آج کا دن
اسپیشل فیچر
دوسری جنگ عظیم کا خاتمہ ہوا
دوسری جنگ عظیم کے دوران جرمنی نے7 مئی 1945ء کو ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کیا ۔ یہ فیصلہ ایک قانونی دستاویز کے تحت کیا گیا۔ نازی جرمنی کے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے سے دوسری جنگ عظیم کا خاتمہ ہوا۔ معاہدے پر 8 مئی 1945ء کوبرلن میں تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور اتحادی افواج کے نمائندگان نے ایک ساتھ دستخط کیے ۔ سوویت ریڈ آرمی کی سپریم ہائی کمان کے ساتھ، مزید فرانسیسی اور امریکی نمائندوں نے بطور گواہ دستخط کیے۔ یورپ کے بیشتر حصوں میں 8 مئی ''یوم فتح ‘‘کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یورپی تاریخ کا پہلا وفاقی اجلاس
دی ہیگ کانگریس یا یورپ کی کانگریس، جسے بہت سے لوگ یورپی تاریخ کا پہلا وفاقی اجلاس بھی تصور کرتے ہیں، 7 مئی 1948ء کو ہیگ میں منعقد ہوا۔ جس میں یورپ بھر سے 750 مندوبین کے ساتھ کینیڈا اور امریکہ کے مبصرین نے بھی شرکت کی۔ جوزف ریٹنگر کے زیر اہتمام کانگریس نے ایک وسیع سیاسی میدان سے نمائندوں کو اکٹھا کیا۔ انہیں یورپی سیاسی تعاون کی ترقی کے بارے میں خیالات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس تاریخی کانفرنس نے یورپی ترقی پر گہرے اثرات مرتب کئے۔
ایران میں شدید زلزلہ
7مئی1930ء کو ایران کے مغربی صوبہ سلماس میںخوفناک زلزلہ آیا۔ اس زلزلے کو ایران کے بدترین زلزلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کی شدت 7.1 تھی۔ ماہرین زلزلہ اور زلزلہ پیما تنظیموں کی رپورٹس بتاتی ہیں کہ شمال مغربی ایران اور جنوب مشرقی ترکی میں 3ہزار تک ہلاکتیں ہوئیں۔سلماس کے میدان اور آس پاس کے پہاڑی علاقوں میں 60 دیہات تباہ ہو گئے ۔آفٹر شاکس نے بھی بہت تباہی مچائی ۔
مصر ایئر لائن حادثہ کا شکار
2002ء میں آج کے روز مصر ایئر لائن کی پرواز 843 حادثہ کا شکار ہوئی۔ یہ قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تیونس کی ایک معمول کی پرواز تھی جو تیونس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھند اور بارش کے باعث ایک پہاڑی سے ٹکرا گئی۔ جہاز میں عملے کے 6 ارکان اور 56 مسافرموجود تھے۔ جن میں سے 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 عملے کے ارکان اور 11 مسافرشامل تھے ۔