آج کا دن
اسپیشل فیچر
پاکستان عالمی مالیاتی اداروں میں
11جولائی1950ء کو پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور بین الاقوامی بینک برائے تعمیر و ترقی (ورلڈ بینک) کی رکنیت حاصل کی۔ اس اہم پیش رفت سے ملک کو عالمی مالیاتی نظام میں باقاعدہ مقام ملا اور اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، ترقیاتی منصوبوں کیلئے قرضوں اور تکنیکی معاونت کے حصول کی راہ ہموار ہوئی۔ یہ قدم پاکستان کی ابتدائی معاشی اور مالی پالیسیوں میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔
جدہ فضائی حادثہ
11جولائی1991ء کو نائیجیریا ایئرویز کی ''پرواز 2120‘‘ سعودی عرب کے شہر جدہ سے پرواز کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔ طیارے میں آگ لگنے کے باعث وہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں سوار تمام 261 مسافر اور عملہ جاں بحق ہو گئے۔ تحقیقات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ طیارے کے پہیوں میں خرابی اور ان میں لگنے والی آگ تھی۔ یہ سانحہ دنیا کے مہلک ترین فضائی حادثات میں شمار کیا جاتا ہے۔
سکائی لیب کا اختتام
11جولائی1979ء کو امریکہ کا پہلا خلائی اسٹیشن اسکائی لیب اپنے مشن کی تکمیل کے بعد زمین کی فضا میں دوبارہ داخل ہوتے ہوئے تباہ ہو گیا۔ یہ خلائی اسٹیشن بحرِ ہند کے اوپر فضا میں جل کر ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا، جبکہ اس کا کچھ ملبہ مغربی آسٹریلیا کے علاقوں میں بھی گرا۔ 1973ء میں خلا میں بھیجا گیا اسکائی لیب امریکی خلائی تحقیق کا ایک اہم سنگ میل تھا اور اس نے کئی سائنسی تجربات میں نمایاں کردار ادا کیا۔
8 ہزار مسلمانوں کا قتل عام
سریبرینیکا کا قتل عام 11 جولائی 1995ء کو سریبرینیکا میں بوسنیائی جنگ کے دوران پیش آیا۔ اس افسوس ناک واقعہ میں سریبرینیکا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں 8ہزار بوسنیائی مسلمانوں کا بے دردی سے قتل کیا گیا۔ اس قتل عام کا آغاز بوسنیائی سرب آرمی کے یونٹس نے کیاجبکہ اس کارپئینز نامی فوجی یونٹ جو 1991ء تک سربیا کے وزارت داخلہ کا حصہ تھی نے بھی سرب آرمی کو مدد فراہم کی۔
سپین پہلی بارفٹ بال چیمپئن بنا
2010ء میں آج کے روز جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے نیدرلینڈز کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا عالمی کپ اپنے نام کیا۔ سنسنی خیز مقابلے کا واحد اور فیصلہ کن گول آندریس انیئستا نے 116ویں منٹ میں کیا، جس نے اسپین کو تاریخی فتح دلائی۔ اس کامیابی کے ساتھ اسپین یورپی چیمپئن شپ (2008ء) اور ورلڈ کپ (2010ء) جیتنے والی دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل ہو گیا۔
عالمی شطرنج مقابلہ
11جولائی1972ء کو عالمی شطرنج چیمپئن شب کے نام سے ایک مقابلہ منعقد کیا گیا جو امریکہ چیلنجر بوبی فشراور سوویت یونین کے دفاعی چیمپئن بورس اسپاسکی کے درمیان تھا۔ یہ میچ آئس لینڈ کے شہر یکجاویک کے لاگارڈ الشول میدان میں ہوا اور اسے میچ آف دی سنچری کا نام دیا گیا۔فشر اس مقابلے میں فتح کے بعد شطرنج کا عالمی مقابلہ جیتنے والے پہلے امریکی بن گئے۔ فشر کی جیت نے عالمی چیمپئن شپ پر سوویت یونین کی 24سالہ اجارہ داری بھی ختم کر دی۔