یادرفتگاں: احمد رشدی بے مثل اور جادوئی آواز کے مالک
اسپیشل فیچر
پاکستان کے جن مرد گلو کاروں نے اپنی آواز کے جادو کی بدولت لوگوں کے دلوں میں گھر کیا اُن میں ایک نام احمد رشدی کا ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستانی موسیقی کے سنہرے دور میں احمد رشدی نے جو خدمات سرانجام دیں اس سے انکار کیونکر ممکن ہے۔
24اپریل 1934ء کو حیدر آباد دکن میں پیداہونے والے احمد رشدی کا پورا نام سید احمد رشدی تھا۔ رشدی کو جنوبی ایشیاء کے عظیم پلے بیک گلو کار کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ ایسا گلوکار جو اونچے سروں کے گیت بھی آسانی سے گا سکتا تھا۔ نقادوں نے ان کی آواز کو منفرد قرار دیا کیونکہ وہ ہر قسم کا گیت شاندار طریقے سے گا سکتے تھے۔ پاکستان آنے کے بعد وہ یہاں کی فلمی صنعت کی ضرورت بن گئے۔ انہیں جنوبی ایشیاء کا پہلا باقاعدہ پاپ سنگر بھی کہا جاتا ہے۔ فلم ''ارمان‘‘ میں گایا ہوا ان کا یہ گیت اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔''کوکوکورینا‘‘۔
1954ء میں انہوں نے پاکستان کا سرکاری قومی ترانہ ریکارڈ کرایا۔ اس میں ان کے ساتھ کئی دوسرے گلو کار بھی شامل تھے۔ پاکستانی سینما کی تاریخ میں احمد رشدی نے سب سے زیادہ فلمی گیت گائے۔ ان میں اردو، انگریزی، پنجابی، بنگالی، سندھی اور گجراتی زبان کے گیت شامل ہیں۔ 1950ء کی دہائی میں انہیں مقبولیت ملنا شروع ہوئی جو 1980ء تک جاری رہی۔ سٹیج پر بھی ان کی کارکردگی کو بہت سراہا جاتا تھا۔ انہوں نے 583 فلموں کیلئے تقریباً 5000 گیت گائے۔
ابتداء میں انہوں نے حیدرآباد دکن میں موسیقی کی ایک اکیڈمی میں داخلہ لے لیا۔ اس اکیڈمی میں اس وقت کے دو مقبول سنگیت کار ایم اے رئوف اور اقبال قریشی بھی پڑھاتے تھے۔ موسیقی کے اسرار ورموز احمد رشدی نے انہیں سنگیت کاروں سے سیکھے۔ رشدی کو اونچے اور دھیمے سروں میں گانے پر مکمل دسترس تھی۔ بعد میں انہوں نے استاد نتھو خان سے کلاسیکی موسیقی کی تھوڑی بہت تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے 1951ء میں ایک بھارتی فلم ''عبرت‘‘ میں گانا گایا تھا۔ اس گانے کے بعد ہی ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کر لیا گیا۔ انہوں نے پاکستان آنے کے بعد موسیقی کے پروگرامز میں حصہ لینا شروع کردیا۔ پھر ریڈیو پر گانا شروع کر دیا۔ انہوں نے اپنا پہلا غیر فلمی گانا ''بندر روڈ سے کیماڑی‘‘ گایا۔ یہ گانا مہدی ظہیر نے لکھا تھا اور اسے ریڈیو پاکستان کے شو ''بچوں کی دنیا‘‘ میں پیش کیا گیا۔ یہ گیت سپرہٹ ثابت ہوا اور اس نے رشدی کے کریئر میں اہم کردار ادا کیا۔ اس گانے کے بعد احمد رشدی کو فلموں میں گیت گانے کی پیشکش کی گئی۔ ان کے گائے ہوئے گیتوں نے بہت مقبولیت حاصل کی۔ شروع میں انہوں نے ''بڑا آدمی،واہ رے زمانے، رات کے راہی، یہ دنیا‘‘ اور دیگر فلموں کیلئے گائیکی کی ۔
1956ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''انوکھی‘‘ کیلئے احمد رشدی کے گائے ہوئے نغمات بہت مشہور ہوئے جن میں ایک گیت ''میری لیلیٰ نے ایسی‘‘ کا ذکر بہت ضروری ہے۔ اس کے بعد1959ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''راز‘‘ میں بھی انہوں نے بہت دلکش گیت گائے جن میں ''چھلک رہی ہیں متیاں‘‘ اور ''چل نہ سکے گی 420‘‘ بہت ہٹ ہوئے۔1961 ء میں انہوں نے فلم سپیرن کا یہ گیت گایا'' چاند سا مکھڑا گورا بدن‘‘ جو بے پناہ مقبول ہوا۔ اسی گیت کی وجہ سے انہیں بہترین پلے بیک سنگر کا نگار ایوارڈ ملا۔ 1962ء میں انہوں نے یہ مقبول عام گیت گایا'' گول گپے والا آیا، گول گپے لایا‘‘ یہ گیت علائو الدین پر فلمبند کیا گیا۔ 1966ء میں انہوں نے فلم '' ارمان‘‘کا گیت ''کوکوکورینا‘‘ گایا۔ اس گیت نے پورے ملک میں دھوم مچا دی۔ اسے پاکستان کا پہلا جدید پاپ گانا بھی کہا جاتا ہے۔
1960ء کی دہائی میں مہدی حسن اور مسعود رانا بھی پلے بیک گائیکی کے میدان میں آ گئے۔ لیکن ان کی آمد سے احمد رشدی کو کوئی فرق نہیں پڑا اور ان کا کریئر جاری رہا۔ نثار بزمی، سہیل رعنا، اور ایم اشرف جیسے موسیقاروں کی یہ متفقہ رائے تھی کہ احمد رشدی کی آواز ہر ہیرو، کامیڈین اور حتیٰ کہ کیریکٹر ایکٹر کیلئے بھی بہت مناسب ہے۔ ان کے گائے ہوئے گیت وحید مراد، ندیم، محمد علی، سنتوش کمار، درپن، حبیب، رحمان، شاہد، قوی خان، غلام محی الدین اور راحت کاظمی پر پکچرائز کئے گئے جو بہت مقبول ہوئے۔ اسی طرح اپنے وقت کے نامور مزاحیہ اداکار منور ظریف، لہری نرالا، ننھا اور رنگیلا پر بھی ان کے گائے ہوئے گیت عکس بند ہوئے،1963ء میں فلم ''جوکر‘‘ کیلئے انہوں نے حبیب جالب کی غزل ''شوق آوارگی‘‘ گائی جو اداکار کمال پر فلمبند کی گئی۔ اہل موسیقی نے اس غزل کو خوب سراہا۔ فلم ''خاموش رہو‘‘ میں بھی احمد رشدی اور حبیب جالب اکٹھے ہوئے اور رشدی نے جالب کی یہ نظم گائی ''میں نہیں مانتا‘‘۔ اس فلم نے حبیب جالب کو ملک گیر شہرت عطا کی۔ اسی سال احمد رشدی نے منیر حسین کے ساتھ مل کر یہ شہرہ آفاق قوالی گائی‘‘ مدینے والے سے جا کر میراسلام کہہ دینا‘‘۔
1970ء میں ندیم کی پہلی فلم ''چکوری‘‘ ریلیز ہوئی۔ احمد رشدی نے روبن گھوش کی موسیقی میںچار گیت گائے جو بہت مقبول ہوئے۔ ''استحصال‘‘، ''دوراہا‘‘اور ''شہنائی‘‘ بھی ریلیز ہوئیں اور ان فلموں کے گیتوں نے بھی ہر طرف دھوم مچا دی۔1983ء میں11اپریل کو یہ بے مثل گلوکار 48برس کی عمر میں انتقال کر گیا۔ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ احمد رشدی آج ہم میں موجود نہیں لیکن ان کی آواز ہمیشہ زندہ رہے گی۔