یادرفتگاں: رنگ کا بادشاہ باکسر محمد علی

اسپیشل فیچر
دنیا کی باکسنگ کی تاریخ میں اگر کسی ایک نام کو بے مثال عظمت، بے خوف حوصلے اور بے بدل شخصیت کی علامت قرار دیا جائے تو وہ نام محمد علی کا ہے۔ ایک ایسا باکسر جو صرف رنگ کا چیمپئن نہ تھا، بلکہ ضمیر، وقار اور انصاف کی لڑائی میں بھی فاتح رہا۔ ''I am the greatest ‘‘کا نعرہ لگانے والا یہ شخص نہ صرف اپنی بے مثال مہارت اور رفتار سے دنیا کو حیران کرتا رہا بلکہ نسلی امتیاز، جنگ اور انسانی حقوق جیسے حساس معاملات پر اپنے بے باک مؤقف کے باعث عالمی سطح پر ایک طاقتور آواز بن کر ابھرا۔ محمد علی کی کہانی صرف کھیل کی نہیں، ایک عظیم انسان کی ہے، جس نے شہرت، دولت اور طاقت کو اصولوں کے تابع رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی انہیں کھیل، سیاست، سماج اور انسانیت، ہر میدان میں ایک ناقابلِ فراموش علامت کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
17 جنوری 1942ء کو مسیحی خاندان میں پیدا ہونے والے محمد علی کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر تھا۔ 1964ء میں اسلام قبول کرنے کے بعد نام محمد علی رکھ لیا۔محمد علی کے دل میں بچپن سے ہی کچھ کرنے کی امنگ تھی ،کچھ نیا کرنے کی۔تاہم ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ایک دن وہ عظیم ترین باکسر بن جائیں گے۔دوسرے سیاہ فاموں کی طرح وہ بھی کسی اچھے بزنس کی تلاش میں تھے۔ بارہ برس کی عمرمیں وہ سیاہ فاموں کو برگر، سموسے اور پاپ کارن کا بزنس سکھانے کیلئے بلائے گئے ایک اجلاس میں شریک ہوئے۔ سرخ اور سفید رنگ کی پسندیدہ بائیک باہر کھڑی کر کے خوداندر چلے گئے۔ واپسی پربائیک کو غائب پایا۔ کوئی چور لے اڑا تھا۔ قریبی موجود''کولمبیا جم‘‘ کے مالک نے انہیں پولیس سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ اپنی خود نوشت میںمحمد علی لکھتے ہیں کہ ''میں بائیک کی تلاش میں ہر جگہ دوڑ رہا تھا۔وہ تو نہ ملی لیکن ایک رنگ میں ہونے والے باکسنگ میچ کی آوازیں ضرور سنائی دیں اورمیں باکسنگ رنگ کی جانب لپکا۔ یہ آواز میرے دل کو اس قدر بھائی کہ میں بائیک کو بھول گیا‘‘۔ جم کے مالک نے ان کا کندھا تھپتھپاتے ہوئے کہا، اگر آپ بھی باکسنگ کھیلنا چاہتے ہیں تو یہ رہا فارم!۔
پہلی بار وہ ایک بڑے باکسر سے مقابلے کیلئے رنگ میں اترے۔ اس تجربہ کار باکسر نے مار مار کران کی ناک موٹی کر دی تھی، جگہ جگہ سے کھال پھٹ گئی تھی اور خون رس رہا تھا۔ ایک ہی منٹ میں ایسی درگت بنی کہ انہیں رنگ سے نکال دیا گیا۔ یہی وہ وقت تھا جب انہوں نے ہر کسی کو ہرانے کا عزم کیا تھا۔ وہ ایک ہی رائونڈ میں باکسنگ کی باریکیاں سمجھ گئے تھے۔ ٹھیک چھ ہفتے بعد وہ دوبارہ رنگ میں اترے۔ مقابلے پر تجربہ کار باکسر رونی او کیفی تھے لیکن محمد علی فاتح بن کر نکلے۔یہ مقابلہ ان کی ریاست کینٹکی میں ٹی وی پر دکھایا گیا،شہر بھر میںان کے نام کا ڈنکا بجنے لگا۔ان کے والد کاسیئس کلے سینئر نے محمد علی کی باکسنگ کا انداز دیکھتے ہی کہہ دیا تھا ''میرا بیٹا مستقبل کا عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن بنے گا!‘‘۔
1954ء میں پہلے اہم مقابلے میں کامیابی کے بعدانہیں عالمی چیمپئن بننے کا یقین ہو گیا تھا۔ انہیں پہلی انٹرنیشنل فتح اٹھارہ سال کی عمر میں نصیب ہوئی، جب انہوں نے 1960ء کے اولمپک مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتا۔
محمد علی کونسل پرستی کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنا کریئر جاری رکھا اور بڑے بڑے باکسر کو رنگ میں چاروں شانے چت کر دیا۔ 22 سالہ محمد علی نے 1964ء میں دنیائے باکسنگ کے خطرناک ترین کھلاڑی سونی لسٹن کو شکست دے کر بے پناہ شہرت حاصل کی۔باکسر محمد علی نے اپنے کریئر میں 61 مقابلے لڑے جس میں انہوں نے 56 میں کامیابی حاصل کی جبکہ صرف 5 مقابلوں میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنے مجموعی مقابلوں میں سے37 مقابلوں میں انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔ وہ 1964ء، 1974ء اور 1978ء میں باکسنگ کے عالمی چیمپئن رہے۔
محمد علی لیجنڈ باکسر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درد مند انسان بھی تھے اور معاشرے میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سراپا احتجاج رہتے تھے۔ 1960ء کی دہائی میں وہ سیاہ فارم آزادی کے علمبردار تھے۔ ویت نام جنگ کے دوران 28 اپریل 1967ء کو محمد علی نے امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد انہیں ان کے اعزاز سے محروم کر کے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد علی کو سزا سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔
''ہالی وڈ واک آف فیم‘‘ میں شامل واحد شخصیت تھے جن کے نام کا ستارہ زمین کے بجائے دیوار پر لگایا گیا۔ محمد علی نے کہا تھا ان کے نام میں حضورﷺ کا نام آتا ہے اسے زمین پر کندہ نہیں کیا جائے۔
جب انہوں نے اسلام قبول کر لیا تو باکسنگ رنگ میں بھی کسی کی پرواہ کئے بغیر رب کریم کے سامنے سر جھکا دیتے تھے،پہلے نماز کا فرض ادا کرتے۔ محمد علی نماز کی ادائیگی کے بعد ہی رنگ میں اترتے تھے۔وہ دیر تک اس دیوار کو چومتے رہتے، جس دیوار پر رب کریم یا حضرت محمد ﷺ کا مبارک نام لکھا ہوتا تھا۔
20 صدی کے عظیم باکسر محمد علی کو 1984 میں پارکنسنز نامی بیماری کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہوں نے باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا اور 2016ء میں 3 جون کو وہ اسی بیماری سے لڑتے ہوئے انتقال کرگئے۔ آج بھی عظیم باکسر کے مداح انہیں یاد کرتے ہیں اور ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔