یاد رفتگاں :جنگ ستمبر65کا ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید

یاد رفتگاں :جنگ ستمبر65کا ہیرو  میجر راجہ عزیز بھٹی شہید

اسپیشل فیچر

تحریر : اختر سردا رچودھری


راجہ عزیزبھٹی کے والد رائو عبداللہ 1911ء میں ہانگ کانگ منتقل ہو گئے تھے ۔وہ وہاں پولیس میں ملازمت کرنے کے ساتھ ساتھ درس و تدریس کے شعبے سے بھی منسلک تھے ۔راجہ عزیزبھٹی کے بڑے بھائی نذیر احمد بھٹی بھی ایک استاد تھے۔ راجہ عزیز بھٹی نے میٹرک تک تعلیم ہانگ کانگ میں حاصل کی بعد میں کوئنز کالج میں داخلہ لے لیا جبکہ ان کو انگلستان کی ایک یونیورسٹی نے اعلیٰ تعلیم کیلئے وظیفے کی پیشکش بھی کی تھی۔
اسی زمانے میں دوسری جنگ عظیم شروع ہو گئی۔1941 ء میں جاپان نے ہانگ کانگ پر قبضہ کر لیا اور اس ساتھ ہی راجہ عزیزبھٹی کے گھروالوں کے حالات اتنے ناساز گار ہو گئے کہ انہیں اپنے بڑے بھائی سردار محمد کے ساتھ مل کر معمولی سی ملازمت کر کے گھر چلانا پڑا مگرراجہ عزیزبھٹی مسلسل اپنی کوششوں میں لگے رہے اور ایک وقت آیا کہ ان کو اپنی بے پناہ قابلیت، محنت اور ذہانت کی وجہ سے فوج میں ملازمت مل گئی۔
قیام پاکستان سے قبل ان کے خاندان نے ضلع گجرات کے گاؤں لاد یاں میں رہائش اختیار کرلی، راجہ عزیز بھٹی نے 21 جنوری 1948ء کو پنجاب رجمنٹ میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔ 1950ء میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں انہیں بہترین کارکردگی پرشہید ملت خان لیاقت علی خان نے بہترین کیڈٹ کے اعزازکے علاوہ شمشیر اعزازی اور نارمن گولڈ میڈل کے اعزاز سے نوازا ۔
راجہ عزیز بھٹی 1952 ء میں اعلیٰ فوجی ٹریننگ کیلئے کینیڈا بھی گئے۔ انہوں نے1957ء سے 1959ء تک جی ایس سیکنڈ آپریشنز کی حیثیت سے جہلم اور کوہاٹ میں خدمات سر انجام دیں۔ 1960ء سے1962ء تک پنجاب رجمنٹ جبکہ 1962ء سے1964ء تک انفنٹری سکول کوئٹہ سے وابستہ رہے۔ انہوں نے جنوری 1965 ء سے مئی 1965ء تک سیکنڈ کمانڈر کے طورپر خدمات سرانجام دیں۔
6 ستمبر 1965ء کو جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو میجر عزیز بھٹی لاہور سیکٹر میں برکی کے علاقے میں کمپنی کی کمان کررہے تھے۔ اس کمپنی کے دو پلاٹون بی آر بی نہر کے دوسرے کنارے پر متعین تھے۔ میجر عزیز بھٹی نے نہر کے اگلے کنارے پر متعین پلاٹون کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ دشمن مسلسل حملے کئے جارہا تھالیکن پھر بھی میجر عزیز بھٹی اور ان کے جوان اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے۔ 9اور 10 ستمبر کی درمیانی رات کے وقت دشمن نے اس سارے سیکٹر میں اپنی ایک پوری بٹالین کے ساتھ اچانک حملہ کر دیا۔
میجر عزیز بھٹی جب راستہ بناتے ہوئے نہر کے کنارے پہنچے تو دشمن نے اس وقت وہاں پر قبضہ کرلیا تھا تو انہوں نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے، تیزی سے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کو اس علاقے سے نکال باہر کیا اور پھر اس وقت تک دشمن کے درمیان میں کھڑے رہے اور مقابلہ کرتے رہے جب تک ان کے تمام جوان اور گاڑیاں نہر کے دوسری پار نہ پہنچ گئیں۔انہوں نے نہر کے اس کنارے پر کمپنی کو نئے سرے سے دفاع کیلئے منظم کیا۔ جبکہ دشمن کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں، ٹینکوں اور توپوں سے مسلسل آگ برسا ئی جارہی تھی مگر راجہ عزیز بھٹی نہ صرف ان کا کا مقابلہ کرتے رہے بلکہ ان کے حملوں کا بہادری اور دلیری سے جواب بھی دیتے رہے۔
جنگ ستمبر جاری تھی، 12ستمبر کی صبح طلوع ہوئی تو میجر راجہ عزیز بھٹی (لاہور سیکٹر میں کمپنی کمان )نے دیکھا کہ دشمن کی فوج کے ہزاروں سپاہی برکی کے مقام سے شمال کی طرف درختوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اور آہستہ آہستہ نہر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عزیز بھٹی نے فائرنگ شروع کردی۔ جس سے وہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ۔میجر عزیز بھٹی دوبارہ نہر کی پٹری پرچڑھ کر دشمن کی نقل وحرکت کا جائزہ لینے لگے کہ دشمن نے پھر بمباری شروع کردی۔ اپنے محاذ پرڈٹے عزیز بھٹی ہر خطرے سے بے نیاز دشمن کا مقابلہ کررہے تھے کہ ایک گولہ ان کے سینے کے آرپار ہوگیا۔ جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔انہوں نے ملک وقوم کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کردیا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے سترہ پنجاب رجمنٹ کے اٹھائیس افسروں سمیت پانچ دن اور پانچ راتوں تک دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائے رکھااور اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہو کر ایسا کارنامہ سرانجام دیا تھا کہ اٹھاون برس بعد بھی ان کی بہادری کو سنہری حروف میں یاد کیا جاتا ہے۔
26 ستمبر 1965ء کو صدر مملکت فیلڈ مارشل ایوب خان نے پاک فوج کے 94افسروں اور فوجیوں کو جنگ ستمبر میں بہادری کے نمایاں کارنامے انجام دینے پر مختلف تمغوں اور اعزازات سے نوازا۔ وطن کی خاطر اپنی جان نثار کرنے پر میجر عزیز بھٹی کو پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر دیا گیا، جو 23 مارچ 1966ء کو ان کی اہلیہ نے وصول کیا۔
راجہ عزیز بھٹی شہید یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیسرے سپوت تھے ۔نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید نے جرات و بہادری کی ایسی تاریخ رقم کی جو آدھی سے زائد صدی گزرنے کے باوجود قوم کو یاد ہے ۔ وطن پر جان نچھاور کرنے والے اس بہادر سپاہی کو آج بھی قوم عقیدت سے سلام پیش کرتی ہے ۔
میجر عزیز بھٹی شہید کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ہمیں ان سے سیکھنا چائیے اور ان کے نقش قدم پر چل کر خود کو محب وطن ثابت کرنا ہو گا کیونکہ سچ، اخلاق، اخلاص، ایمانداری اور وطن سے محبت دنیا کی سب سے بڑی طاقتیں ہیں، ان تمام طاقتوں سے مالامال ا نسان کو دنیاکی کوئی بھی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔وہ وطن سے بے حد پیارکرتے تھے ، ہر وقت وطن کی خاطر اپنی جان تک کا نذرانہ پیش کرنے کو تیار رہتے تھے۔ جب یہ سوچ دل میںآجائے گی تو اسے ایسی عقیدت اورمحبت ملے گی جورہتی دنیاتک زندہ رہے گی۔میجرعزیزبھٹی اس دنیاسے توچلے گئے مگروہ اپنے کردار،جرات مندی اوربہادری کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں آج تک زندہ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
آنکھیں بھید کھول دیتی ہیں!

آنکھیں بھید کھول دیتی ہیں!

جھوٹ چھپانا اب آسان نہیں،پلکوں کی جنبش سے جھوٹ کا سراغ لگانا ممکنانسان کی گفتگو، چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکات اکثر اس کے باطن کی کیفیت کا پتا دیتی ہیں۔ بعض اوقات الفاظ کچھ اور کہہ رہے ہوتے ہیں، لیکن جسمانی زبان حقیقت کا دوسرا رخ پیش کر رہی ہوتی ہے۔ جھوٹ بولنا اگرچہ انسانی رویوں کا ایک پیچیدہ پہلو ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض غیر ارادی جسمانی علامات کسی شخص کے سچ چھپانے یا حقیقت سے گریز کرنے کی طرف اشارہ کر سکتی ہیں۔ ایک نئی تحقیق میں آنکھوں کی پتلیوں کا پھیلاؤ، پلکیں کم جھپکنا اور غیر معمولی طور پر مسلسل نگاہیں جمائے رکھنا ایسی ممکنہ علامات کے طور پر سامنے آیا ہے جو جھوٹ بولنے کے دوران ظاہر ہو سکتی ہیں۔ اگرچہ ان اشاروں کو جھوٹ پکڑنے کا حتمی پیمانہ قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم انسانی نفسیات اور جسمانی زبان کا مطالعہ یہ سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے کہ بعض اوقات خاموش آنکھیں بھی وہ کچھ بیان کر دیتی ہیں جو زبان چھپانے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے۔بہانے بازی اور گھبراہٹ میں ہاتھ پاؤں ہلانے جیسی روایتی علامات کو بھول جائیے، سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جھوٹ بولنے والے شخص کی اصل پہچان اس کی آنکھوں میں چھپی ہو سکتی ہے۔محققین نے ایک تحقیق کے دوران شرکاء کو جھوٹ بولنے کی کوشش کرنے کو کہا اور اس دوران انہیں موبائل آئی ٹریکنگ (آنکھوں کی حرکات پر نظر رکھنے والے) چشمے پہنائے گئے۔تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ معلومات چھپانے کی کوشش کرنے والے افراد کی آنکھوں کی پتلیاں معمول سے زیادہ پھیل گئیں، وہ پلکیں کم جھپکاتے رہے اور سچ بولنے کے مقابلے میں زیادہ دیر تک سامنے والے شخص کو گھور کر دیکھتے رہے۔محققین کے مطابق، جھوٹ بولنے کے عمل میں دماغ کو معمول سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس کے نتیجے میں آنکھوں کی حرکات اور رویوں میں ایسی نمایاں تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں جو جھوٹ کی نشان دہی کر سکتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بظاہر انتہائی پراعتماد اور مہارت سے جھوٹ بولنے والا شخص بھی اپنی آنکھوں کو ان اشاروں سے روکنے میں مشکل محسوس کر سکتا ہے جو اس کے اصل علم اور چھپائی گئی حقیقت کو ظاہر کر دیتے ہیں۔ تحقیق کاروں نے اپنے مطالعے میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنکھوں کی حرکات کا جائزہ لے کر چھپائی گئی معلومات کا مؤثر انداز میں پتا لگایا جا سکتا ہے، حتیٰ کہ ایسے سماجی ماحول میں بھی جہاں افراد ایک دوسرے کے ساتھ براہِ راست گفتگو کر رہے ہوں۔یہ تحقیق سائنسی جریدے PLOS ONE میں شائع ہوئی ہے۔یہ نتائج جرمنی کی یونیورسٹی آف اُلم (Ulm University) کے محققین کی تحقیق سے سامنے آئے ہیں، جنہوں نے دھوکا دہی کے ایک تجربے کے دوران رضاکاروں کی آنکھوں کی حرکات کا مشاہدہ کیا۔محققین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج حقیقی زندگی کے مختلف حالات میں چھپائی گئی معلومات کا سراغ لگانے کے طریقوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو پولیس کی تفتیش، سکیورٹی جانچ پڑتال اور ایسے دیگر معاملات میں استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں تفتیش کاروں کیلئے یہ جاننا ضروری ہو کہ کوئی شخص اہم معلومات چھپا تو نہیں رہا۔ تاہم، محققین نے خبردار کیا ہے کہ یہ مطالعہ محدود اور کم دباؤ والے تجربہ گاہی ماحول میں کیا گیا تھا۔ اس لیے آنکھوں کی حرکات کا جائزہ لینے کی تکنیک کو عملی طور پر جھوٹ پکڑنے کے قابلِ اعتماد آلے کے طور پر استعمال کرنے سے پہلے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

زیر زمین پانی کا تحفظ ہی غذائی سلامتی

زیر زمین پانی کا تحفظ ہی غذائی سلامتی

پاکستان کا ایک خاموش بحرانپاکستان کی زرعی معیشت کو درپیش خطرات میں ایک ایسا خاموش بحران بھی تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے جو مستقبل میں ملک کی غذائی سلامتی اور معاشی استحکام کیلئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ یہ بحران زیرِ زمین پانی کے تیزی سے کم ہوتے ذخائر کا ہے۔ برسوں سے زیر زمین پانی بارشوں کی کمی، نہری پانی کی غیر یقینی فراہمی اور خشک سالی کے مقابلے میں کسانوں کیلئے مضبوط سہارا بنا ہوا ہے، لیکن بے دریغ اخراج کے باعث قدرت کا یہ انمول خزانہ تیزی سے خالی ہو رہا ہے۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ جس رفتار سے پانی زمین سے نکالا جا رہا ہے، قدرتی طور پر اس کی بحالی ممکن نہیں۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان کی زراعت، غذائی رسد اور دیہی معیشت کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔زیر زمین پانی پاکستان کے زرعی اور گھریلو آبی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق، زراعت میں استعمال ہونے والے پانی کا 50 فیصد، گھریلو ضروریات کیلئے استعمال ہونے والے پانی کا 70 فیصد اور دیہی علاقوں میں تقریباً 90 فیصد پانی زیر زمین ذخائر سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ ملک کی زرعی پیداوار اور روزمرہ ضروریات کا بڑا حصہ اسی قدرتی آبی سرمائے سے وابستہ ہے۔ تاہم، بے تحاشا پمپنگ، غیر محتاط استعمال اور آلودگی نے ان ذخائر کو شدید دباؤ سے دوچار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پانی کی سطح مسلسل نیچے جا رہی ہے۔ 2025ء میں ریجنل اسٹڈیز جرنل آف ہائیڈرولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، 2003ء سے 2023ء تک پاکستان میں زیر زمین پانی کے ذخائر میں اوسطاً سالانہ 5.2 ملی میٹر کمی ہوئی، جبکہ دو دہائیوں کے دوران مجموعی کمی تقریباً 104 ملی میٹر رہی۔ وسطی پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ خطہ قرار پایا، جہاں سالانہ 8.3 ملی میٹر کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلگت بلتستان میں معمولی اضافہ سامنے آیا۔ واضح رہے کہ یہ نتائج براہِ راست کنوؤں کی پیمائش کے بجائے سیٹلائٹ ماڈلز اور زمین کے استعمال سے متعلق اعدادوشمار پر مبنی ہیں۔اسی طرح 2025ء میں واٹر ریسورسز ریسرچ میں شائع ہونے والی ایک دوسری تحقیق میں سیٹلائٹ ڈیٹا کی مدد سے دریائے سندھ میں آبی ذخائر کا جائزہ لیا گیا۔ اپریل 2002ء سے مئی 2023ء تک کے اعدادوشمار کے مطابق، 2015ء اور 2016ء کے بعد پانی کے ذخائر میں کمی کی رفتار تیز ہوئی۔ یہ صورتِ حال صرف پاکستان نہیں بلکہ دریائے سندھ کے آبی نظام پر انحصار کرنے والے پورے خطے کیلئے باعثِ تشویش ہے۔پانی کی گرتی ہوئی سطح کے اثرات صرف کھیتوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ پوری معیشت کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ پانی زیادہ گہرائی سے نکالنے کے لیے گہرے ٹیوب ویل، طاقتور پمپ اور اضافی توانائی درکار ہوتی ہے، جس سے کاشتکاری کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں۔ بڑے زمیندار کسی حد تک یہ بوجھ برداشت کر سکتے ہیں، لیکن چھوٹے کاشتکاروں کے لیے ایسا کرنا مشکل ہوتا ہے۔ نتیجتاً زرعی شعبے میں معاشی ناہمواری بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔ دوسری جانب پانی کی قلت فصلوں کی پیداوار متاثر کرتی ہے، جس کے اثرات بالآخر غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے اور عام آدمی کی قوتِ خرید میں کمی کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔شمسی توانائی بھی مسئلے کا مکمل حل نہیں، جدید ٹیکنالوجی اور متبادل توانائی کے ذرائع زراعت میں بہتری لا سکتے ہیں، لیکن محض گرین ٹیکنالوجی اختیار کر لینا آبی بحران کا حل نہیں۔ 2025ء میں جرنل آف ایگریکلچر اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، زیریں زمیں پانی نکالنے کیلئے سولر پمپ استعمال کرنے والے کسانوں نے سالانہ تقریباً 1,600 ملی میٹر پانی نکالا، جبکہ ڈیزل پمپ استعمال کرنے والوں میں یہ مقدار 1,300 ملی میٹر رہی۔ تقابلی جائزوں کے 77 فیصد حصے میں شمسی توانائی سے چلنے والے کھیتوں میں پانی کا اخراج زیادہ پایا گیا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ اگر پانی نکالنے کی حدود مقرر نہ ہوں تو سستی توانائی بے تحاشا پمپنگ کو فروغ دے سکتی ہے۔ لہٰذا صاف توانائی کے فوائد کو پانی کے ذمہ دارانہ استعمال سے مربوط کرنا ضروری ہے۔زیر زمین پانی کے تحفظ اور غذائی ضروریات کے درمیان توازن قائم کرنا بھی اہم ہے۔ 2024ء میں نیچر سسٹین ایبلٹی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، معاون پالیسیوں کے بغیر زیر زمین پانی کے بے جا اخراج کو روکنے سے 2050ء تک دنیا بھر میں مزید 2کروڑ 60 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ پاکستان کیلئے مخصوص پیشگوئی نہیں بلکہ عالمی ماڈل ہے، تاہم اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پانی کے استعمال پر پابندیوں کے ساتھ متبادل انتظامات بھی ضروری ہیں، جن میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنا، آبی ذخائر کی قدرتی بحالی اور زرعی تحقیق و ترقی شامل ہیں۔پاکستان کو اس بحران سے نمٹنے کیلئے جامع اور دور رس آبی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو زیر زمین پانی کی سطح میں کمی والے علاقوں کی نشاندہی، مستقل نگرانی اور مقامی حالات کے مطابق پانی نکالنے کی حدود مقرر کرنی چاہئیں۔ ان ضوابط کی تشکیل میں کسانوں کو اعتماد میں لینا بھی ضروری ہے تاکہ چھوٹے کاشتکاروں پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے۔زرعی شعبے میں پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے کیلئے جدید آبپاشی نظام، مٹی میں نمی برقرار رکھنے کی تدابیر اور کم پانی میں بہتر پیداوار دینے والی فصلوں کو اپنانا ہوگا۔ اسی طرح شمسی ٹیوب ویلوں کے استعمال کیلئے مناسب ضوابط، پانی کے اخراج کی نگرانی اور اضافی شمسی بجلی قومی گرڈ کو فروخت کرنے کی سہولت متعارف کرائی جا سکتی ہے۔ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، قدرتی آبی ذخائر کی بحالی، نہری نظام کی بہتری اور زیر زمین پانی کی دوبارہ بھرائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بھی ناگزیر ہے۔ پاکستان کی قومی آبی پالیسی 2018ء میں بھی پانی کی نگرانی، مؤثر استعمال اور آبی ذخائر کی بحالی پر زور دیا گیا ہے، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار عملی نفاذ پر ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، تحقیقی اداروں، ماہرین اور کسانوں کے درمیان مربوط تعاون ہی اس بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ زیر زمین پانی کوئی لامحدود خزانہ نہیں جسے بے دریغ استعمال کیا جاتا رہے۔ یہ قدرت کی عطا کردہ ایسی نعمت ہے جس کی بحالی ایک طویل قدرتی عمل ہے، جبکہ اس کا غیر محتاط استعمال اسے چند برسوں میں خطرناک حد تک کم کر سکتا ہے۔ پاکستان کی زراعت، غذائی ضروریات اور دیہی معیشت کا مستقبل اسی آبی سرمائے سے جڑا ہوا ہے۔ اس لیے پانی کا تحفظ محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ قومی بقا اور معاشی سلامتی کا تقاضا ہے۔ آج زیر زمین پانی بچانے کیلئے کیے گئے فیصلے ہی کل ہماری زرعی خودکفالت اور غذائی سلامتی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

طنز و مزاح:مشاعروں میں ہوٹنگ کے فوائد

طنز و مزاح:مشاعروں میں ہوٹنگ کے فوائد

مشاعرے تو بہت ہوتے ہیں لیکن ہر مشاعرہ کامیاب نہیں ہوتا اور صرف کامیابی بھی کافی نہیں ہوتی۔ مشاعرہ اچھے نمبروں سے کامیاب ہونا چاہئے۔ ایسی ہی کامیابی سے مشاعروں کا مستقبل روشن ہوتا ہے۔ مشاعروں کی کامیابی کا انحصار اب ہوٹنگ پر ہے۔ ہوٹنگ معرکے کی ہوگی تو مشاعرہ بھی معرکۃ الآرا ہوگا۔ دیکھا گیا ہے کہ بڑے شہروں میں جہاں تعلیم یافتہ لوگ زیادہ پائے جاتے ہیں ہوٹنگ کا معیار اچھا خاصا ہے لیکن اضلاع کے سامعین ہوٹنگ کے معاملے میں ابھی پسماندہ ہیں۔ بعض اضلاع میں اس کا معیار ٹھیک رہا ہے لیکن اس سلسلے میں ابھی انہیں بہت کام کرنا ہے۔ مشاعروں کے سیزن میں اضلاع کے کچھ مندوبین کو بڑے شہروں کے مشاعروں میں حاضر رہنا چاہیے۔مشاعرہ ورک شاپ میں حصہ لئے بغیر اچھی ہوٹنگ نہیں آتی۔ بڑے شہروں میں تو بعض مشاعرے ایسے بھی ہوئے ہیں کہ مشاعرے کے دوسرے دن مشاعرہ گاہ کی چھت کی مرمت کروانی پڑی ہے، اس لئے اب زیر سما مشاعروں کا رواج بڑھتا جارہا ہے۔ زیر سما مشاعروں میں، شاعر تو نہیں لیکن سامعین سماں باندھ دیتے ہیں۔ ایک زمانہ تھا جب مشاعروں میں شاعروں کے کلام کا مقابلہ ہوتا ہے، اب سامعین کے کمال کا مقابلہ ہوتا ہے۔ مشاعرے بھی ٹکٹ سے ہونے لگے ہیں جو ایک لحاظ سے اچھی بات ہے۔لنگر اور مشاعرے میں کچھ فرق ہونا چاہئے۔ لیکن افسوس اس کا ہوتا ہے کہ بڑی قیمت کے ٹکٹ خریدنے والے سامعین، ہوٹنگ میں اتنے جوش وخروش سے حصہ نہیں لیتے جتناکہ پیچھے کی صفوں میں بیٹھنے والے باذوق سامعین محنت اور مشقت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ دنیا میں ہمیشہ یہی ہوتا آیا ہے۔ کمزور طبقے پر زیادہ بار پڑتا ہے۔ بعض منتظمین مشاعرہ جو مشاعرے میں سناٹا چاہتے ہیں یا جنھیں ہوکا عالم پسند ہوتا ہے وہ اونچی قیمت کے ٹکٹ کا مشاعرہ کرتے ہیں یا صرف عطیات کے ذریعہ یہ کام کرتے ہیں۔ایسے مشاعروں میں بھی ہال تو بھر جاتا ہے لیکن مشاعرے کا آنکھوں دیکھا حال ناقابلِ بیان ہوتا ہے۔ ان قیمتی مشاعروں کے سامعین، مشاعرے میں اس طرح بیٹھتے ہیں گویا کسی ڈی لکس سنیما ہال میں بیٹھ کر انگریزی فلم کے مکالمے سمجھنے کی کوشش کررہے ہوں۔ مرد حضرات بار بار اپنے چشمے صاف کرنے اور خواتین اپنے اپنے آنچلوں کو پرچم بنانے کی فکر میں غلطاں وپیچاں رہتی ہیں۔یہ بھی کوئی مشاعرہ سننا ہوا، شاعر آتا ہے جاتا ہے، وہ پڑھتا ہے یا گاتا ہے کسی کو پروا نہیں ہوتی۔ حتی کہ مزاح گو شاعر بھی بے باک سے بے باک شعر سنا کر یوں ناکام، نامراد لوٹتا ہے جیسے شب غم گزار کر جارہا ہو۔ سامعین میں سے کسی کی بھی زبان پر جوں نہیں رینگتی۔ کسی کے دہن مبارک سے ایک آواز آہ یا واہ کی نہیں نکلتی۔ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہ مشاعرہ ہے یا کوئی جلسہ تعزیت۔ اس خاموش مشاعرے اور ایک تعزیتی جلسے میں ایک نمایاں فرق یہ ہوتا ہے کہ سامعین احتراماً سر جھکاکر دو منٹ کیلئے کھڑے نہیں ہوتے۔ کم سے کم یہی کریں۔ شاعروں کو پتہ تو چلے کہ ہال میں جو لوگ تشریف فرماہیں زندہ ہیں اور زندہ ہیں تو بیمار و ناتواں نہیں ہیں۔مدعوئین، عطیہ اور عطیہ دہندگان حضرات اتنے لئے دیئے رہتے ہیں کہ ان کے پاس دینے کو کچھ ہوتا نہیں ہے، شعراء صاحبان تو تعزیتی کلمات کو کلمات خیر سمجھتے ہیں۔ کوئی بھی شاعر طبعاً قنوطی نہیں ہوتا، لیکن اگر سامعین، شعراء سے خوفزدہ ہوکر دم سادھے بیٹھے رہیں تو مشاعرے کے اٹھنے کی بات تو دور رہی، خود شاعروں کا اپنے آپ پر سے اعتماد اٹھ جاتا ہے۔ شاعروں کے کانوں میں کوئی نہ کوئی آواز پڑنی ہی چاہیے۔ آواز ہو یا آوازہ، اس کیلئے اس کی سماعت کا دروازہ کھلا رہتا ہے۔صحیح معنوں میں مشاعرہ وہ ہوتا ہے جب مشاعرہ گاہ میں زندگی رواں دواں ہو، مشاعرہ گاہ میں کیفیت کچھ ایسی ہونی چاہئے، جس سے یہ معلوم ہو کہ شاعروں کو سننے سامعین نہیں آئے، سامعین کا مورچہ آیا ہوا ہے۔ خوبصورت پنڈال جگمگاتا شہ نشین اور جگہ جگہ ایک ہزار کینڈل پاور کے قمقمے یہ سب بیکار ہیں۔ اصل چیز ہے ہوٹنگ۔ مشاعروں میں یہ نہ ہو تو منتظمین مشاعرہ مایوس ہو جاتے ہیں۔ ان کے سارے کئے کرائے پر پانی پھرجاتا ہے۔ جس طرح شاعر مشاعرے کی تیاری کرتے ہیں، اپنی غزل کی دھن بناتے ہیں۔ اس کے کئی ریہرسل کرتے ہیں، اسی طرح سامعین کو بھی باضابطہ تیاری کرنی چاہئے۔ مشاعروں میں یک رخی طریقہ اختیار کرنا ادب دشمنی ہے۔

حکایت سعدیؒ:حاکم کی ذمہ داری

حکایت سعدیؒ:حاکم کی ذمہ داری

بیان کیا جاتا ہے کہ ایران کا مشہور بادشاہ دارا شکار کھیلتا ہوا اس مرغزار میں پہنچ گیا جہاں اس کے گھوڑے چرا کرتے تھے۔ بادشاہ کا لشکر پیچھے رہ گیا تھا، اور اس وقت وہ تنہا تھا۔ گلہ بان نے بادشاہ کو دیکھا تو وہ پیشوائی کیلئے اس کی طرف بڑھا۔ دوسری طرف بادشاہ نے خیال کیا کہ یہ کوئی دشمن ہے جو مجھے تنہا پا کر بری نیت سے میری طرف بڑھا ہے۔ اس نے فوراً کندھے سے کمان اتار لی اور گلہ بان کا نشانہ لے کر تیر چلانے کا ارادہ کیا۔ گلہ بان نے یہ دیکھا تو خوف زدہ ہو کر چلایا، حضور مجھے پہچانیے! میں دشمن نہیں، حضور کے گھوڑوں کی نگرانی کرنے والا گلہ بان ہوں۔ بادشاہ نے اس کی یہ بات سن کر ہاتھ روک لیا اور کہا، تیری قسمت اچھی تھی جو بچ گیا ورنہ میں نے کمان کا چلّہ چڑھا لیا تھا۔ ایک ساعت اور خاموش رہتا تو تیری ہلاکت یقینی تھی۔ گلہ بان نے کہا، حضورِ والا! یہ بہت تعجب کی بات ہے کہ حضور اپنے اس خادم کو نہ پہچان سکے جو کئی بار سلام کیلئے خدمت میں حاضر ہو چکا ہے۔ میں ایک معمولی چرواہا ہوں لیکن اپنے گلے کے ایک ایک گھوڑے کو پہچانتا ہوں۔ حضور والا جس گھوڑے کو طلب فرمائیں، لاکھ گھوڑوں میں سے اسے نکال لاؤں گا۔ اے شہنشاہِ عالی وقار! یہ ہرگز مناسب نہیں کہ حضور اپنی رعایا سے اس طرح غافل ہوں کہ دوست اور دشمن میں تمیز نہ کر سکیں۔ حکمرانی کیلئے لازمی ہے کہ وہ رعایا کے تمام افراد کو اچھی طرح جانتے اور سمجھتے ہوں۔ حکمران کو چاہیے کہ وہ اپنا چھپر گھٹ آسمان پر نہ بچھائے۔ زمین پر اتر کر مظلوموں کے دکھ درد کا حال جانے۔ ہر فریادی کی فریاد اس کے کانوں تک پہنچے۔ اے شہنشاہ! اگر کوئی ظالم کسی پر ظلم کر رہا ہے تو وہ دراصل تیرا ظلم ہے۔ اگر کتا کسی کا دامن پھاڑتا ہے تو وہ دامن کتا نہیں پھاڑتا بلکہ وہ شخص پھاڑتا ہے جو کتے کا مالک ہے۔ چھپر کھٹ نہ اپنا فلک پر بچھازمیں پر اتر عجز سے سر جھکارعایا سے غافل ہو جو حکمراں سلامت نہیں اس کا تختِ رواںغریبوں کا ہو گا اگر دوستدارملے گا تجھے دائمی اقتدارحضرت سعدیؒ نے اس حکایت میں اپنے خاص رنگ میں حکمرانوں کو ان کے اس فرض کی طرف توجہ دلائی ہے کہ ان کے اور عوام کے مابین گہرا رابطہ ہونا چاہیے۔ جو حکمران عوام کے دکھ درد میں دلسوزی کے ساتھ شامل نہ ہو گا، اس کا اقتدار ناپائیدار ہو گا۔

آج تم یاد بے حساب آئے!جمیل الدین عالی ،شعر و ادب کی ہمہ جہت شخصیت(2015-1926)

آج تم یاد بے حساب آئے!جمیل الدین عالی ،شعر و ادب کی ہمہ جہت شخصیت(2015-1926)

٭...20 جنوری 1926ء کو دہلی کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔نام مرزا جمیل الدین احمدجبکہ تخلص عالی تھا۔٭...1951ء میں سی ایس ایس کیا، 1972ء میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔٭...انہوں نے بیک وقت شاعر، ادیب، محقق، کالم نگار کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔٭...وہ ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔جہاں اُنہوں نے کئی مقبول اور یاد گار ملی نغمے اور گیت لکھے تو دوسری طرف دوہے جیسی مترنم اور نغمگی سے بھرپور صنف کو بھی اپنی تخلیقی قوت کے سبب ایک نئی زندگی دی۔اردو میں جدید دوہے کے بانی عالی جی ہی ہیں۔٭... وہ مختلف اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔محکمہ انکم ٹیکس میں افسر، انجمن ترقی اردو کے اعزازی سیکرٹری،نیشنل بنک کے پریزیڈنٹ اور اردو ڈکشنری بورڈ کے چیئرمین رہے۔٭...ان کی شخصیت کا ایک اور روپ کالم نگار کا ہے۔ مقامی اخبار میں پچاس برس تک اپنا کالم ''نقار خانے میں‘‘ لکھتے رہے۔ ٭...ان کی تصانیف میں ''غزلیں، دوہے، گیت‘‘(1957ء)،''لا حاصل‘‘ (1974ء)، 'جیوے جیوے پاکستان‘‘(1974ء)، ''اے مرے دشتِ سخن‘‘(شعری مجموعہ)، ''بس اک گوشۂ بساط‘‘ (خاکہ نگاری)، ''انسان‘‘ (طویل نظم) شامل ہیں۔ ٭...ادبی کتابوں کے علاوہ ان کے سفرناموں میں '' دنیا میرے آگے، تماشا میرے آگے، آئی لینڈ اور حرفے‘‘ شامل ہیں۔ ٭...اردو کے حوالے سے بھی جمیل الدین عالی کی خدمات بہت ہیں۔ انہوں نے ہر دور میں اردو کے نفاذ کا بیڑا اٹھائے رکھا۔٭...1965ء کی جنگ میں وطن عزیز کیلئے کئی ملی نغمے لکھے۔٭... اردو ادب میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1991ء میں صدارتی اعزاز ''پرائیڈ آف پرفارمنس‘‘ اور 2004ء میں ''تمغہ امتیاز‘‘ سے نوازا گیا۔ ٭...1977ء میں سیاست کے میدان میں قدم رکھا، انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے حصہ لیا لیکن ناکام رہے،1997ء میں ایم کیو ایم کی حمایت سے سینٹ کے رکن منتخب ہوئے۔٭...جتنا کام، کامیابیاں، پذیرائی اور محبتیں انہوں نے اپنی زندگی میں سمیٹیں، لوگ ان کا خواب ہی دیکھ سکتے ہیں۔ ٭...عمر کے آخری چند برسوں میں وہ عارضہ قلب سمیت مختلف امراض کا شکار ہو گئے اور 90 سال جینے کے بعد 23نومبر 2015ء کوخالق ِ حقیقی سے جا ملے۔ عالی کے چند اشعارتیرے خیال کے دیوار و در بناتے ہیںہم اپنے گھر میں بھی تیرا ہی گھر بناتے ہیں٭٭٭تم ایسے کون خدا ہو کہ عمر بھر تم سےامید بھی نہ رکھوں ناامید بھی نہ رہوں٭٭٭بکھیرتے رہو صحرا میں بیج الفت کےکہ بیج ہی تو ابھر کر شجر بناتے ہیں٭٭٭ایک عجیب راگ ہے ایک عجیب گفتگوسات سروں کی آگ ہے آٹھویں سر کی جستجو٭٭٭کوئی وعدہ وہ کر جو پورا ہوکوئی سکہ وہ دے کہ جاری ہو٭٭٭جیسے ساحل سے چھڑا لیتی ہیں موجیں دامنکتنا سادہ ہے ترا مجھ سے گریزاں ہونا٭٭٭لازوال ملی نغمے1 ''جیوے جیوے پاکستان‘‘2 ''اے وطن کے سجیلے جوانو!‘‘3 ''اتنے بڑے جیون ساگر میں‘‘4''میرا پیغام پاکستان ‘‘5''ہم تا بہ ابد سعی و تغیر کے ولی ہیں‘‘6''اے دیس کی ہوائو،سرحد کے پار جائو‘‘7''اے مائوں، بہنوں، بیٹیوں‘‘8''میں چھوٹا سا اک لڑکا ہوں‘‘

آج کا دن

آج کا دن

''نیو شیپرڈ‘‘ کی کامیاب آزمائش23نومبر 2015ء کو خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل اس وقت عبور ہوا جب خلائی کمپنی بلیو اوریجن کے تیار کردہ خلائی راکٹ ''نیو شیپرڈ‘‘ نے خلا تک کامیاب پرواز کے بعد زمین پر عمودی انداز میں بحفاظت لینڈنگ کی۔ یہ دنیا کا پہلا راکٹ تھا جس نے خلا میں جانے کے بعد زمین پر واپس آکر عمودی انداز میں کنٹرولڈ لینڈنگ کا مظاہرہ کیا۔ اس کامیابی کو دوبارہ استعمال ہونے والے خلائی راکٹوں کی تیاری میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا گیا۔ڈائنا مائٹ کا پیٹنٹ حاصل کیا گیاالفریڈ نوبل نے دھماکہ خیز مادّہ ڈائنا مائٹ کا پہلا پیٹنٹ 23 نومبر 1867ء کو حاصل کیا۔ یہ ایجاد نوبل کی سب سے اہم سائنسی کامیابیوں میں شمار ہوتی ہے۔ ڈائنامائٹ نے نہ صرف تعمیرات، کان کَنی اور دیگر صنعتی کاموں میں انقلاب برپا کیا بلکہ اس نے دھماکا خیز مادّوں کے محفوظ استعمال کے نئے اصول بھی متعارف کرائے۔اسی ایجاد نے نوبل کو بے پناہ شہرت اور دولت دی اور اسی دولت سے انہوں نے بعد میں نوبل انعامات کی بنیاد رکھی۔عراق بم دھماکے23 نومبر 2006ء کو عراق کے شہر بغداد کے علاقے صدر سٹی میں چھ کار بم دھماکے اور دو مارٹر حملے کئے گئے۔ جن میں215افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔حملوں کے بعد عراقی حکومت نے بغداد میں کرفیو لگا دیا گیا۔ایئر پورٹس کوبند کردیا گیا ۔2003ء کی عراق جنگ کے بعد ان حملوں کو سب سے مہلک حملہ قرار دیا جاتا ہے۔مصری طیارہ اغوا23نومبر1985ء کو ایک دہشت گرد تنظیم نے مصر ی ائیر لائن کی پرواز 648 جو قاہرہ سے ایتھنز کے ایلی نیکن انٹرنیشنل ائیرپورٹ کیلئے طے شدہ پرواز تھی کو اغوا کر لیا۔ طیارے کو بعد ازاں بحیرہ روم کے جزیرے مالٹا میں اتارا گیا، مصری فوج نے جہاز کو بازیاب کروانے کیلئے کمانڈو آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتیں ہوئیں۔ اس وجہ سے فلائٹ648کا اغوا ایوی ایشن کی تاریخ کا مہلک ترین حادثہ تصور کیا جاتا ہے۔میگنڈناؤ قتل عاممیگنڈناؤ قتل 23 نومبر 2009ء کو میگنڈناؤ،فلپائن کے قصبے امپاٹوان میں پیش آیا۔ اس قتل عام کا نام اس قصبے کے نام سے منسوب کیا گیا جہاں متاثریں کی اجتمائی قبریں موجود ہیں۔58افراد بلوآن کے نائب میئر اسماعیل منگوداداتو کیلئے امیدواری فارم جمع کروانے جا رہے تھے جب انہیں اغوا کر نے کے بعد قتل کر دیا گیا۔ مارے جانے والوں میں منگودادا کی بیوی، دو بہنیں، صحافی، وکلاء، معاونین اور ڈرائیور شامل تھے۔پہلا اسمارٹ فون1992ء میں آج کے روز جدید ٹیکنالوجی کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب دنیا کا پہلا اسمارٹ فون متعارف کرایا گیا۔ امریکی کمپیوٹر کمپنی آئی بی ایم (IBM) کا تیار کردہ یہ فون ''آئی بی ایم سائمن‘‘ کہلاتا تھا۔ اسے امریکی شہر لاس ویگاس، ریاست نیواڈا میں منعقد ہونے والی معروف ٹیکنالوجی نمائش ''کامڈیکس‘‘ (COMDEX) میں پیش کیا گیا۔ یہ آلہ موبائل فون اور کمپیوٹر کی متعدد خصوصیات کا حامل تھا، جس نے مستقبل کے اسمارٹ فونز کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔