آج کا دن

اسپیشل فیچر
سڑکوں پر رہنے والے بچوں کا عالمی دن
سڑکوں پر رہنے والے بچوں کا عالمی دن (International Day for Street Children) ہر سال 12 اپریل کو منایا جاتا ہے۔2011ء میں شروع ہونے والے اس دن کو منانے کا مقصدسڑکوں پر رہنے والے بچوں کے مسائل کو اجاگر کرنا،حکومتوں اور اداروں کو ان بچوں کے حقوق دلانے کیلئے توجہ دلانا اور دنیا بھر میں ایسے بچوں کو تعلیم، صحت، تحفظ اور ایک بہتر زندگی کا حق دلانے کی کوشش کرناہے۔'' سٹریٹ چلڈرن ‘‘انہیں کہا جاتا ہے جوبچے اپنے خاندانوں سے کٹے ہوئے ہوتے ہیں، یاوہ جو گھروں کے باہر سڑکوں، پارکوں، اسٹیشنز یا فٹ پاتھوں پر وقت گزارتے ہیں۔دنیا بھر میں لاکھوں بچے سڑکوں پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور یہ بچے جسمانی، ذہنی اور جنسی استحصال کا شکار ہوتے ہیں۔ ان کے پاس شناختی دستاویزات، تعلیم یا قانونی تحفظ نہیں ہوتا۔
یوری گاگرین نے خلا میں زمین کے گرد چکر لگایا
1961ء میں آج کے روز سوویت خلا باز یوری گاگرین کو خلا کا سفر کرنے والے پہلے انسان ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ ''ووستوک 1‘‘ مشن کا حصہ تھے جس نے زمین کے گرد ایک چکر لگایا۔ یہ دن اب دنیا بھر میں ''انٹرنیشنل ڈے آف ہیومن اسپیس فلائٹ‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔انہیں سوویت یونین کے سب سے بڑے اعزاز''ہیرو آف دی سوویت یونین‘‘ سے نوازا گیا۔یوری گاگرین کا انتقال ایک تربیتی پرواز کے دوران 27 مارچ 1968ء کو ہوا، جب ان کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ اس وقت وہ صرف 34 سال کے تھے۔
400رنز، برائن نے عالمی ریکارڈ قائم کیا
12 اپریل 2004 ء کو ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز برائن چارلس لارا نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش کارنامہ سر انجام دیا۔لارا نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 400 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔یہ اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز تھی، اور یہ ریکارڈ آج بھی برقرار ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ لارا نے اس سے پہلے بھی 1994ء میں 375 رنز بنا کر انفرادی اننگز کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جو بعد میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن نے 2003 ء میں 380 رنز بنا کر توڑا۔لیکن پھر برائن لارا نے ایک سال بعد 2004ء میں اپنا ہی ریکارڈ واپس لے لیا اور 400 ناٹ آؤٹ کے ساتھ دنیا کو حیران کر دیا۔