یاد رفتگاں:کون ہے یہ گستاخ؟ سعادت حسن منٹو
اسپیشل فیچر
اردو کہانی کو نئی جہت دینے والے عظیم افسانہ نگار
اردو ادب میں افسانے کی دنیا کے بے تاج بادشاہ سعادت حسن منٹوواحد افسانہ نگار ہیں جن کی تلخ مگر سچی تحریریں آج بھی شوق سے پڑھی جاتی ہیں۔ وہ 18جنوری 1955ء کو اس دنیا سے رخصت ہوئے اور آج ان کی 70ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
اردو کہانی کو نئی جہت دینے والے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو نے 11 مئی 1912ء کو ایک کشمیری گھرانے میں آنکھ کھولی۔ابتدائی تعلیم گھر میں ہی حاصل کی اور انہیں چوتھی جماعت میں سکول میں داخل کرایا گیا۔ منٹو کی تعلیمی زندگی پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ اچھے طالب علم نہیں تھے۔ کچھ تو اپنی گوناگوں مصروفیات اور مشاغل کی وجہ سے اور کچھ مالی مشکلات کی وجہ سے وہ تعلیمی میدان میں آگے نہ بڑھ سکے۔ میٹرک کے امتحان میں دو بار ناکام ہوئے مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور تیسری کوشش میں امتحان پاس کر لیا۔کالج کے زمانے میں نوجوان سعادت حسن تعلیم سے زیادہ دوسرے مشاغل میں دلچسپی لیتے تھے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ ایف اے کے امتحان میں دو بار شامل ہونے کے باوجود کامیاب نہ ہو سکے اور ان کی طبیعت مکمل طور پر اوب گئی۔ اس دور میں انہیں جوئے اور نشے کی لت لگی۔ اسی شدید قسم کی ذہنی فکری افراتفری کے عالم میں منٹو کو زندگی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ یہی وہ زمانہ تھا جس نے منٹو کو زندگی کے سنگلاخ حقائق کو سمجھنے میں مدد دی۔
منٹو نے عملی زندگی کا آغاز صحافت سے کیا۔پہلی کہانی''تماشہ‘‘تھی جو جلیانوالہ باغ کے واقعے سے متاثر ہوکر لکھی گئی تھی۔انہوں نے ممبئی میں رہتے ہوئے فلمی رسالوں کی ادارت کی، متعدد فلموں کی کہانیاںاور مکالمے بھی تحریر کیے، ریڈیو سے بھی وابستہ رہے لیکن ان کی شہرت کی اصل وجہ ان کے افسانے بنے۔قیام پاکستان کے بعد وہ لاہور چلے آئے اور اپنی عمر کا آخری حصہ اسی شہر میں بسرکیا ۔
سعادت حسن منٹو نے اپنی 20 برس کی ادبی زندگی میں دو سو سے زائد افسانے،مضامین اور خاکے تحریر کیے۔ان کی مشہور تخلیقات میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، ٹھنڈا گوشت، نیا قانون، نمرود کی خدائی،سڑک کے کنارے اور دھواں نمایاں ہیں۔صرف43برس کی عمر میں دنیا چھوڑ جانے والے منٹو کی موت جگر کے مرض کے باعث ہوئی۔انہیں حکومت کی جانب سے '' نشان امتیاز‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ منٹو کی زندگی پر جہاں بیشمار کتب لکھی جا چکی ہیں وہیں ان کی زندگی پر دو فلمیں بھی بن چکی ہیں۔ ایک فلم پاکستان میں جبکہ دوسری بھارت میں بنائی گئی۔
اردو افسانے میں منٹو کا بلند مقام تسلیم کیا گیا ہے۔ منٹو کی بعض کہانیاں بے شک اخلاقی طور پر قابل اعتراض ہیں لیکن مجموعی طور پر انہوں نے اردو افسانہ نگاری کی روایت کو آگے بڑھانے میں قابل قدر کام کیا۔ قدرت کی طرف سے منٹو کو جدت اور ذہانت کا وافر حصہ نصیب ہوا جس نے ان کے فن کو بلندی پر پہنچا دیا۔
اردو کے معروف ادیب سید وقار عظیم اپنی کتاب ''منٹو کا فن‘‘ میں لکھتے ہیں کہ منٹو کو اس کی حقیقت نگاری، اس کی نفسیاتی موشگافی، اس کی دور بین و دور رس نگاہ، اس کی جرات آمیز اور بے باکانہ حق گوئی، سیاست، معاشرت اور مذہب کے اجارہ داروں پر اس کی تلخ لیکن مصلحانہ طنز اور اس کی مزے دار فقرے بازیوں کی وجہ سے سراہا گیا ہے۔ سیاسی، مذہبی، معاشرتی اور ان سب سے بڑھ کر جنسی زندگی پر اس نے مخصوص اور منفرد انداز سے نظر ڈالی ہے۔ اس پر اسے برا بھلا کہا گیا۔ اس دادِ تحسین اور ہجو و تضحیک میں لوگوں کا جو رویہ رہا ہے اس میں حق پسندی اور توازن بھی ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ افراط و تفریط کا جذبہ غالب آتا ہے۔ تنقید و تبصرہ کے اس سارے کھیل میں جو برسوں سے منٹو کی زندگی اور اس کے افسانوں کے محور پر کھیلا جا رہا ہے، منٹو ایک مثالی ہیرو بھی نظر آتا ہے اور مثالی ولن بھی۔ کچھ نظریں اس بات کی عادی ہو گئی ہیں کہ اسے بس حسن کا مجسمہ سمجھ کر دیکھیں اور کچھ نگاہوں کو اس میں برائیوں کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ حالانکہ اگر غور سے دیکھا جائے تو ان دونوں طرح کے دیکھنے والوں کو جذباتی شدت پسندی نے اصل حقیقت تک پہنچنے اور اس کے کھوٹے کھرے کو پہچاننے کا موقع نہیں دیا۔
سعادت حسن منٹو کے ڈراموں کو بھی بہت پذیرائی ملی۔ ان کے ڈراموں میں بھی ان کا فلسفہ ٔ حیات اپنی پوری توانائی کے ساتھ موجود ہے۔
منٹوبیسویں صدی کا افسانہ نگار: انتظار حسین
ممتاز ادیب اور افسانہ نگار انتظار حسین کے مطابق سعادت حسن منٹو جس عہد میں پیدا ہوئے وہ ایک بھر پور دور تھا اوروہ ہمارے ادب میں نمایاں مقام حاصل رکھتے تھے۔ 1947ء سے پہلے اور اس کے بعد کے منٹو کے ناول لحاف اور بھوک مقبول تھے۔ 1947ء سے پہلے کرشن چندر مقبول افسانہ نگار لیکن اس کے بعد بیدی اور منٹو نے تیزی سے شہرت حاصل کی۔20ویں صدی میں کئی افسانہ نگار پیدا ہوئے لیکن وہ زیادہ مقبول نہیں رہے۔ اسی لئے سعادت حسن منٹو کو 20ویں صدی کا افسانہ نگار قرار دیا گیا۔
منٹو کہانیاں لکھنے کی مشین تھے: شمیم حنفی
ممتاز ادیب، دانشور پروفیسر شمیم حنفی کا کہنا ہے کہ سعادت حسن منٹو بہت ہولناک اور دل میں اتر جانے والی کہانیاں لکھتا ہے۔اس کی انسان دوستی اور درد مندی مثالی تھی۔منٹو پر 300صفحات پر بھارت میں ہندی اور انگریزی میں کتاب بھی شائع کی گئی۔ اب تک ان کی 268کہانیوں کا سراغ ملا ہے، جن میں معاشرے کا عکس نظر آتا ہے۔وہ مسلسل کہانیاں لکھتا ہی چلا جا رہا تھا اور لکھنے کی مشین بنا ہوا تھا۔ سعادت حسن منٹو کے معاصرین میں غلام عباس،بیدی اچھے رائٹرز نظر آتے ہیں۔