’’عمودی ڈراپ‘‘
اسپیشل فیچر
ماؤنٹین بائیک رائیڈر کا حیران کن کارنامہ
سائیکلنگ محض ایک کھیل نہیں بلکہ حوصلے، مہارت، جسمانی طاقت اور خطرات کا سامنا کرنے کے غیر معمولی جذبے کا نام بھی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ماؤنٹین بائیک چلانے والے کھلاڑی دشوار گزار راستوں، گہری کھائیوں اور عمودی ڈھلوانوں پر اپنی صلاحیتوں کا امتحان لیتے ہیں۔ ایسے ہی ایک باہمت سائیکل سوار نے پیشہ ور کھلاڑی بننے کا خواب آنکھوں میں سجائے عمودی بلندی سے نیچے اترنے کا ریکارڈ توڑ کر دنیا کو حیران کر دیا۔ اس کی یہ کامیابی نہ صرف غیر معمولی مہارت اور جرأت کا مظہر ہے بلکہ اس حقیقت کی عکاس بھی ہے کہ بلند عزائم، مسلسل محنت اور خود اعتمادی انسان کو حیرت انگیز کارنامے انجام دینے کے قابل بنا سکتی ہے۔
ماؤنٹین بائیک پر تقریباً چار میٹر کی بلندی سے نیچے اترنا ہی بیشتر لوگوں کو بریک لگانے پر مجبور کرنے کیلئے کافی ہے، لیکن آسٹریا سے تعلق رکھنے والے ماریو نیوراٹر کیلئے یہ اپنی سائیکلنگ کی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا ایک موقع تھا۔ پیشہ ور ماؤنٹین بائیک کھلاڑی بننے کا خواب دیکھنے والے ماریو ہمیشہ سے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور پہلے سے زیادہ بلندی، فاصلے اور رفتار تک پہنچنے کیلئے کوشاں رہے ہیں۔ کم عمری ہی سے اپنے شعبے میں بہترین بننے کی کوششوں کے نتیجے میں انہوں نے سائیکل پر کسی مقررہ ہدف پر عمودی طور پر سب سے زیادہ بلندی سے گرنے (مردوں کی کیٹیگری) کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ماریو کو ماؤنٹین بائیک چلانے کا سات سالہ تجربہ ہے۔ 13 ستمبر 2025ء کو 20 سالہ ماریو نے 3.80 میٹر (12.46 فٹ) کی بلندی سے نیچے اتر کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔ یہ بلندی تقریباً ڈبل ڈیکر بس کے برابر ہے۔ ماریو نے بتایا کہ میں نے اس سے پہلے کبھی اس طرح کے باکس نما ہدف پر لینڈنگ نہیں کی تھی۔ تاہم، عمومی طور پر میں نے چھوٹی بلندیوں سے آغاز کیا اور برسوں کے دوران بتدریج زیادہ سے زیادہ بلندی سے نیچے اترنے کی مشق کرتا رہا۔
اگرچہ اتنی بلندی سے نیچے اترنے کا حوصلہ کرنا اس ریکارڈ کی کوشش کا ایک اہم مرحلہ تھا، تاہم ماریو کیلئے یہ یقینی بنانا بھی ضروری تھا کہ وہ درست نشانے کے ساتھ لینڈنگ باکس پر اتریں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے خوف محسوس نہیں ہو رہا تھا، لیکن میں جانتا تھا کہ باکس پر درست انداز میں اترنا مشکل ہو گا۔ میں نے اس مقصد کیلئے خصوصی تربیت حاصل نہیں کی تھی، اس لیے مجھے معلوم نہیں تھا کہ کامیابی کیلئے کتنی کوششیں کرنا پڑیں گی۔ بالآخر، سب کچھ توقعات کے مطابق کافی اچھا رہا۔
ماریو نے ریکارڈ قائم کرنے کی یہ کوشش آسٹریا میں منعقد ہونے والے ''بائیک ریپبلک سولڈن فیسٹیول‘‘ کے دوران کی، جسے ''سواچ نائنز‘‘ کے ساتھ یکجا کیا گیا تھا۔ اس میلے میں ماؤنٹین بائیکنگ کی دنیا سے تعلق رکھنے والے سائیکل سواروں اور شائقین نے شرکت کی۔ ماریو نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ میرے خیال میں اس طرح کے کارنامے کیلئے یہ میلہ بہترین موقع تھا۔ یہاں سائیکلنگ سے وابستہ پوری کمیونٹی جمع ہوتی ہے، اس لیے ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کیلئے اس سے بہتر ماحول ممکن نہیں تھا۔
ماریو نے سائیکل پر سب سے زیادہ عمودی بلندی سے نیچے اترنے اور 360 ڈگری گھومتے ہوئے سائیکل پر کسی مقررہ ہدف پر سب سے زیادہ عمودی بلندی سے اترنے کے ریکارڈ قائم کرنے کی کوششیں بھی کیں۔ اب وہ ان کوششوں کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں کہ آیا وہ ان میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔ اگر ان کوششوں کی کامیابی کی تصدیق ہو گئی تو ریکارڈ توڑنے والا یہ ہفتہ ان کیلئے مزید بڑی کامیابیوں کا باعث بن سکتا ہے۔