مصنوعی ذہانت نے انسانی تاریخ کے تخلیقی عمل میں ایک غیر معمولی مداخلت کی ہے۔ یہ مداخلت بیک وقت امکانات سے بھرپور بھی ہے اور خطرات سے لبریز بھی۔ ایک طرف اے آئی نے اظہار کے نئے ذرائع فراہم کیے ہیں، تو دوسری طرف اس نے ڈیجیٹل دنیا کو ایسے غیر معیاری، بے روح اور خودکار مواد سے بھر دیا ہے جسے ماہرین ''اے آئی سلاپ‘‘ (AI Slop) کا نام دیتے ہیں۔ Merriam-Webster ڈکشنری نے Slop کو 2025 ء کا Word of the Year قرار دیا ہے۔جس کا مطلب ہے مصنوعی ذہانت کے ذریعے عام طور پر بڑی مقدار میں تیار کردہ کم معیار کا ڈیجیٹل مواد۔ یہی وہ پس منظر ہے جس میں انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسری کے حالیہ بیانات غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔پی سی میگ (PC Mag) کو دیے گئے انٹرویو میں موسری نے کھلے الفاظ میں اعتراف کیا کہ سوشل میڈیا اس وقت ایک ایسے نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں اصلی اور مصنوعی مواد کے درمیان حدِ فاصل تیزی سے مٹتی جا رہی ہے۔ ان کے بقول، اصل مسئلہ یہ نہیں کہ اے آئی مواد تخلیق کر رہی ہے، بلکہ یہ ہے کہ یہ مواد انسانی تخلیق کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے اور یہی دھوکا پورے ڈیجیٹل ماحول کو کھوکھلا کر رہا ہے۔مواد کی بہتات،معیار کی قلتآج انسٹاگرام، فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر ایسی تصاویر، ویڈیوز اور تحریریں عام ہو چکی ہیں جو چند لمحوں میں الگورتھمز کے ذریعے تیار ہوتی ہیں۔ یہ مواد بظاہر دلکش، چمک دار اور متاثر کن ہوتا ہے مگر اس میں انسانی تجربے، احساس اور فکری گہرائی کا فقدان نمایاں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موسری اس دور کوAI Slop Era قرار دیتے ہیں،ایک ایسا دور کہ جس میں مواد کی کثرت نے معیار اور معنویت کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان بلا روک ٹوک جاری رہا تو سوشل میڈیا انسانی اظہار کا پلیٹ فارم نہیں رہے گا بلکہ ایک خودکار مشین بن جائے گا جہاں تخلیق نہیں بلکہ محض پیداوار ہو گی۔ ایسے ماحول میں حقیقی تخلیق کار جو وقت، محنت اور مہارت سے اپنا کام کرتے ہیں آہستہ آہستہ نظروں سے اوجھل ہو جائیں گے۔شناخت کا نیا زاویہایڈم موسری نے اس بحران کے حل کے لیے ایک نسبتاً حقیقت پسندانہ اور تکنیکی تجویز پیش کی ہے۔ ان کے مطابق اے آئی مواد کو پہچاننے اور روکنے سے زیادہ مؤثر راستہ یہ ہو سکتا ہے کہ انسانی تخلیق کی تصدیق کی جائے۔ یعنی یہ ثابت کیا جائے کہ کوئی تصویر، ویڈیو یا پوسٹ واقعی کسی انسان نے تخلیق کی ہے نہ کہ کسی خودکار سسٹم نے۔یہ تصور ڈیجیٹل دنیا میں ایک بنیادی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ اب تک کوشش یہ رہی ہے کہ جعلی یا مصنوعی مواد کو شناخت کر کے ہٹایا جائے مگر موسری کا خیال ہے کہ مستقبل میں توجہ ''اصلی‘‘ مواد کی فنگر پرنٹنگ پر ہونی چاہیے۔ اگر انسانی تخلیق کو کسی مستند تکنیکی نشان کے ذریعے ممتاز کر دیا جائے تو صارف خود یہ فیصلہ کر سکے گا کہ وہ کس مواد پر اعتماد کرے۔انسانی تخلیق کاروں کے لیے نئے ٹولزانسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسری یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ صرف لیبلنگ یا تصدیق کافی نہیں ہو گی، اسی لیے انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ پلیٹ فارم پر ایسے نئے تخلیقی ٹولز متعارف کرائے جائیں گے جو انسانی تخلیق کاروں کو اے آئی کے مقابل کھڑا کر سکیں، نہ کہ انہیں مکمل طور پر بے دخل کر دیں۔اُن کے مطابق مستقبل کا ماڈل یہ نہیں ہو گا کہ اے آئی انسان کی جگہ لے لے بلکہ یہ ہو گا کہ اے آئی انسان کی معاون بنے۔ ویڈیو ایڈیٹنگ، مواد کی پیشکش اور سٹوری ٹیلنگ میں ایسے ٹولز فراہم کیے جائیں گے جن میں کنٹرول انسان کے ہاتھ میں رہے، تاکہ تخلیق کا مرکزی کردار برقرار رہے۔اخلاقی اور سماجی مضمراتیہ معاملہ محض ٹیکنالوجی کا نہیں بلکہ اخلاقی اور سماجی سوال کا بھی ہے۔ اگر ہر خوبصورت تصویر، ہر متاثر کن ویڈیو اور ہر جذباتی تحریر کے پیچھے الگورتھم ہو تو پھر انسانی محنت کی قدر کہاں باقی رہے گی؟ نوجوان تخلیق کار جو برسوں مشق کر کے اپنی شناخت بناتے ہیں وہ کیسے ان مشینوں کا مقابلہ کرسکیں گے جو سیکنڈوں میں ہزاروں پوسٹس تیار کر سکتی ہیں؟پاکستان جیسے ممالک میں جہاں سوشل میڈیا صحافیوں، فوٹوگرافروں، فنکاروں ، وی لاگرز اور دیگر حلقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے اظہار کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے، یہ مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے۔ اگر پلیٹ فارمز نے انسانی تخلیق کو تحفظ نہ دیا تو ڈیجیٹل معیشت چند بڑی اے آئی کمپنیوں کے ہاتھ میں مرکوز ہو کر رہ جائے گی۔ایڈم موسری کے بیانات اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا انڈسٹری اب خطرے کو سنجیدگی سے محسوس کرنے لگی ہے۔ ''اے آئی سلاپ‘‘ کے خلاف یہ پہلا واضح اعتراف ہے کہ بے قابو مصنوعی مواد نہ صرف صارف کے تجربے کو متاثر کر رہا ہے بلکہ پلیٹ فارمز کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔اب سوال یہ ہے کہ کیا انسٹاگرام اپنے وعدوں کو عملی شکل دے پائے گا؟ کیا واقعی انسانی تخلیق کو تکنیکی طور پر محفوظ اور ممتاز کیا جا سکے گا؟ یا پھر 'ویری فیکیشن‘ کا دعویٰ بھی ماضی کی طرح محض ایک پالیسی بیان بن کر رہ جائے گا؟فی الحال ایک بات طے ہے کہ ڈیجیٹل دنیا کو انسانی اظہار کا بامعنی اور زندہ پلیٹ فارم بنانا ہے تو ''اصلیت‘‘ کو محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی اصول بنانا ہو گا۔ یہی وہ امتحان ہے جس کا سامنا اب انسٹاگرام سمیت تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ہے اور اسی کے نتائج آنے والے ڈیجیٹل عہد کا تعین کریں گے۔