یادرفتگان: خورشید شاہد،ٹی وی ڈراموں کی شان
اسپیشل فیچر
سرکاری ٹی وی کا جب آغاز ہوا تو کچھ اداکارائوں نے معاون اداکارہ کی حیثیت سے اپنے آپ کو منوایا۔ سرکاری ٹی وی ڈراموں میں اس حوالے سے عرش منیر، ذہین طاہرہ، نگہت بٹ، عظمیٰ گیلانی، بیگم خورشید مرزا، عشرت ہاشمی، طلعت صدیقی(اگرچہ انہوں نے زیادہ تر فلموں میں کام کیا) اور دیگر متعدد فنکارائوں کا نام لیا جا سکتا ہے۔ ان میں سے ایک نام خورشید شاہد کا بھی ہے جنہوں نے اپنی فطری اداکاری کے نقوش چھوڑے۔ بہت کم لوگ ایسے ہیں جنہیں یہ علم تھا کہ بیگم خورشید شاہد گلوکارہ بھی تھیں۔
بیگم خورشید شاہد1926ء کو دہلی میں پیدا ہوئیں، جہاں ان کے والد سرکاری ملازم تھے ۔ خورشید شاہد، ان کی بہنیں اور بھائی ''رام لیلا‘‘ دیکھا کرتی تھیں جو تھیڑ میں پیش کیا جاتا تھا۔انہوں نے صرف 9برس کی عمر میں اداکاری اور گلوکاری شروع کر دی تھی۔ جب خورشید شاہد چھٹی جماعت کی طالبہ تھیں تو ایک بار کانگرسی رہنما ارونا آصف علی ان کے سکول آئیں جہاں انہیں خورشید شاہد کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ اداکارہ بھی ہیں اور گلوکارہ بھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت خورشید شاہد کی خدا داد صلاحیتوں کا ہر کوئی معترف تھا۔ ارونا آصف علی نے خورشید شاہد کو موسیقی کے میدان میں کارکردگی دکھانے کیلئے منتخب کر لیا۔ اس کارکردگی کے بعد ارونا آصف علی خورشید شاہد کو موسیقار فیروز نظامی سے ملوانے انہیں آل انڈیا ریڈیو لے گئیں۔ خورشید شاہد نے آل انڈیا ریڈیو سے مختار صدیقی کی نظمیں بھی گائیں۔ فیروز نظامی نے خورشید شاہد کو سنا تو انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ فیروز نظامی نے خورشید شاہد کو ایک گیت دیا اور کہا کہ کل جب آئیں تو اسے گا کر سنائیں۔ اگلے دن خورشید شاہد اور فیروز نظامی نے وہ گیت گا کر سنایا۔اس پر فیروز نظامی نے خورشید شاہد کو بتایا کہ یہ گیت راگ درباری میں تھا۔ پھر ان کی ملاقات موسیقار روشن لال نگراتھ سے ہوئی۔ روشن لال معروف بھارتی اداکار ہریتک روشن کے دادا تھے۔ روشن لال نے بیگم خورشید شاہد کی گائیکی کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا۔ روشن لال کچھ عرصے بیگم خورشید شاہد کی تربیت کرتے رہیں۔
تقسیم ہند کے بعد بیگم خورشید شاہد 1947ء میں لاہور آ گئیں اور وہ ریڈیو پاکستان میں آڈیشن کیلئے گئیں۔ پھر انہوں نے سٹیشن ڈائریکٹر محمود نظامی کے موسیقی کے پروگراموں میں شرکت کرنا شروع کر دی۔ محمود نظامی نے ان کی کلاسیکی گائیکی پسند کی اور ان کی مزید تربیت کی۔ محمود نظامی نے بیگم خورشید کا تعارف بھائی لال سے کرایا اور میرا انہوں نے بھائی لال محمد سے کلاسیکی گائیکی سیکھی۔ وہ روشن آرا بیگم سے بھی متاثر ہوئیں۔ لاہور آرٹس کونسل میں بیگم خورشید شاہد اور روشن آرا بیگم دوست بن گئیں۔
بیگم خورشید شاہد نے 1964ء میں سرکاری ٹی وی کے آغاز سے پہلے تھیڑ پر کام شروع کیا اور انہوں نے فیض احمد فیضؔ، منٹو اور صادقین کے ڈرامے سٹیج کئے۔1964ء میں سرکاری ٹی وی شروع ہوا تو اسلم اظہر نے انہیں کام کی پیشکش کی۔ انہوں نے ایک شرط پر اداکاری کرنے کی حامی بھری کہ ان کا معاوضہ سب سے زیادہ ہوگا۔ ان کی یہ شرط قبول کر لی گئی۔ خورشید شاہد کا پہلا ٹی وی ڈرامہ ''رس ملائی‘‘ تھا جو کہ ایک مزاحیہ ڈرامہ تھا۔ اس کے بعد انہوں نے باقاعدگی سے سرکاری ٹی وی پر کام شروع کر دیا۔ ان کے طویل دورانیے کے ڈراموں میں''وادیٔ پُرقار، کانچ کا پل، فہمیدہ کی کہانی، استانی راحت کی زبانی، کرن کہانی اور دھند‘‘۔''فہمیدہ کی کہانی ، استانی راحت کی زبانی‘‘ ایک زبردست ڈرامہ تھا جس میں خورشید شاہد کی اداکاری کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔ اشفاق احمد کے لکھے گئے اس ڈرامے میں ان کے ساتھ فائزہ حسن نے بھی بڑی جاندار اداکاری کی۔
بیگم خورشید شاہد نے ایک اردو اور ایک پنجابی فلم میں بھی اداکاری کی۔ خواجہ خورشید انور کی فلم ''چنگاری‘‘ میں ان کی خوبصورت اداکاری کو بہت سراہا گیا۔ اسی طرح اشفاق ملک کی پنجابی فلم ''بھولا سجن‘‘ میں بھی خورشید شاہد کی اداکاری کی تحسین کی گئی۔
خورشید شاہد کے مشہور ڈراموں میں ''رس ملائی،ا نکل عرفی، زیر زبر پیش، پر چھائیں، معصوم، سمندر، ساحل، من چلے کا سودا، ان سے ملیے، چابی اور چابیاں، دھوپ دیوار، اندھیرا اجالا، انا، دھند، کرن کہانی، فشار، وادیٔ پرقار، سونا چاندی، بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ‘‘ شامل ہیں۔ ان میں کچھ ڈرامہ سیریز ہیں جبکہ کچھ طویل دورانیے کے ڈرامے ہیں۔ بیگم خورشید شاہد کے فرزند ارجمند سلمان شاہد بھی ایک طویل عرصے سے اداکاری کے شعبے سے منسلک ہیں اور انہوں نے بھی اپنی فنی عظمت کا سکہ جمایا ہے۔
بیگم خورشید شاہد کو ایک مکمل فطری اداکارہ کہا جاتا تھا۔ یکم جنوری 1926ء کو دہلی میں جنم لینے والی بیگم خورشید شاہد 27جون 2021ء کو 95 برس کی عمر میں عالم جاوداں کو سدھار گئیں۔