آج کا دن
اسپیشل فیچر
لبنان اسرائیل جنگ
یہ جنگ دراصل لبنان،شمالی اسرائیل اور گولان کی پہاڑیوں میں 34روزہ فوجی تنازع تھا۔ اسے دوسری لبنان اسرائیل جنگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ جنگ میں اہم فریق حزب اللہ کے نیم فوجی دستے اور اسرائیلی فوج تھی۔ 12جولائی2006ء کو شروع ہونے والا یہ تنازعہ 14اگست2006ء کو اقوام متحدہ کی ثالثی میں جنگ بندی نافذ ہونے تک جاری رہا۔
نائیجیریا ٹنکر دھماکہ
12جولائی 2012ء کو نائیجیریا کے علاقے اوکوبی میں ایک خوفناک سانحہ اس وقت پیش آیا جب ایندھن سے بھرا ایک ٹینکر ٹرک دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس ہولناک حادثے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اردگرد کا علاقہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔ یہ واقعہ نائیجیریا کی تاریخ کے مہلک ترین ٹینکر دھماکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
فرانس فٹ بال کا چیمپئن بنا
12جولائی 1998ء کو فرانس نے پیرس میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن برازیل کو 0-3 سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا عالمی کپ اپنے نام کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے زین الدین زیدان نے دو شاندار گول کیے، جبکہ آخری گول ایمانوئل پیٹی نے کیا۔ اس تاریخی فتح نے فرانس کو پہلی مرتبہ عالمی فٹ بال کا چیمپئن بنا دیا اور یہ کامیابی ملکی کھیلوں کی تاریخ کا ایک یادگار باب بن گئی۔
زلزلے کی بروقت پیش گوئی
1995ء میں آج کے روز چینی ماہرین زلزلہ نے میانماراورچین کے سرحدی علاقے میں آنے والے طاقتور زلزلے کی بروقت پیش گوئی کر کے ایک اہم سائنسی کامیابی حاصل کی۔ حکام نے پیشگی انتباہ جاری کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ اس زلزلے میں صرف 11 افراد جان کی بازی ہارے، جبکہ بروقت وارننگ کو اس کامیابی کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔
نیگرو پوٹنے کا محاصرہ
یہ دراصل ایک زبردست فوجی لڑائی تھی جو سلطنت عثمانیہ اور وسطی یونان کے وینیشین قصبے میں لڑی گئی۔ عثمانی فوج کی قیادت سلطان محمد ثانی خود کر رہے تھے۔ لڑائی سے قبل ہی عثمانی فوجوں نے نیگروپوٹنے کا محاصرہ کر لیا تھا جو تقریباً ایک ماہ تک جاری رہا۔یہ محاصرہ عثمانی افواج کی فتح پر اختتام پزیر ہوا اور سلطان محمد ثانی ایبویا شہر اور جزیرہ پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہے۔یہ لڑائی سلطنت عثمانیہ کی یورپ کی جانب پیش قدمی کا حصہ تھی جسے بعد میں جاری رکھا گیا۔
کیریباتی کی آزادی
کیریباتی ( Kiribati) بے شمار جزیروں پر مشتمل ایک چھوٹا ملک ہے۔ یہ جزائر 35لاکھ مربع کلومیٹر کے علاقے پر وسطی بحر اوقیانوس میں پھیلے ہوئے ہیں۔ اس ملک کا کل زمینی رقبہ 726 مربع کلومیٹر ہے اور آبادی کا تخمینہ 2005ء میں ایک لاکھ5ہزار 432 لگایا گیا تھا۔ کیریباتی کا دار الحکومت تاراوا ہے۔ان جزائر میں سے بیشتر خط استوار کے سمندری موسمی زون کی خشک پٹی میں ہیں ۔ یہاں بارشیں کم اور زیادہ تر موسم خشک رہتا ہے۔