آج کا دن
اسپیشل فیچر
اینڈریو کی آخری خلائی مہم
16مئی2011ء کوناسا نے خلائی مشن ''ایس ٹی ایس134‘‘ کو روانہ کیا۔ یہ مشن سپیس شٹل اینڈیور کی پچیسویں اور آخری پرواز تھی، جو امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع کینیڈی سپیس سنٹر سے لانچ کی گئی۔ اس مشن کا مقصد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی تعمیر اور توسیع کے سلسلے کو مکمل کرنا تھا۔ اینڈیور خلائی شٹل نے اہم سائنسی آلات اور سامان خلائی اسٹیشن تک پہنچایا۔ اس کے بعد اینڈیور کو ریٹائر کر کے عجائب گھر میں رکھ دیا گیا۔
معاہدہ بخارسٹ
1812ء میں آج کے روز روس نے معاہدہ بخارسٹ پر دستخط کیے، جس کے نتیجے میں روس اور سلطنت عثمانیہ کے درمیان جاری روس ترک جنگ اختتام پذیر ہوئی۔ اس معاہدے کے تحت عثمانی سلطنت نے بیسارابیا کا علاقہ روس کے حوالے کر دیا۔ یہ خطہ اسٹریٹجک اور زرعی لحاظ سے نہایت اہم سمجھا جاتا تھا، جس پر قبضہ روس کی طاقت اور اثر و رسوخ میں اضافے کا باعث بنا۔ معاہدہ بخارسٹ نے مشرقی یورپ کی سیاسی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کیے اور عثمانی سلطنت کی کمزور ہوتی ہوئی حیثیت کو مزید نمایاں کیا۔
لیزر کا استعمال
1960ء میں امریکی سائنس دان تھیوڈور ہیرالڈ میمن نے دنیا کا پہلا آپٹیکل لیزر کامیابی سے چلایا، جو روبی لیزر کہلاتا تھا۔ یہ تاریخی تجربہ ہیوز ریسرچ لیبارٹریزمیں انجام دیا گیا۔ تھیوڈور میمن کی یہ ایجاد سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک انقلابی پیش رفت ثابت ہوئی۔ لیزر ٹیکنالوجی بعد ازاں طب، صنعت، مواصلات اور تحقیق سمیت متعدد شعبوں میں استعمال ہونے لگی۔ آج لیزر انسانی زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے ۔
الامانس کی بغاوت
16مئی1771ء میں الامانس کی بغاوت کا آغاز ہوا۔یہ ریگولیٹرموومنٹ کی آخری جنگ تھی۔یہ تحریک ناجائز ٹیکس اور مقامی انتظام کے کنٹرول پر شمالی کیرولائنا میں بغاوت کی صورتحال اختیار کر گئی،کچھ لوگ اسے امریکی انقلاب کی ابتداء بھی کہتے ہیں۔یہ بغاوت اس وقت شروع ہوئی جب گرینٹ الامانس کریک اورنج کاونٹی ہوا کرتی تھی۔ اس جنگ کے بعد موجودہ برلنگٹن، شمالی کیرولائنا سے تقریباً6میل دور جنوب وسطی پیڈمونٹ کے علاقے میں الامانس کاؤنٹی بن گئی۔
16مئی نوٹس
1966 میںچائنیز کمیونسٹ پارٹی نے ''16 مئی نوٹس‘‘ جاری کیا، جسے چین میں ثقافتی انقلاب کے آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس اعلان کے ذریعے پارٹی نے اپنے سیاسی مخالفین اور سرمایہ دارانہ نظریات کے خلاف سخت مہم شروع کی۔ یہ تحریک مائو زیڈونگ کی قیادت میں چلائی گئی، جس کا مقصد چینی معاشرے کو کمیونسٹ نظریات کے مطابق ڈھالنا تھا۔ ثقافتی انقلاب کے دوران لاکھوں افراد متاثر ہوئے، تعلیمی ادارے بند ہوئے اور تاریخی و ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچا۔
مراکو بم دھماکے
2003ء میں شمالی افریقی ملک مراکو کے شہر کیسابلانکامیںہونے والے دہشت گرد حملوں نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ ان حملوں میں 33 شہری ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ خودکش حملہ آوروں نے مختلف اہم مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں ہوٹل، ریستوران اور دیگر عوامی مقامات شامل تھے۔ ان واقعات کے بعد مراکش کی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کیے اور سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔