ہاجرہ مسرور: ایک جرأت مند ادیبہ
اسپیشل فیچر
اردو کی ممتاز افسانہ نگار ہاجرہ مسرور جنھیں خواتین کے حقوق کی علم بردار بھی کہا جاتا ہے کی آج برسی ہے۔ انہوں نے زندگی کے مختلف روپ اور پہلوؤں کو عورت کی نظر سے دیکھتے ہوئے ہمارے سامنے پیش کیا اور عورتوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی۔ اس لحاظ سے انہیں جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔ انھوں نے 15 ستمبر 2012ء کو کراچی میں وفات پائی۔ ان کا تعلق لکھنؤ سے تھا جو قیامِ پاکستان کے بعد ہجرت کر کے لاہور پاکستان آگئی تھیں۔ بعد میں کراچی منتقل ہوگئیں اور اسی شہر میں زندگی کا سفر تمام ہوا۔
ہاجرہ مسرور17جنوری1929ء کو لکھنئو (بھارت) میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد ڈاکٹر ظہور احمد خان برطانوی فوج میں ڈاکٹر تھے۔ ہاجرہ کم عمری میں والد کے دست شفقت سے محروم ہوگئیں اور ان کا کنبہ مالی مسائل کا شکار ہو گیا۔ انھوں نے والدہ کو سخت محنت اور کٹھن حالات کا مقابلہ کرتے دیکھا۔ تاہم والدہ نے بچوں کی تربیت اچھے انداز سے کی اور یہ گھرانا علم و ادب کے حوالے سے پہچانا گیا۔ انھیں شروع ہی سے مطالعہ کی نعمت اور سہولت میسر رہی جس نے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشی۔ لکھنئو میں وہ ایک ایسے مکان میں رہتی تھیں جہاں کتابوں کی بھرمار تھی۔ ان کے گھر بہت سے ادبی جرائد بھی منگوائے جاتے تھے۔ ان بہنوں نے لکھنا شروع کیا اور ان کی کہانیاں جن ادبی جرائد میں چھپتی تھیں ان میں''ادبی دنیا‘‘، ''ہمایوں‘‘، ''ساقی‘‘،'' خیام‘‘ اور'' عالمگیر‘‘ شامل ہیں۔ ہاجرہ کو پانچ کہانیوں کے عوض 15روپے ملتے تھے۔ آزادی سے کچھ عرصہ قبل خدیجہ مستور اور ہاجرہ مسرور نے آل انڈیا ریڈیو کے لکھنئو سٹیشن پر اپنی کہانیاں ریکارڈ کرائیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ابھی وہ ممبئی میں تھیں تو ان کے دو افسانوی مجموعے''چرکے ‘‘ اور ''ہائے اللہ‘‘ شائع ہو گئے تھے۔ ان کی پہلی کتاب سے انہیں40روپے رائلٹی ملتی تھی جبکہ دوسری کتاب سے انہیں 600 روپے ملے۔
قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان پہلے ممبئی سے کراچی آیا اور پھر لاہور شفٹ ہو گیا۔ پاکستان میں ہاجرہ مسرور نے مختلف ادبی جرائد کیلئے لکھنا شروع کیا۔ ان کی کہانیاں ادبی جرائد میں بڑی باقاعدگی سے چھپتی تھیں۔ ادبی حلقوں میں ان کی کہانیوں کو بہت پسند کیا جاتا تھا۔ انہوں نے احمد ندیم قاسمی کے ساتھ ان کے ماہنامہ جریدے کیلئے کام کیا۔ وہ غیر روایتی انداز میں افسانے لکھتی تھیں۔ اس لئے وہ تنازعات کا شکار بھی ہوئیں۔
پاکستان میں ان کے چار افسانوی مجموعے منظر عام پر آئے۔ لاہور میں ان کا افسانوی مجموعہ''سب افسانے میرے‘‘ شائع ہوا جبکہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے ان کی بچوں کی دو کہانیاں شائع کیں۔ ان کہانیوں کے بارے میں یہ متفقہ رائے ہے کہ یہ بہت اعلیٰ پائے کی کہانیاں تھیں۔ وہ اُردو کی مشہور ادیبہ خدیجہ مستور کی چھوٹی بہن تھیں۔ انہیں ادبی دنیا میں ہاجرہ آپا کہہ کر پکارا جاتا تھا۔
ایک مرحلہ ایسا آیا کہ انہوں نے لکھنا چھوڑ دیا اور بڑی خاموشی سے زندگی گزارنا شروع کردی۔ اس کے باوجود ادبی حلقوں میں ان کی کمی بہت محسوس کی جاتی تھی۔ وفات سے کم از کم 20برس قبل انہوں نے لکھنا چھوڑ دیا تھا۔ اصل میں ہاجرہ مسرور پر اپنے شوہر احمد علی خان کی وفات کا بہت اثر ہوا اور پھر وہ نارمل زندگی بسر نہ کر سکیں۔ ایک زمانے میں ان کے فیض احمد فیض کے ساتھ اختلافات پیدا ہو گئے اور کچھ لوگوں نے ان اختلافات کو بہت ہوا دی۔ اس پر بہت سے لوگوں نے ان سے منہ موڑ لیاتھا۔ ان کی ایک چھوٹی بہن عائشہ جمال نے بھی افسانے لکھے لیکن وہ کوئی خاص مقام نہ بنا سکیں۔
ایک دفعہ ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اپنی بہن خدیجہ مستور کی طرح ناول کیوں نہیں تحریر کیے جبکہ خدیجہ مستور نے ناول نویسی کی وجہ سے بہت نام کمایا۔ اس پر ہاجرہ مسرور نے کہا تھا کہ خدیجہ ایسا کر سکتی تھی کیونکہ ان میں صبر بھی تھا اور استقامت بھی۔ اس کے علاوہ ناول لکھنے کیلئے جو ارتکاز درکار ہوتا ہے وہ بھی ان میں بہت تھا جبکہ مجھ میں نہیں۔ ہاجرہ مسرور نے سادہ مگر موثر نثر تحریر کی۔ ان کے استعارے ایک مکمل جہان لیے ہوئے تھے۔ ان کی کردار نگاری میں بھی اتنی ہی لطافت تھی جتنی کہ ان کی علامتوں میں ہوتی تھی۔ پھر ان کا یہ وصف بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ ان کا انداز بیاں نہایت اثر انگیز تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ کہانی لکھنے کا ڈھنگ جانتی تھیں۔ یہ بات حیران کن نہیں کہ اب بھی ان کی کہانیاں پڑھ کر قاری لطف اندوز ہوتا ہے حالانکہ یہ کہانیاں 50اور 60کی دہائی میں لکھی گئی تھیں۔
1962ء میں مجلس ترقی ادب نے انہیں ''رائٹر آف دی ایئر‘‘ ایوارڈ دیا۔ یہ ایوارڈ انہیں ان کے ایک ایکٹ کے ڈراموں کے مجموعے ''وہ لوگ‘‘ پر دیا گیا۔ ان کے ڈراموں کے مجموعوں کے دیباچے فیض احمد فیض اور امتیاز علی تاج نے تحریر کیے تھے۔ ہاجرہ مسرور نے 60 کی دہائی میں ایک فلم کا سکرپٹ لکھا۔ انہوں نے اس فلم کی نہ صرف کہانی لکھی بلکہ مکالمے بھی تحریر کیے۔ انہیں اس فلم کا بہترین سکرپٹ لکھنے پر نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ ''آخری سٹیشن‘‘ کے بعد ہاجرہ مسرور کو دیگر فلموں کی کہانیاں لکھنے کیلئے بھی کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
ہاجرہ مسرور کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک جرأت مند ادیبہ تھیں اور انہوں نے جو لکھا بڑی بے خوفی سے لکھا۔ انہوں نے کبھی مصلحت سے کام نہیں لیا وہ جو لکھنا چاہتی تھیں وہ لکھا اور اپنے اصولوں پر ہمیشہ قائم رہیں۔ انہیں 1995ء میںحکومت کی طرف سے ''تمغہ حسن کارکردگی‘‘ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں نگار ایوارڈ اور عالمی فروغ اردو ادب ایوارڈ بھی دیا گیا۔ ان کے افسانوی مجموعوں میں ''چاند کی دوسری طرف، تیسری منزل، اندھیرے اجالے، چوری، چھپے، ہائے اللہ، چرکے، وہ لوگ‘‘ اور ''طمع‘‘ شامل ہیں۔
اُردو کے ایک ادیب نے ایک جگہ لکھا ہے کہ بہت کم لوگ اس حقیقت سے واقف ہوں گے کہ ہاجرہ مسرور کی ساحر لدھیانوی سے منگنی ہو چکی تھی لیکن پھر یہ منگنی ٹوٹ گئی۔ اس منگنی کے ٹوٹنے کی وجہ بھی بہت دلچسپ بیان کی جاتی ہے۔ ایک ادبی محفل میں ساحر لدھیانوی نے پڑھتے ہوئے تلفظ کی غلطی کر دی جس پر ہاجرہ نے ان پر تنقید کی۔ اس پر ساحر نے ناراضی کا اظہار کیا اور پھر ان کی منگنی ٹوٹ گئی۔ بعد میں ہاجرہ کی شادی معروف صحافی احمد علی خان سے ہو گئی جو ایک مشہور انگریزی اخبار کے ایڈیٹر تھے۔
15ستمبر 2012ء کو ہاجزہ مسرور کا 82ء برس کی عمر میں کراچی میں انتقال ہو گیا۔ حقوق نسواں کی اس علمبردار کا نام زندہ رہے گا۔