بانو قدسیہ: نامور مصنفہ کیسے بنیں!
اسپیشل فیچر
اشفاق احمد بانو قدسیہ کے متعلق کہا کرتے تھے جب ہم گونمنٹ کالج میں کلاس فیلو تھے تو بانو قدسیہ کو اردو بالکل نہیں آ تی تھی۔اس کی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے ریاضی میں بی ایس سی کی تھی۔ وہ'' ہمدردی‘‘ کو ''ہمددری‘‘ لکھتی تھیں۔خواہشمند کی میم ''ہ‘‘ سے پہلے آ جاتی تھی۔
خیر پڑھنا شروع کیا،جب ہمارے پہلے ضمنی امتحان ہوئے توبانوفرسٹ آ ئیں،ہم پیچھے رہ گئے۔پھرمیں نے محسوس کیا کہ جو چیزیں مجھ میں بہت کم ہیں وہ ان میں بہت زیادہ ہیں۔ میں نے سوچا کہ ان خوبیوں کو گھر لے جائیں ۔دوسری جانب بانو قدسیہ خود کو اشفاق احمد کی چیلی قرار دیا کرتی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ اشفاق صاحب نے ہمیشہ تلقین کی جب ایک کام بھی لکھنے کا کام کرو تومکمل کرو۔کوئی ملنے آ جائے تو انکار کردو،جہاں بیٹھ کر لکھو یکسوئی سے لکھو۔اردو کی یہ نامور مصنفہ 28 نومبر 1928ء کو مشرقی پنجاب کے ضلع فیروز پور میں پیدا ہوئیں اور تقسیم ہند کے بعد لاہور آ گئی تھیں۔ ان کے والد بدرالزماں ایک گورنمنٹ فارم کے ڈائریکٹر تھے اور ان کا انتقال 31 سال کی عمر میں ہو گیا تھا۔ اس وقت ان کی والدہ ذاکرہ بیگم کی عمر صرف 27 برس تھی۔ بانو قدسیہ کی اپنی عمر اس وقت ساڑھے تین سال تھی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی قصبے ہی میں حاصل کی۔
بانو قدسیہ کو بچپن سے کہانیاں لکھنے کا شوق تھا اور پانچویں جماعت سے انہوں نے باقاعدہ لکھنا شروع کر دیا تھا۔ جب پانچویں جماعت میں تھیں تو ان کے سکول میں ڈرامہ فیسٹیول کا انعقاد ہوا جس میں ہر کلاس کو اپنا اپنا ڈرامہ پیش کرنا تھا۔ بہت تلاش کے باوجود کلاس کو تیس منٹ کا کوئی سکرپٹ دستیاب نہ ہوا۔ چنانچہ ہم جولیوں اور ٹیچرز نے اس مقصد کیلئے بانو قدسیہ کی طرف دیکھا جن کی پڑھنے لکھنے کی عادت کلاس میں سب سے زیادہ تھی۔ ان سے درخواست کی گئی کہ تم ڈرامائی باتیں کرتی ہو لہٰذا یہ ڈراما تم ہی لکھ دو۔ بانو قدسیہ نے اس چیلنج کو قبول کیا اور بقول ان کے جتنی بھی اردو آتی تھی اس میں ڈرامہ لکھ دیا۔ یہ ان کی پہلی کاوش تھی۔ اس ڈرامے کو سکول بھر میں فرسٹ پرائز کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ اس حوصلہ افزائی کے بعد وہ دسویں جماعت تک افسانے اور ڈرامے ہی لکھتی رہیں۔
طویل عرصے تک وہ اپنی کہانیوں کی اشاعت پر توجہ نہ دے پائیں اور ایم اے اردو کرنے کے دوران اشفاق احمد کی حوصلہ افزائی پر ان کا پہلا افسانہ ''واماندگی شوق‘‘ 1950ء میں اس وقت کے ایک سرکردہ ادبی جریدے ''ادبِ لطیف‘‘ میں شائع ہوا۔ اپنے لکھنے کے حوالے سے بانو قدسیہ کہتی تھیں '' میں نے کسی سے اصلاح نہیں لی اور نہ کبھی کچھ پوچھا تاوقتیکہ میری شادی نہیں ہو گئی۔ اس کے بعد اشفاق احمد صاحب میرے بڑے معاون و مددگار بلکہ استاد ہوئے۔ انہوں نے مجھ سے کہا اگر تمہیں لکھنا ہے تو ایسا لکھو کہ کبھی مجھ سے دو قدم آگے رہو اور کبھی دو قدم پیچھے تاکہ مقابلہ پورا ہو۔ اس کا مجھے بڑا فائدہ ہوا۔ اشفاق صاحب نے ہمت بھی دلائی اور حوصلہ شکنی بھی کی۔ میری کئی باتوں پر خوش بھی ہوئے۔ آخر تک ان کا رویہ استاد کا ہی رہا، میں انہیں شوہر کے ساتھ ساتھ اپنا استاد بھی سمجھتی رہی ہوں‘‘۔
بانو قدسیہ نے ایف اے اسلامیہ کالج لاہور جبکہ بی اے کنیئرڈ کالج لاہور سے کیا۔ 1949ء میں انہوں نے گورنمٹ کالج لاہور میں ایم اے اردو میں داخلہ لیا۔ یہاں اشفاق احمد ان کے کلاس فیلو تھے۔ دونوں کی مشترکہ دلچسپی ادب پڑھنا اور لکھنا تھا۔ دسمبر 1956ء میں بانو قدسیہ کی شادی اشفاق احمد سے ہو گئی۔ دونوں لکھاری تھے اور ادب سے گہرا شغف رکھتے تھے۔ شادی کے بعد دونوں رائٹرز کام میں جت گئے۔ ایک سال بعد انہوں نے ایک ادبی رسالے ''داستان گو‘‘ کا اجرا کیا اور اس کے تمام کام خود کرتے تھے ۔ چار سال تک ''داستان گو‘‘ کا سلسلہ چلا پھر اسے بند کرنا پڑا۔ اشفاق احمد ریڈیو پر ڈارمہ لکھتے تھے ،بانو قدسیہ بھی ریڈیو کیلئے لکھنے لگیں۔ ''تلقین شاہ‘‘ 1962ء میں شروع ہوا۔ٹیلی ویژن نیا نیا ملک میں آیا تو اس کیلئے اشفاق احمد اور بانو قدسیہ مسلسل لکھنے لگے۔ اشفاق احمد کی کوئی سیریز ختم ہوتی تو بانو قدسیہ کی سیریل شروع ہو جاتی تھی۔ ریڈیو اور ٹی وی پر بانو قدسیہ اور اشفاق احمد نصف صدی سے زائد عرصے تک حرف و صورت کے رنگ دکھاتے رہے۔ ٹی وی پر بانو قدسیہ کی پہلی ڈرامہ سیریل ''سدھراں‘‘ تھی۔ ریڈیو پر انہوں نے 1965ء تک لکھا ،پھر ٹی وی نے انہیں بے حد مصروف کر دیا۔ 1981ء میں شائع ہونے والا ناول ''راجہ گدھ‘‘ بانو قدسیہ کی حقیقی شناخت بنا۔ بانو قدسیہ نے 27 کے قریب ناول، کہانیاں اور ڈرامے لکھے، ''راجہ گدھ‘‘ کے علاوہ ''بازگشت‘‘،'' امربیل‘‘، ''دوسرا دروازہ‘‘،'' تمثیل‘‘، ''حاصل گھاٹ‘‘ اور ''توجہ کی طالب‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔ ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں 2003ء میں ستارہ امتیاز اور 2010ء میں ہلالِ امتیازسے نوازا گیا۔
عبدالحفیظ ظفر سینئر صحافی ہیں اور روزنامہ '' دنیا‘‘ سے طویل عرصہ سے وابستہ ہیں