آج کا دن
اسپیشل فیچر
غوری میزائل کا تجربہ
پاکستان نے غوری میزائل کا پہلا تجربہ کیا۔ غوری پہلا بیلسٹک میزائل ہے جو 1800 کلومیڑ تک وار ہیڈلے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ غوری ٹو بھی اسی پروگرام میں شامل ہے جس کی رینج 2ہزار کلومیٹر تک ہے۔اسے دنیا کی بہترین میزائل ٹیکنالوجیز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کا تجربہ پہلی مرتبہ 6 اپریل 1998ء کو ٹلہ جوگیاں کے قریب ملوٹ ضلع جہلم سے کیا گیاتھا۔
اولمپکس کا آغاز
1896ء میں یونان کے شہر ایتھنز میں پہلے جدید اولمپک کھیلوں کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تاریخی موقع اس لیے بھی اہم تھا کہ قدیم اولمپک کھیل تقریباً 1500 سال قبل رومی شہنشاہ کی جانب سے ممنوع قرار دے دیے گئے تھے۔ جدید اولمپکس کے انعقاد نے دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور بین الاقوامی کھیلوں کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ ان کھیلوں کا مقصد نہ صرف جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا بلکہ مختلف اقوام کے درمیان امن، دوستی اور بھائی چارے کو فروغ دینا بھی تھا، جو آج تک جاری ہے۔
جرمنی کیخلاف اعلان جنگ
2 اپریل 1917ء کو صدر ووڈرو ولسن نے امریکی کانگریس کے خصوصی مشترکہ اجلاس سے جرمن سلطنت کے خلاف جنگ کرنے کی درخواست دی۔ کانگریس نے 6 اپریل کو جواب دیا اور اعلان جنگ کا کہا۔ خط کا متن یہ تھا ''جرمنی نے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے خلاف بار بار جنگی کارروائیوں کا ارتکاب کیا ہے۔ لہٰذا سینیٹ اور ایوان نمائندگان کی طرف سے کانگریس میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ اور جرمن حکومت کے درمیان جنگ کی حالت ہے اور رسمی طور پر اس کا اعلان بھی کیا جائے۔
قطب شمالی پر قدم
6 اپریل 1909ء کو امریکی متلاشی رابرٹ پیئری اوران کے نائب میتھیئو ہنسن نے اپنے دیگر 4 ساتھیوں سمیت شمالی قطب پر پہلی مرتبہ قدم رکھا۔ کچھ واقعات کے متعلق لاپرواہی اور کچھ کے متعلق کم معلوما ت ہونے کی وجہ سے ماہرین قطب شمالی پر قدم رکھنے کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔ اس کی تصدیق بھی نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس کے متعلق شواہد بہت کم ہیں اس لئے اس کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔
برصاکی فتح
6 اپریل 1326ء کو دولت عثمانیہ کے دوسرے حکمران اور عثمان غازی کے بڑے بیٹے اورہان غازی نے بازنطینیوں کے زیر قبضہ شہر برصا کو فتح کیا۔ اس سے قبل اس شہر کو ان کے والد عثمان غازی نے فتح کرنے کی کوشش کی تھی مگر بہت سی لڑائیوں اور جنگوں کے باوجود وہ برصا کو فتح کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے ۔اس فتح کو تاریخ دانوں نے دولت عثمانیہ کے عروج کی شروعات بھی لکھا ہے۔
نیویارک: غلاموں کی بغاوت
1712ء میں نیویارک کے غلاموں کی پہلی بغاوت کا آغاز ہوا۔ یہ بغاوت غلام بنائے گئے افریقی باشندوں کی طرف سے جبری مشقت کیخلاف ایک اہم احتجاج تھی۔ باغیوں نے آزادی کیلئے مسلح جدوجہد کی اور عمارتوں کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ تاہم مقامی حکام نے اس بغاوت کوکچل دیا۔ اس واقعے کے بعد غلاموں پر مزید سخت قوانین نافذ کیے گئے، جنہوں نے ان کی زندگی کو مزیدمشکل بنا دیا۔ یہ بغاوت تاریخ میں آزادی کی جدوجہد کی ایک اہم مثال کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔