یاد رفتگاں: عمر شریف
اسپیشل فیچر
بے ساختگی اور برجستگی میں کمال رکھنے والے عمر شریف کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک سال بیت گیا، آج ان کی برسی ہے۔ ہاکی کی کمنٹری ہو یا محمد علی کی پیروڈی، عزیز میاں قوال کی قوالی کا انداز ہو یا اسٹیج ڈرامہ، کسی شو کی میزبانی ہو یا سمندر پار کوئی ایوراڈ شو، عمر شریف اپنی شاندار کامیڈی سے لوگوں کو ہنساتے ہنساتے لوٹ پوٹ کرنے کا فن خوب جانتے تھے۔ ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر، کمپوزر، شاعر، مصنف، پروڈیوسر یہ تمام صلاحیتیں عمر شریف کی شخصیت کی پہچان بنیں۔ اسٹیج و تھیٹر کی تاریخ عمر شریف کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے۔ انہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے نہ صرف ملک میں بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ عمر شریف کو جنوبی ایشیا کے ''کنگ آف کامیڈی‘‘ کا خطاب بھی دیا گیا۔
اگر ہم عمر شریف کو پاکستانی کامیڈی کی پہچان اور برصغیر کا سب سے بڑا کامیڈین کہیں تو بالکل غلط نہیں ہو گا۔ پاکستان کے معاشی حب کراچی کے مشہور علاقے لیاقت آباد میں 19 اپریل 1960ء کو محمد عمر نامی بچے نے جنم لیا بعدازاں وہ بچہ کامیڈی کنگ عمر شریف کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوا۔ 4سال کی عمر میں یتیم ہوجانے والے عمر شریف نے 14 برس کی عمر میں اسٹیج ڈراموں سے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ عمر شریف نے تھیٹر، اسٹیج، فلم اور ٹی وی میں اپنی جاندار اور بے مثال اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن ان کی بنیادی وجہ شہرت مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں۔ کامیڈی کنگ کا اصل نام محمد عمر تھا لیکن انہوں نے 1974ء میں اسٹیج ڈراموں میں کام کا آغاز کرنے کے بعد ڈرامے میں استعمال ہونے والا نام ''عمر ظریف‘‘ رکھا۔عمر شریف منور ظریف کو اپنا استاد مانتے تھے۔ وہ منور ظریف سے اتنا متاثر تھے کہ کئی مرتبہ اس خواہش کا اظہار کر چکے تھے کہ '' میں چاہتا ہوں مرنے کے بعد جس شخص سے میری سب سے پہلے ملاقات ہو وہ منور ظریف ہوں‘‘۔ بعدازاں ہالی وڈ فلم ''لارنس آف عریبیہ‘‘ میں ہالی وڈ کے مصری اداکار عمر شریف کی اداکاری سے اس قدر متاثر ہوئے کے اپنے نام کے ساتھ شریف لگا لیا۔
اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ نے 1980ء میں آڈیو کیسٹ پر سٹیج ڈرامے ریلیز کرنے کا ٹرینڈ متعارف کرایا جو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کافی مقبول ہوئے۔ عمر شریف نے 50سے زائد اسٹیج ڈراموں میں کام کیا،ان کے مقبول ڈراموں میں 1989 میں ریلیز ہونے والا مشہور مزاحیہ ڈرامہ ''بکرا قسطوں پر‘‘ ، ''بڈھا گھر پر ہے‘‘، ''میری بھی تو عید کرا دے‘‘، ''ماموں مذاق مت کرو‘‘ نمایاں ہیں۔ڈرامہ '' بکرا قسطوں پر‘‘ سے انہیں بے پناہ شہرت ملی۔ اس ڈرامے کے پانچ پارٹ پیش کئے گئے۔
عمر شریف نے اسٹیج اور ٹی وی کے ساتھ سینما سکرین پر بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کے کریڈٹ پر 35 فلمیں ہیں۔ ان کی 1992ء میں عیدالاضحی کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ''مسٹر 420‘‘کو زبردست کامیابی ملی۔ اس فلم کے ہیرو، ڈائریکٹر اور مصنف وہ خود تھے جبکہ اداکارہ شکیلہ قریشی اور روبی نیازی نے ان کے مقابل مرکزی کردار نبھائے۔ مزاح سے بھرپور اس فلم نے گولڈن جوبلی منائی۔اس فلم پر انہیں بہترین اداکار اور ڈائریکٹر کے نیشنل ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ 4 نگار ایوارڈ بھی انہوں نے حاصل کئے۔عمر شریف ایک سال میں 4نگار ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان کے واحد فنکار تھے۔ان کی دیگر مقبول فلموں میں ''مسٹر چارلی‘‘، ''بہروپیا‘‘، ''چلتی کا نام گاڑی‘‘، ''چاند بابو‘‘، ''کھوٹے سکے‘‘، ''ہتھکڑی‘‘، ''لاٹ صاحب‘‘، ''پھول اور مالی‘‘،''جھوٹے رئیس‘‘، ''پیدا گیر‘‘، ''ڈاکو چور سپاہی‘‘، ''خاندان‘‘، ''نہلے پہ دہلا‘‘، ''مس فتنہ‘‘، ''غنڈا راج‘‘، ''سب سے بڑا روپیہ‘‘ شامل ہیں۔فلمی کریئر میں عمر شریف نے 3 بار گریجویٹ ایوارڈ حاصل کیا۔
عمر شریف بے ساختگی، برجستگی اور بے باکی میں کمال رکھتے تھے۔ وہ بلا کے ذہین تھے اور بات سے بات نکالنے میں انہیں ید طولیٰ حاصل تھا۔ عمر شریف نے مختلف ٹیلی ویژن شوز بھی کئے۔ انہوں نے اداکاری اور میزبانی کے ساتھ ساتھ متعدد پروگراموں میں بطور جج بھی شرکت کی جس میں بھارت کا مقبول ترین پروگرام ''دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘‘ سرفہرست ہے۔
عمر شریف نے 3 شادیاں کیں، ان کی پہلی بیوی کا نام دیبا عمر تھا۔ دوسری شادی اداکارہ شکیلہ قریشی سے ہوئی جو 80ء کی دہائی کی معروف ٹیلی ویژن ادکارہ تھیں۔ تیسری شادی سٹیج اداکارہ زریں غزل سے 2005ء میں کی۔
انہیں علاج کی غرض سے بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکہ لے جایا جا رہا تھا، راستے میں ان کا پہلا سٹاپ جرمنی تھا جہاں ان کی طبیعت زیادہ ناساز ہونے کی وجہ سے ان کوہسپتال منتقل کیا گیاجہاں دونسلوں کو اپنی مزاحیہ اداکاری سے محظوظ کرنے والا فنکار اس جہاں فانی سے کوچ کرگیا۔ عمر شریف نے اپنی معیاری اداکاری اور فیملی کامیڈی پر کئی ایوارڈز اپنے نام کئے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ''تمغہ امتیاز‘‘ سے بھی نوازا گیا۔