صحت بخش سبزیاں بھی سرطان کا باعث؟
اسپیشل فیچر
صحت مند زندگی کیلئے سبزیوں کا استعمال ہمیشہ مفید اور ضروری سمجھا جاتا ہے، تاہم حالیہ تحقیق نے سبزیوں میں استعمال ہونے والے بعض پریزرویٹوز (Preservative) کے حوالے سے ایک تشویشناک پہلو اجاگر کیا ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق ان کیمیکلز کا استعمال مردوں میں آنتوں کے سرطان کے خطرے میں 50 فیصد تک اضافے سے منسلک ہو سکتا ہے۔ یہ انکشاف خوراک کے معیار، سبزیوں کی کاشت اور محفوظ غذائی عادات کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق، بعض اقسام کی پتوں والی سبزیاں کھانے سے آنتوں کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ سوئس چارڈ جیسی سبز سبزیوں میں پائے جانے والے ایک مرکب، جسے نائٹرائٹس کہا جاتا ہے، کی زیادہ مقدار استعمال کرنے سے اس مہلک بیماری کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ یہ بات پہلے ہی معلوم ہے کہ نائٹرائٹس نامی مرکبات آنتوں کے سرطان کی نشوؤنما میں کردار ادا کرتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے نائٹرائٹس کو گروپ 1 سرطان کا مادہ قرار دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ انہیں تمباکوکی طرح خطرناک سمجھا جاتا ہے۔اب تک خدشات کا مرکز زیادہ تر وہ نائٹرائٹس رہے ہیں جو پراسیس شدہ گوشت میں شامل کیے جاتے ہیں۔ ان کا استعمال گوشت کی مدتِ استعمال بڑھانے اور اس کا گلابی رنگ برقرار رکھنے کیلئے کیا جاتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ اضافی مادے گوشت میں موجود پروٹین کے ساتھ تعامل کر کے نائٹروسامینز (nitrosamines) تشکیل دیتے ہیں، جو آنتوں کے صحت مند خلیات کو سرطان زدہ بنا سکتے ہیں۔
حالیہ برسوں میں دنیا بھر میں آنتوں کے سرطان کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ برطانیہ میں ہر سال 48 ہزار سے زائد افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوتی ہے۔ یہ بیماری اب 50 سال سے کم عمر افراد میں موت کی بڑی وجوہات میں سے ایک بن چکی ہے۔ تحقیق، جو جرنل آف دی نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ میں شائع ہوئی، میں سویڈن سے تعلق رکھنے والے 82 ہزار درمیانی عمر کے افراد کی غذائی عادات کا تجزیہ کیا گیا۔ ان افراد نے 1997ء ، 2009ء اور 2019ء میں خوراک سے متعلق سوال نامے مکمل کیے تھے۔ایسے افراد کو تحقیق میں شامل نہیں کیا گیا جنہیں پہلے کسی قسم کے سرطان کی تشخیص ہو چکی تھی۔
محققین نے شرکا کی روزانہ اوسط نائٹرائٹ مقدار کا اندازہ لگانے کیلئے فوڈ ایجنسی کے دستیاب اعداد و شمار کے علاوہ سینکڑوں غذائی اشیا میں نائٹرائٹس کی مقدار سے متعلق اپنی پیمائشوں کو بھی استعمال کیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ مردوں میں نائٹرائٹس کی مجموعی مقدار کا نصف سے کچھ زیادہ حصہ گوشت کی مصنوعات سے حاصل ہوتا تھا، جبکہ پراسیس شدہ گوشت کا حصہ تقریباً ایک چوتھائی تھا۔تقریباً 20 فیصد نائٹرائٹس سبزیوں، پنیر اور دیگر دودھ سے بنی اشیا سے حاصل ہوتے تھے۔
20 سالہ مشاہداتی عرصے کے دوران 3 ہزار 170 شرکا میں کولوریکٹل یا بڑی آنت کے سرطان کی تشخیص ہوئی۔مردوں میں اس بیماری کے زیادہ کیسز سامنے آئے اور جن مردوں کی خوراک میں نائٹرائٹس کی مقدار سب سے زیادہ تھی، ان میں سب سے کم مقدار استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں آنتوں کے سرطان کی تشخیص کا امکان 23 فیصد زیادہ پایا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خواتین میں نائٹرائٹس کے استعمال اور آنتوں کے سرطان کے درمیان کوئی نمایاں تعلق سامنے نہیں آیا۔
محققین نے خوراک میں فائبر کی مقدار، جو آنتوں کے سرطان سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے معروف ہے، کے علاوہ عمر، خاندانی طبی تاریخ، وزن اور تمباکو نوشی کی عادت جیسے عوامل کو بھی مدنظر رکھا۔ ان عوامل کے تجزیے کے بعد محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ نائٹرائٹس سے بھرپور غذا مردوں میں آنتوں کے سرطان کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے، خواہ نائٹرائٹس کسی بھی غذائی ذریعے سے حاصل ہوں۔یہ تعلق آنتوں کے نچلے حصے کو متاثر کرنے والے سرطان کے حوالے سے سب سے زیادہ مضبوط نظر آیا۔ سب سے زیادہ نائٹرائٹس استعمال کرنے والے مردوں میں اس قسم کے سرطان کا خطرہ 50 فیصد زیادہ پایا گیا۔