آج کا دن
اسپیشل فیچر
''عالمی یوم عجائب گھر‘‘
18مئی کو دنیا بھر میں ''عالمی یوم عجائب گھر‘‘ منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کی منظوری اقوام متحدہ نے 1977ء میں ماسکو میں ہونے والے اجلاس میں دی تھی جس کی سفارش عجائب گھروں کی تنظیم انٹرنیشنل کونسل آف میوزیم نے کی تھی اور 1978ء سے یہ دن ہر سال باقاعدگی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے عوام میں تہذیب اور تاریخ کے ساتھ ماضی کو محفوظ رکھنے اور اس کے مسلسل مطالعے کا شعور پیدا کرنا ہے۔
وکسبرگ کا محاصرہ
امریکی خانہ جنگی کے دوران 18 مئی 1863ء میں وکسبرگ کا محاصرہ ایک بڑی فوجی کارروائی تھی۔ ٹینیسی کی فوج نے دریائے مسیسیپی کو عبور کیا اور لیفٹیننٹ جنرل جان سی پیمبرٹن کی قیادت میں کنفیڈریٹ آرمی آف مسیسیپی کو چاروں طرف سے دفاعی محاصرے میں لے لیا۔ وِکسبرگ دریائے مسیسیپی پر کنفیڈریٹ کا آخری بڑا گڑھ تھا۔ لہٰذا اس پر قبضہ کرنے سے شمالی حکمت عملی، ایناکونڈا پلان کا دوسرا حصہ مکمل ہوا۔ چالیس دن کے بعدسامان ختم ہونے پر گیریژن نے ہتھیار ڈال دیے۔
تاتاریوں کی جلاوطنی
کریمیائی تاتاریوں کی جلا وطنی دراصل ایک ثقافتی نسل کشی تھی جوجوزف سٹالن کی جانب سے سوویت ریاستی پولیس کی سربراہی میں کی گئی۔18مئی 1944ء کو تاتاری بچے، بوڑھوں اور خواتین کو جلاوطن کرنے کیلئے مویشی لے جانے والی ٹرینوں کا استعمال کیا گیا۔تمام لوگوں کو سوویت افواج کی سربراہی میں روانہ کیا گیا۔یہ لوگ ان متعدد نسلوں میں سے ایک تھے جو سوویت یونین میں سٹالن آبادی کی منتقلی کی پالیسی میں شامل تھے۔اصل میں اس جلاوطنی کا مقصد ان تاتاریوں کو سزا دینا تھا جن پر نازی جرمنی کا ساتھ دینے اور تعاون کرنے کا الزام تھا۔جلاوطنی کے دوران تقریباً دو لاکھ افرادکا قتل عام کیا گیا۔
پائلٹ جیکولین کوچران کا ریکارڈ
جیکولین کوچران کا شمار امریکی ریسنگ پائلٹس میں ہوتا ہے۔ جیکولین نے متعدد ریکارڈ اپنے نام کئے۔ 18 مئی 1953ء کو آواز کی رفتار کو عبور کرنے والی یہ دنیا کی پہلی خاتون پائلٹ تھیں۔ان کا شمار امریکہ کی ان خواتین میں ہوتا ہے جنہوں نے جنگی حالات میں بھی جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کر رکھی تھی۔
جاسوس کو سزائے موت
الیاہو بین شاوّل کوہن جسے عرف عام میں ایلی کوہن کہا جاتا ہے، ایک مصری نژاد اسرائیلی جاسوس تھا۔ وہ شام میں 1961ء سے 1965ء تک اپنی جاسوسی کیلئے مشہور تھا۔ جہاں اس نے شام کے سیاسی اور فوجی رہنماؤں کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے تھے۔شامی کاؤنٹر انٹیلی جنس نے بالآخر جاسوسی کا پردہ فاش کیا اور کوہن کو اپنے قانون کے مطابق مجرم ٹھہرایا۔ اسے 18مئی 1965ء کو سزائے موت سنائی گئی اور سرعام پھانسی دی گئی۔