آج کا دن
اسپیشل فیچر
کرسمس جنگ بندی
24 دسمبر 1914ء کو پہلی جنگِ عظیم کے دوران ایک غیر معمولی اور انسانی جذبوں سے بھرپور واقعہ پیش آیا جسے تاریخ میں کرسمس ٹروُس کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یورپ کے مغربی محاذ پر برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی افواج ایک دوسرے کے آمنے سامنے خندقوں میں موجود تھیں۔ جنگ کے ابتدائی مہینوں میں شدید جانی نقصان کے بعد کرسمس کے موقع پر، خاص طور پر 24 دسمبر کی رات، جرمن خندقوں سے کرسمس کے گیت گونجنے لگے۔25 دسمبر تک کئی مقامات پر دونوں جانب کے سپاہی خندقوں سے نکل آئے، ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا، سگریٹ، چاکلیٹ اور تحائف کا تبادلہ کیا۔
معاہدہ گینٹ پر دستخط
24 دسمبر 1814ء کو بلجیم کے شہر گینٹ میں ایک اہم سفارتی معاہدہ طے پایا جس نے امریکہ اور برطانیہ کے درمیان 1812ء کی جنگ کا خاتمہ کر دیا۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے جنگ سے پہلے کی سرحدی حیثیت بحال کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ معاہدہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کی بنیاد بنا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس وقت مواصلاتی نظام سست ہونے کے باعث معاہدے پر دستخط کے بعد بھی چند ہفتوں تک لڑائی جاری رہی اور جنوری 1815ء میں نیو اورلینز کی جنگ لڑی گئی حالانکہ جنگ باضابطہ طور پر ختم ہو چکی تھی۔
سوویت یونین کا افغانستان پر حملہ
24 دسمبر 1979ء کو سوویت یونین نے افغانستان میں فوجی مداخلت کا آغاز کیا۔ اسی دن سوویت افواج افغانستان میں داخل ہوئیں اور چند روز بعد کابل پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا۔اس حملے کے نتیجے میں افغان حکومت کے صدر حفیظ اللہ امین کو ہٹا کر ببرک کارمل کو اقتدار میں لایا گیا۔ سوویت مداخلت کے خلاف افغانستان میں شدید مزاحمت شروع ہوئی جسے بعد ازاں جہاد کے نام سے جانا گیا۔یہ جنگ تقریباً دس سال تک جاری رہی بالآخر 1989ء میں سوویت افواج افغانستان سے واپس چلی گئیں۔ یہ مداخلت نہ صرف افغانستان بلکہ عالمی سیاست، سرد جنگ اور بعد ازاں سوویت یونین کے زوال پر بھی گہرے اثرات چھوڑ گئی۔
لیبیا کی آزادی
24 دسمبر 1951ء کو لیبیا باضابطہ طور پر ایک آزاد ریاست بن گیا۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد لیبیا اطالوی نوآبادیات سے نکل کر برطانوی اور فرانسیسی انتظام کے تحت آ گیا تھا۔ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں ایک طویل سیاسی عمل کے بعد آزادی کا راستہ ہموار ہوا۔آزادی کے اعلان کے ساتھ ہی شاہ ادریس السنوسی کو لیبیا کا پہلا بادشاہ مقرر کیا گیا۔
اپالو 8 کا کرسمس ایو مشن
24 دسمبر 1968ء کو امریکی خلائی مشن اپالو 8 نے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ یہ پہلا انسانی خلائی مشن تھا جس نے زمین کے مدار سے نکل کر چاند کے گرد چکر لگایا۔ اسی دن اپالو 8 کے خلا بازوں فرینک بورمن، جم لوول اور ولیم اینڈرزنے چاند کے مدار سے زمین پر براہِ راست نشریات کیں۔اس دوران خلا بازوں نے زمین کے طلوع کا تاریخی منظر دکھایا اور بائبل کی کتاب پیدائش کی ابتدائی آیات تلاوت کیں، جس نے دنیا بھر کے کروڑوں ناظرین کو جذباتی طور پر متاثر کیا۔