ٹھنڈ کا موسم تحفظ ضروری
نزلہ، زکام، کھانسی اور فلو جیسی بیماریاں موسمِ سرما میںعام ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چکن سوپ، رس دار پھل، لہسن، پیاز، ادرک، مچھلی اور کالی مرچ کا کھانے میں استعمال مذکورہ بیماریوں سے بچنے کے لئے انتہائی مفید ہے۔ ماہرین کے مطابق موسم سرما میں ہونے والی بیماریوں سے بچنے کیلئے کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں روزمرہ غذا میں شامل کرکے سردیوں میں ان بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ جن میں قابل ذکر چکن سوپ یا مرغی کا شوربہ ہے۔ یہ ویسے تو ہر موسم میں بہتر غذا ہے لیکن خاص سردی کے موسم میں اس کا استعمال زکام کے وائرس سے بچانے میں بڑی مدد کرتا ہے اور اگر اس میں اُبلی ہوئی سبزیاں (بروکلی، گوبھی، گاجر وغیرہ) بھی شامل کرلی جائیں یعنی سادہ چکن سوپ کی جگہ چکن ویجی ٹیبل سوپ پیا جائے تو اس کے مفید اثرات اور بھی نمایاں ہو جاتے ہیں۔
موسم ِ سرما کے پھل مسمی، نارنگی، کینو وغیرہ اینٹی آکسیڈنٹ خوبیوں سے بھر پور ہوتے ہیں اور ان میں شامل وٹامن سی سردی میں ہماری صحت کے لئے انتہائی مفید ہے لہٰذا ان پھلوں کو اپنی روزانہ کی خوراک کا حصہ بنائیں اور سٹرس فروٹس کے ساتھ ٹماٹر، سرخ مرچ، آلو اور شکرقندی کو بھی اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔
سبز پتوں والی سبزیاں
سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، ساگ، اجوائن کے پتے اور ہری پیاز بھی سرد موسم کی ایسی سوغات ہیں جو ہمیں اندر سے مضبوط بناتی ہیں اور بیماریوں سے لڑنے کی قوت عطا کرتی ہیں۔ سردیوں میں جب مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے تو ایسے کھانے جن میں زنک کی مقدار زیادہ ہو ہمارے لئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ سردی کی آمد کے ساتھ ہی سرد موسم کی سبزیاں اور پھل بھی بازار میں ملنا شروع ہوجاتے ہیں، ان سبزیوں اور پھلوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔
مچھلی
سردی کے موسم میں سی فوڈ یعنی مچھلی شوق سے کھائی جاتی ہیں۔ سردیوں میں مچھلی کھانے کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ طبی ماہرین موسم سرما میں اس کے بھرپور استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ مچھلی میں وافر مقدار میں سیلینیم پایا جاتا ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط کرکے موسم سرما کے دوران نزلہ زکام سے محفوظ رہنے میں مدد دیتا ہے۔
شہد میں شفا ہے
شہد میں شفا ہے جس میں وٹامنز اور منرلز کے ساتھ بے شمار اینٹی آکسیڈنٹ خوبیاں شامل ہیں، جو آپ کے جسم میں موسمی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں۔
خشک میوہ جات
خشک میوہ جات سردی میں کسی اکسیر سے کم نہیں۔ ان کا استعمال صبح کے ناشتے میں کریں تاکہ یہ معدے پر بھاری نہ ہوں اور معدے کو ان کو ہضم کرنے میں آسانی ہو اور جسم سارا دن ان کی توانائی سے مستفید ہوسکے۔
دیسی گھی کا استعمال
دیسی گھی سے متعلق عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ یہ چربی کی وجہ سے نقصاندہ ہے مگر بہت سی میڈیکل تحقیقات کے مطابق خالص دیسی گھی جسم سے بری چکنائی کا خاتمہ کرتا ہے۔ دیسی گھی کا ایک چمچہ روازنہ صبح کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں تاکہ سردی کی خشکی آپ کو متاثر نہ کرے۔
گڑ کا استعمال
گڑ جہاں آپ کے نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے، وہیں یہ جسم کی قوت مدافعت کو مضبوط بنانے میں بھی انتہائی مدد گار ہے۔ اس موسم میں قہوے اور میٹھے کھانے میں چینی کے بجائے گڑ استعمال کریں، خاص طور پر چائے میں ۔
کالی مرچ، اجوائن اور ہینگ
ان تینوں چیزوں کو اپنی روزانہ کی خوراک میں شامل کریں۔ خاص طور پر اپنی چائے اور قہوے میں ان کا استعمال بڑھائیں تاکہ آپ کو ٹھنڈ نہ لگے۔ کالی مرچ، اجوائن اور ہینگ آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو معتدل رکھتی ہیں۔
لہسن کا استعمال
اپنی اینٹی بیکٹریا اور اینٹی وائرل خوبیوں کی وجہ سے لہسن سردی کی سب سے زبردست خوراک ہے، جو بے شمار خوبیوں کے ساتھ ساتھ سردی میں ہماری قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔