برف میں طویل قیام
اسپیشل فیچر
پولینڈ کے شہری کا انوکھا کارنامہ
شدید سردی اور برف باری سے بچنے کیلئے انسان صدیوں سے نت نئے طریقے اختیار کرتا آیا ہے، لیکن دنیا میں کچھ ایسے افراد بھی موجود ہیں جو انہی سخت موسمی حالات کو اپنی ہمت، حوصلے اور جسمانی صلاحیت کے امتحان میں بدل دیتے ہیں۔ برفانی سردی، جس میں چند لمحے گزارنا بھی عام انسان کیلئے دشوار ہوتا ہے، بعض مہم جو افراد کیلئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا ذریعہ بن جاتی ہے۔ حال ہی میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے انتہائی کم درجہ حرارت میں برف کے اندر خود کو طویل ترین وقت تک دفن رکھ کر نہ صرف اپنی غیر معمولی قوتِ برداشت کا مظاہرہ کیا بلکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ اس حیران کن کارنامے نے دنیا بھر میں لوگوں کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا اور ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ انسانی عزم اور ارادے کی طاقت بظاہر ناممکن دکھائی دینے والے چیلنجز کو بھی ممکن بنا سکتی ہے۔
پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے خود کو حقیقی معنوں میں برف کا آدمی بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ڈیمیئن کاسپرژک (Damian Kasprzyk) نے اپنے پورے جسم کو برف میں مکمل طور پر دفن کر کے مردوں کیلئے براہِ راست مکمل جسمانی طور پر برف کے ساتھ طویل ترین وقت گزارنے کا عالمی اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 2 گھنٹے، 12 منٹ اور 12 سیکنڈ تک برف میں رہ کر یہ منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے یہ حیران کن کارنامہ21 فروری کو شلاختووا (Szlachtowa)، پولینڈ میں انجام دیا۔
41 سالہ ڈیمیئن کاسپرژک نے کہا کہ انتہائی مشکل اور غیر معمولی چیلنجز کی دنیا میں میری آمد کا سہرا متعدد گنیز ورلڈ ریکارڈز رکھنے والے والیرین رومانووسکی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے نہ صرف میری تربیت کی بلکہ برف میں ریکارڈ قائم کرنے کا خیال بھی پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برف سے متعلق یہ حالیہ ریکارڈ دراصل میری تیسری کامیاب عالمی ریکارڈ کوشش تھی۔ اس سے قبل میں پورے جسم کو برف کے ساتھ براہِ راست رابطے میں رکھنے اور برفیلے پانی میں مکمل طور پر ڈوب کر بھی عالمی ریکارڈ قائم کر چکا ہوں۔ اس مخصوص کوشش میں میرے ساتھ ماریا بودائی (جو ''میری آئس بریکر‘‘ کے نام سے مشہور ہیں) بھی شریک تھیں، جنہوں نے خواتین کے زمرے میں بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ماریا بودائی نے خواتین کیلئے پورے جسم کے ساتھ برف میں طویل ترین وقت گزارنے کا عالمی ریکارڈ 3 گھنٹے، 33 منٹ اور 33 سیکنڈ تک برف میں رہ کر اپنے نام کیا۔
پولینڈ سے تعلق رکھنے والے والیرین رومانووسکی اس وقت بھی دو عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں۔ ان میں برفیلے پانی میں سب سے طویل وقت تک ڈوبے رہنے کا مردوں کا عالمی ریکارڈ شامل ہے، جو 58 منٹ ہے، جبکہ دوسرا ریکارڈ 12 گھنٹوں میں دشوار گزار راستوں پر سائیکل چلانے کی سب سے طویل مسافت کا ہے، جہاں انہوں نے 314.65 کلومیٹر (195.51 میل) کا فاصلہ طے کیا۔
دوسری جانب ڈیمیئن کاسپرژک بھی پورے جسم کے ساتھ برف میں طویل ترین وقت گزارنے کا موجودہ مردانہ عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں۔ انہوں نے 5 گھنٹے، ایک منٹ اور 33 سیکنڈ تک برف کے ساتھ مکمل جسمانی رابطہ برقرار رکھا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2021ء میں والیرین رومانووسکی کے پاس تھا، جنہوں نے 3 گھنٹے اور 28 سیکنڈ تک برف میں رہ کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
دو بچوں کے والد ڈیمیئن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید انہیں سردی برداشت کرنے کی صلاحیت اپنے پیشے کی بدولت ملی ہے، کیونکہ وہ تھرمو کنگ (Thermo King) نامی کمپنی میں کام کرتے ہیں، جو درجۂ حرارت کو قابو میں رکھنے والے نقل و حمل کے نظام تیار کرتی ہے۔
ڈیمیئن نے اپنے اس تازہ ترین عالمی ریکارڈ کی تیاری بھی والیرین رومانووسکی کی نگرانی میں کی۔ ان کے بقول والیرین نے مجھے ذہنی اور جسمانی دونوں اعتبار سے اس حد تک تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا کہ میں ایسے انتہائی سخت اور جان لیوا حالات کا مقابلہ کر سکوں۔اگرچہ ڈیمیئن اس سے قبل کئی مرتبہ برف اور برفیلے پانی میں مکمل طور پر ڈوب کر اپنی قوتِ برداشت کا مظاہرہ کر چکے تھے، لیکن اس نوعیت کے چیلنج میں براہِ راست برف کے ساتھ مسلسل جسمانی رابطہ قائم کرنے کی یہ ان کی پہلی کوشش تھی۔
ڈیمیئن نے شدید سردی سے ہم آہنگ ہونے کے اپنے سفر کا آغاز سردیوں میں تیراکی اور برفیلے پانی میں غسل (آئس باتھ) کرنے سے کیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے جسم کو انتہائی کم درجہ حرارت برداشت کرنے کا عادی بنایا اور یوں کانپتی سردی کے خلاف اپنی قوتِ برداشت میں بتدریج اضافہ کیا۔انہوں نے کہاکہ وقت گزرنے کے ساتھ مجھے احساس ہوا کہ سردی سے رشتہ جوڑنے سے مجھے گہرا ذہنی سکون ملتا ہے۔ یہ مجھے اپنی قوتِ برداشت کی حقیقی حدود جانچنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ میں یہ سب صرف عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلئے نہیں کرتا، بلکہ انسانی صلاحیتوں کی آخری حدوں کو دریافت کرنے اور انہیں مزید آگے بڑھانے کے شوق اور تجسس کے تحت کرتا ہوں۔