ہارٹ اٹیک سے بچائو کیلئے یومیہ کتنے کپ کافی پینا مفید!
اسپیشل فیچر
کہا جاتا ہے کہ ''روزانہ ایک کپ کافی ڈاکٹر سے دور رکھ سکتی ہے‘‘۔ امریکی محققین نے دریافت کیا ہے کہ کافی پینے والوں کے دل زیادہ صحت مند ہوتے ہیں، جس سے ان میں دل کی اچانک موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ کافی کے مخصوص مقدار میں استعمال سے اچانک دل کے دورے سے ہونے والی موت (Sudden Cardiac Death) کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ یہ تحقیق کافی کے شوقین افراد کیلئے نہ صرف خوشخبری ہے بلکہ دل کی صحت سے متعلق عالمی سطح پر جاری تشویش کے تناظر میں ایک مثبت پیش رفت بھی ہے۔
کافی کا یہ فائدہ صرف ایک کپ پینے سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ وہ بغیر دودھ اور چینی کے، سادہ (بلیک) کافی ہو۔ البتہ جن افراد نے روزانہ دو سے تین کپ کافی پی، ان میں سب سے زیادہ فائدہ دیکھا گیا ان کا خطرہ تقریباً پانچویں حصے تک کم ہو گیا۔
یہ نتائج 46 ہزار سے زائد افراد پر کی گئی ایک تحقیق سے حاصل کیے گئے، تحقیق میں ان کے طبی ریکارڈز اور عادات کا تجزیہ کیا گیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے والے افراد میں اچانک دل کی بندش سے موت کے امکانات ان افراد کی نسبت کہیں کم ہوتے ہیں جو کافی بالکل نہیں پیتے۔
بوسٹن کی ٹفٹس یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی غذائی ماہر پروفیسر فینگ فینگ ژانگ نے کہا: ''کافی دنیا بھر میں سب سے زیادہ پی جانے والی مشروبات میں شامل ہے، چونکہ تقریباً نصف امریکی بالغ افراد روزانہ کم از کم ایک کپ کافی پیتے ہیں، اس لیے یہ جاننا اہم ہے کہ اس کا صحت پر کیا اثر پڑتا ہے‘‘۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی میں موجود قدرتی اجزا جیسے کیفین (Caffeine)، پولی فینولز (Polyphenols) اور اینٹی آکسیڈنٹس (Antioxidants) دل کی شریانوں کو مضبوط بنانے، سوزش کو کم کرنے اور دل کی دھڑکن کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق کافی کا فائدہ خاص طور پر ان درمیانی عمر کے افراد میں زیادہ دیکھا گیا جو متوازن طرزِ زندگی کے ساتھ کیفینی مشروبات کا اعتدال میں استعمال کرتے ہیں۔ تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ دل کے پہلے سے مریض افراد یا وہ لوگ جو کیفین کیلئے حساس ہوتے ہیں، انہیں اس حوالے سے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔ کینیڈا میں واقع ایک معروف یونیورسٹی کے ماہر قلب ڈاکٹر ایڈورڈ لین کا کہنا ہے:ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کافی کوئی جادوئی دوا ہے، لیکن اس کے درست مقدار میں استعمال سے دل کی صحت پر مثبت اثرات ضرور پڑ سکتے ہیں۔
یہ تحقیق ایک اہم سوال کا جواب فراہم کرتی ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں ہم اپنی خوراک میں کون سی چیزیں شامل کر کے دل کی اچانک بندش جیسے جان لیوا خطرات سے بچ سکتے ہیں۔ روزانہ دو سے تین کپ کافی پینا نہ صرف محفوظ ہے بلکہ دل کیلئے مفید بھی ہو سکتا ہے، بشرطیکہ اس کا استعمال اعتدال سے کیا جائے اور صحت کے دیگر اصولوں کو بھی مدِنظر رکھا جائے۔
احتیاط بھی ضروری!
سائنسدانوں نے واضح کیا ہے کہ زیادہ مقدار میں کافی پینا فائدے کے بجائے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
دن میں 5 یا اس سے زائد کپ کافی پینا نیند کی خرابی، بلڈ پریشر میں اضافہ اور بے چینی جیسے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ اسی لیے اعتدال کے ساتھ استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔