تاشقند چار سو بازار
اسپیشل فیچر
چار سو ُبازار نہ صرف ازبکستان بلکہ پورے سنٹرل ایشیا میں ایک قدیم اور سب سے بڑا بازار ہے۔یہ بازار تاشقند شہر کی مرکزی شارع البیرونی کے کنارے تاریخی مدرسہ ککلداش اور مشہور خوبصورت ہوٹل چار سو کے قریب واقع ہے۔یہ بازار ایک صدی سے بھی زیادہ پرانا ہے۔اس بازار کے گنبد کا قطر 1148 فٹ ہے جو درمیان میں بغیر کسی ستون کے کھڑا ہے۔
اتنے بڑے قطر کا گنبد سارے وسطی ایشیاء میں اور کہیں نظر نہیں آتا۔ گنبد کے اوپر ہلکے فیروزی رنگ کی چھوٹی چھوٹی ٹائیلوں سے خوبصورت بیل بوٹے بنائے گئے ہیں۔اس خوبصورت گلکاری کو دیکھ کر انجینئرز اور کاریگروں کی اعلیٰ مہارت کا فن عروج پر نظر آتا ہے۔
یہ بازار تین منزلہ ہے جبکہ ایک تہہ خانہ بھی موجود ہے۔پہلی منزل کے سارے فلور پر دائروں کی شکل میں کاؤنٹر بنائے گئے ہیںجو کہ ماربل کے پتھر سے تیار کیے گئے ہیں۔ اس منزل میں تازہ سبزیاں، فروٹ، گوشت، دودھ، دہی،پنیر اور ان سے بنی ہوئی دوسری اشیاء دستیاب ہیں۔گرم گرم تازہ نان، شہد اور گرم مصالحے بھی اسی فلور پر فروخت ہوتے ہیں۔اوپر کی منزل پر ہرطرح کا ڈرائی فروٹ جن میں کشمش،خشک خوبانی، بادام، اخروٹ، پستہ ڈھیروں کی شکل میں گاہکوں کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
چار سُو بازار شہر کے وسطی حصہ میں واقع ہے۔ یہاں پر بس،ٹرام،میٹرو اور ٹیکسی کے ذریعے پہنچا جا سکتا ہے لیکن ان میں تاشقند میٹرو باکفایت، آرام دہ اور کم وقت لینے والا بہترین ذریعہ ہے۔ شہر کے کسی بھی حصے سے آپ میٹرو میں سوار ہو جائیں دس پندرہ منٹ بعد آپ چار سُو میٹرو سٹیشن پر ہوں گے جوکہ زیر زمین ہے۔جب آپ میٹرو سٹیشن سے باہر آئیں گے تو چارسُو بازار آپ کے سامنے ہوگا۔بڑے میدان کی ایک طرف ازبک بازیگر اپنے شاندار کرتبوں سے حاضرین کو محظوظ کر رہے ہوں گے۔اس بازار کے اندر اور باہر کم وبیش ایک ہزار دکانیں موجود ہیں۔ فرنیچر، لباس، قالین، بچوں کے جُھولے،دلہا دلہن کے عروسی لباس بھی دستیاب ہیں۔
سوونیئر سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے چار سُو بازار بہترین جگہ ہے۔چائے خانے بھی موجود ہیں۔ غرضیکہ چار سُو بازار اس علاقے کے آئینہ کی طرح ہے جہاں ایک ہی جگہ آپ کو شہر کی ثقافت بھرپور انداز میں نظر آتی ہے۔اگر آپ کسی مشرقی بازار کو حقیقی رنگ میں دیکھنا چاہتے ہوں تو چار سُوبازار آپ کا صحیح انتخاب ہے۔