوں...وعدہ
-5بار بار ترسیں مورے نین......وعدہ
-6دِلا ٹھہر جا یار دا............ مکھڑا
-7 بانوری چکوری کرے...... انارکلی
-8تیرے در پہ صنم چلے آئے...... نیند
-9زندگی ہے یا کسی کا انتظار/... ...سلمیٰ
-10اس بے وفا کا شہر ہے...... شہید
-11گائے کی دنیا گیت میرے...موسیقار
-12گلوں میں رنگ بھرے...... فرنگی
-13لٹ الجھی سلجھا جارے بالم......سوال
-14آئے موسم رنگیلے سہانے...... سات لاکھ
-15یارو مجھے معاف رکھو......... سات لاکھ
-16سنجے دل والے بوُئے.........مرزا جٹ
-17رقص زنجیر پہن کر بھی کیا جاتا ہے......زرقا
-18ہمیں یقیں ہے ڈھلے گی اک دن.........رزقا
-19نثار میں تیری گلیوں پہ اے وطن.........شہید
''بار بار ترسیں مورے نین، مورے نیناں‘‘
فلم ''وعدہ‘‘ کا یہ کلاسیکی گیت سن کر دل جھوم اٹھتا ہے۔ اس گیت کو کوثر پروین اور شرافت علی خان نے گایا تھا۔ سیف الدین سیف کے لکھے ہوئے اس گیت کی موسیقی رشید عطرے نے مرتب کی تھی۔''وعدہ‘‘ کا ایک اور لافانی گیت ملاحظہ کریں۔
تیری رسوائیوں سے ڈرتا ہوں
جب ترے شہر سے گزرتا ہوں
ڈبلیو زیڈ احمد کی شہرہ آفاق فلم ''وعدہ‘‘ کے صرف چار نغمات سیف الدین سیف نے تحریر کئے تھے جبکہ باقی سات گیت طفیل ہوشیار پوری کے زورقلم کا نتیجہ تھے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ سارے نغمات بڑے ہٹ ہوئے اور رشید عطرے نے اپنی فنی عظمت کا لوہا منوایا۔ سیف الدین سیف کے نغمات نے زیادہ دھوم مچائی۔ اس فلم کے گیت کوثر پروین،شرافت علی خان اور سلیم رضا نے گائے تھے۔ بہرحال رشید عطرے کی موسیقی بڑی جاندار تھی۔ رشید عطرے نے اس فلم کے علاوہ بھی دیگر کئی فلموں کی شاندار موسیقی دی اور اپنا ایک الگ مقام بنایا۔ یہ درست ہے کہ آج بھی جب پاکستانی فلمی صنعت کے عظیم موسیقاروں کا ذکر ہوتا ہے تو خواجہ خورشید انور، حسن لطیف ، ماسٹر عنایت حسین، نثار بزمی، روبن گھوش، ناشاد، ماسٹر عبداللہ، رحمان ورما اور فیروز نظامی کا مقام و مرتبہ بھلایا نہیں جا سکتا، لیکن رشید عطرے کے منفرد سنگیت سے انکار صرف مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہے۔
رشید عطرے قیام پاکستان سے پہلے بھارت میں بھی اپنے فن کے چراغ روشن کرتے رہے۔ پاکستان میں بھی انہوں نے کئی گیتوں کی ایسی دھنیں تخلیق کیں کہ آج بھی ان کی ذہانت اور قابلیت پر رشک آتا ہے۔15فروری 1919ء کو امرتسر میں جنم لینے والے رشید عطرے کا پورا نام عبدالرشید عطرے تھا۔ ان کے والد خوشی محمد بھی گلو کاری اور موسیقی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے رہے۔ نوجوان رشید عطرے نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اشفاق حسین سے حاصل کی۔ رشید عطرے نے جلد ہی موسیقی کے تمام آلات کا درست استعمال سیکھ لیا اور ان میں مہارت حاصل کرلی۔ خاص طور پر انہوں نے طبلہ بجانے میں کمال حاصل کیا۔
40 ء کی دہائی کے شروع میں رشید عطرے نے موسیقی کے میدان میں آگے بڑھنے کیلئے زبردست کاوشیں شروع کر دیں۔ انہوں نے ماہی شوریٰ پکچرز لاہور کی طرف سے اپنا کریئر شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور فلم ''پگلی‘‘ کے دو گیتوں کی موسیقی دی، فلم کے باقی نغمات کا میوزک استاد جھنڈے خان نے ترتیب دیا۔ 1947ء میں بمبئے ٹاکیز کی پہلی فلم ''نتیجہ‘‘ کی موسیقی کیلئے رشید عطرے کا انتخاب کیا گیا۔ اس میں انہوں نے جس غزل کی موسیقی دی وہ سپرہٹ ہوئی۔ اس کے بول تھے!
''کہاں میں اور کہاں دینِ حرم کی کشمکش‘‘
1948ء میں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آ گئے۔ ابتدائی دور میں وہ میڈم نور جہاں کی گائیکی سے فائدہ نہ اٹھا سکے کیونکہ ان دنوں نور جہاں صرف اس فلم کیلئے نغمات گاتی تھیں جس میں وہ خود ہیروئن کے طور پر کام کر رہی ہوتیں۔ یہی سبب تھا کہ رشید عطرے نے اپنے کریئر کے ابتدائی برسوں میں زبیدہ خانم اور نسیم بیگم سے گیت گوائے۔ بعد میں جب میڈم نور جہاں نے جب اپنی روایت کی زنجیر توڑ دی تو پھر رشید عطرے کو موقع ملا کہ وہ میڈم کی آواز کو اپنی دلکش موسیقی کا لباس پہنائیں۔ یہ سلسلہ 1967ء تک جاری رہا۔ رشید عطرے نے ریاض شاہد کی یاد گار فلم ''شہید‘‘ کے گیتوں کی موسیقی دی۔ جس میں ان کے یہ گیت شامل تھے۔
-1حبیبی ہیا ہیا
-2میری نظریں ہیں تلوار
-3اس بے وفا کا شہر ہے
منیر نیازی کی غزل کی جتنی خوبصورت موسیقی رشید عطرے نے دی اور پھر نسیم بیگم نے اسے جس مہارت سے گایا اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ اس سے پہلے وہ ''شہری بابو‘‘ اور ''چن ماہی‘‘ کی موسیقی دے چکے تھے اور زبردست شہرت حاصل کر چکے تھے۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ اُردو اور پنجابی دونوں زبانوں کے گیتوں کا شاندار میوزک دے سکتے ہیں۔
1956-57ء اور پھر 1958ء میں انہوں نے ''سرفروش‘‘، ''وعدہ‘‘ اور'' انارکلی‘‘ کی موسیقی دی۔ ان تینوں فلموں کی موسیقی نے ہر طرف دھوم مچا دی۔ اس کے بعد مکھڑا، گلفام، فرنگی، سوال، مرزا جٹ، بائو جی اور زرقا کے گیتوں کا بھی کوئی جواب نہیں تھا۔ فلم ''قیدی‘‘میں فیض احمد کی نظم ''مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ‘‘ رشید عطرے کی موسیقی میں میڈم نور جہاں نے گائی۔ اسی طرح ''فرنگی‘‘ کی یہ غزل''گلوں میں رنگ بھرے بادِ نو بہار چلے‘‘ مہدی حسن نے رشید عطرے کی موسیقی میں گائی۔1962ء میں فلم ''موسیقار‘‘ کے نغمات بھی بہت مقبول ہوئے۔ بھارت میں انہوں نے جن فلموں کی موسیقی دی ان میں ممتا، پگلی، پنا، شیریں، فرہاد، کمرہ نمبر9، نتیجہ، پارو اور شکایت شامل ہیں۔ پاکستان میں ان کی مشہور فلموں میں''شہری بابو‘‘، '' چن ماہی‘‘، ''سرفروش‘‘،''وعدہ‘‘، ''سات لاکھ‘‘، ''مکھڑا‘‘، ''انارکلی‘‘، ''نیند‘‘، ''سلمیٰ‘‘، ''شہید‘‘، ''قیدی‘‘، '' موسیقار‘‘ ، ''فرنگی‘‘ ، ''جی دار‘‘،'' سوال‘‘، ''بائو جی‘‘ اور'' زرقا‘‘نمایاں ہیں۔
1969ء میں رشید عطرے نے ریاض شاہد کی فلم ''زرقا‘‘ کے نغمات کی جو دھنیں بنائیں وہ آج بھی شاہکار کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اہل موسیقی رشید عطرے کے سنگیت کو پاکستانی فلمی صنعت کا بیش قیمت اثاثہ قرار دیتے ہیں۔رشید عطرے کو فلم ''سات لاکھ‘‘،'' نیند ‘‘ اور ''شہید‘‘ کا بہترین میوزک دینے پر تین بار نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔18دسمبر 1967ء کو رشید عطرے اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے۔ ان کے فن کا سورج ہمیشہ چمکتا رہے گا۔
(عبدالحفیظ ظفر سینئر صحافی ہیں اورروزنامہ ''دنیا‘‘ سے طویل عرصہ سے وابستہ ہیں)