’’جہنم کا دہانہ‘‘ بیدار؟

’’جہنم کا دہانہ‘‘ بیدار؟

اسپیشل فیچر

تحریر : محمد ارشد لئیق


خطرناک آتش فشاں کے نیچے میگما جمع ہونے لگا

زمین کے سینے میں چھپی آتش فشانی طاقت جب حرکت میں آتی ہے تو اس کے اثرات پورے خطے کو ہلا کر رکھ سکتے ہیں۔ بظاہر خاموش دکھائی دینے والے آتش فشاں بھی اندر ہی اندر تباہ کن قوت جمع کرتے رہتے ہیں، جو کسی بھی وقت لاوے، راکھ اور زہریلی گیسوں کی صورت میں باہر نکل سکتی ہے۔ سائنسدانوں نے اب ''جہنم کا دہانہ‘‘ کہلانے والے خطرناک آتش فشاں کے حوالے سے تشویش ظاہر کی ہے، جہاں زمین کی گہرائی میں پگھلی ہوئی چٹانوں، یعنی میگما، کے جمع ہونے کے آثار سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کی یہ تنبیہ ایک بار پھر اس حقیقت کی یاد دہانی کراتی ہے کہ قدرت کی بعض خاموش قوتیں بیدار ہونے پر انسانی آبادیوں اور ماحول کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔
سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ ''جہنم کا دہانہ‘‘ کہلانے والا آتش فشاں دوبارہ بیدار ہو سکتا ہے۔محققین نے فعال آتش فشاں ماسایا کے نیچے میگما کے دو ایسے ذخائر کے بھرنے کے شواہد دریافت کیے ہیں، جن میں پگھلی ہوئی چٹانیں جمع ہو رہی ہیں۔ یہ آتش فشاں نکاراگوا کے دارالحکومت مناگوا سے محض 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں تقریباً 20 لاکھ افراد آباد ہیں۔دوسری جانب، ہر سال ہزاروں سیاح اس آتش فشاں کے خوف ناک نام کی وجہ بننے والے لاوے سے بھرے سانتیاگو دہانے کو دیکھنے کیلئے یہاں آتے ہیں۔
آتش فشاں پھٹنے کا خطرہ مسلسل تشویش کا باعث بنا رہتا ہے اور ایک نئی تحقیق میں زمین کے نیچے چھپی سرگرمی کے پریشان کن آثار سامنے آئے ہیں۔ اگرچہ تحقیق میں کسی فوری خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی، تاہم اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ''جہنم کے دہانے‘‘ کے اندر میگما کی نقل و حرکت کا نظام پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ میگما کی زیر زمین سرنگوں اور ذخائر پر مشتمل اس نظام کو سمجھنا ان تبدیلیوں کی نشاندہی کیلئے انتہائی اہم ہے جو آتش فشاں کے ممکنہ طور پر پھٹنے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور امریکی ریاست پنسلوانیا کی پین اسٹیٹ یونیورسٹی سے وابستہ لیزی جانسن نے کہا کہ ماسایا آتش فشاں کی سرگرمیوں اور ان سے وابستہ خطرات کو مکمل طور پر سمجھنا انتہائی اہم ہے۔
''جہنم کا دہانہ‘‘ ایک غیر معمولی طور پر پیچیدہ آتش فشاں ہے، جو ایک دوسرے کے اندر واقع کئی دہانوں اور زمین میں بننے والے گڑھوں پر مشتمل ہے۔ یہ گڑھے میگما کے زیر زمین ذخائر خالی ہونے کے نتیجے میں وجود میں آئے ہیں۔ اس پیچیدہ ساخت کے باعث زمین کی سطح کے نیچے موجود سرنگوں اور میگما کے ذخائر کے باہمی نظام کو ابھی تک پوری طرح نہیں سمجھا جا سکا۔ یہی وجہ ہے کہ ان معمولی تبدیلیوں کی نشاندہی کرنا مشکل ہو جاتا ہے جو آتش فشاں پھٹنے کے قریب ہونے کا اشارہ دے سکتی ہیں۔ شہر کے اتنے قریب واقع سیاحتی مقام کیلئے یہ صورت حال سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔محترمہ جانسن کا کہنا ہے کہ اگرچہ ماسایا آتش فشاں سے آخری مرتبہ 1772ء میں لاوے کا ایک بڑا بہاؤ خارج ہوا تھا، تاہم اس سے مسلسل خارج ہونے والی گیسوں کے باعث آتش فشانی گیس سلفر ڈائی آکسائیڈ کی خطرناک حد تک زیادہ مقدار اکثر پیدا ہوتی رہتی ہے۔
گزشتہ 50 برسوں کے دوران اس آتش فشاں میں کئی دھماکے بھی ہو چکے ہیں۔ اگرچہ اب تک ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم محققین کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ تحقیق کاروں نے اپنے نئے مقالے میں یورپی خلائی ایجنسی کے ''سینٹینل1‘‘ سیٹلائٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے جیو فزیکل ریسرچ لیٹرز میں شائع ہوئی ہے۔یہ سیٹلائٹ ہر 12 دن بعد اس علاقے کے اوپر سے گزرتا ہے اور زمین کی سطح کے اتار چڑھاؤ کی تفصیلی تصاویر جمع کرتا ہے۔ ان تصاویر کے ذریعے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ زمین کے نیچے میگما کی نقل و حرکت کے باعث سطح زمین کس طرح بلند یا پست ہو رہی ہے۔
محترمہ جانسن کے مطابق ''جب زمین کی سطح نیچے بیٹھتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ آتش فشاں کے اندر سے میگما خارج ہو کر کسی دوسری جانب منتقل ہو رہا ہے، لیکن جب زمین دوبارہ بلند ہونے لگے تو اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ نیا میگما اندر داخل ہو رہا ہے‘‘۔ تحقیق کاروں نے 2018ء سے 2022ء کے وسط تک مشاہدہ کیا کہ مشہور سانتیاگو دہانے کے عین شمال میں واقع ماسایا کے مرکزی میگما ذخیرے کے اردگرد زمین کی سطح تقریباً 1.2 انچ (3 سینٹی میٹر) نیچے بیٹھ گئی تھی۔اس تبدیلی سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیر زمین موجود ذخیرے سے میگما کی کچھ مقدار دوسری جانب منتقل ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں زمین کی سطح نیچے دھنس گئی۔
تاہم، 2022ء سے 2024ء کے دوران زمین کی سطح ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہو گئی، جس سے یہ اشارہ ملا کہ زیر زمین میگما کا ذخیرہ دوبارہ بھر رہا ہے۔حیرت انگیز طور پر، اس پورے چھ سالہ عرصے کے دوران سانتیاگو دہانے اور اس میں موجود لاوے کی جھیل کے آس پاس زمین کی سطح مسلسل نیچے دھنس رہی تھی۔ محققین کے مطابق، اس صورتِ حال کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ زمین کی سطح سے تقریباً 656 فٹ (200 میٹر) نیچے میگما کا ایک دوسرا، نسبتاً کم گہرائی میں واقع ذخیرہ بھی موجود ہے، جو سرگرم ہے۔ محترمہ جانسن نے مزید کہا کہ یہ صورتِ حال ظاہر کرتی ہے کہ آتش فشاں کے اندر میگما کی نقل و حرکت کا نظام پہلے کے اندازوں سے زیادہ پیچیدہ ہے۔ اس تبدیلی کی ایک وجہ میگما کے دوسرے، نسبتاً کم گہرائی میں واقع ذخیرے میں اس کی مقدار کا کم ہونا بھی ہو سکتی ہے۔
محققین مستقبل میں اس نوعیت کی مزید پیمائشوں کے ذریعے آتش فشاں کی سرگرمیوں کے بارے میں زیادہ جامع معلومات حاصل کرنے اور اس کے پھٹنے کی پیش گوئی کے نظام کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے شریک محقق ڈاکٹر ینگ چولکم کا کہنا ہے کہ مسلسل نگرانی کے ذریعے ہمیں آتش فشاں کی معمول کی سرگرمیوں کو سمجھنے اور ان میں ہونے والی تبدیلیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اگر کسی موقع پر لوگوں کو خبردار کرنے کی ضرورت پیش آئے تو مسلسل نگرانی کی بدولت ہم بروقت ایسا کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
 خلائی جہاز کی واپسی، سائنس کا جادوئی مظاہرہ

خلائی جہاز کی واپسی، سائنس کا جادوئی مظاہرہ

راکٹ کو بازوئوں میں تھام کر اسپیس ایکس نے خلائی تاریخ کا نیا باب رقم کر دیاخلائی تحقیق کی تاریخ میں بعض کامیابیاں ایسی ہوتی ہیں جو مستقبل کے امکانات کو یکسر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انسان نے جب پہلی مرتبہ خلا میں قدم رکھا تو یہ محض ایک سائنسی تجربہ نہیں بلکہ کائنات کو تسخیر کرنے کی جانب ایک نئے عہد کا آغاز تھا۔ اب اسی سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے، جب ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنے جدید خلائی جہاز اسٹار شپ کو زمین کے مدار سے واپس لا کر ٹیکساس میں لانچنگ ٹاور کے مخصوص حصے میں انتہائی مہارت سے اتارنے کے بجائے اس کے میکانی بازوؤں کی مدد سے کامیابی سے تھام لیا۔ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ مدار میں جانے والا کوئی خلائی جہاز زمین پر واپسی کے بعد اس انداز میں پکڑا گیا۔ ناسا کے سربراہ جیرڈ آئزک مین نے اس غیر معمولی کامیابی کو تقریباً جادوئی کارنامہ قرار دیا۔ یہ پیش رفت نہ صرف خلائی سفر کو کم خرچ اور قابلِ تکرار بنانے کی امید پیدا کرتی ہے بلکہ چاند اور مریخ تک انسانی رسائی کے مستقبل کو بھی نئی جہت دے سکتی ہے۔ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے زمین پر واپسی کے دوران اپنے خلائی جہاز اسٹار شپ کو دو میکانی بازوؤں، جنہیں ''چاپ اسٹکس‘‘ کا نام دیا گیا ہے، کی مدد سے پکڑ کر خلائی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ اس غیر معمولی کامیابی کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آنے والی حیرت انگیز ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹار شپ آہستہ آہستہ لانچنگ پیڈ کی جانب اتر رہا ہے اور دونوں میکانی بازو اسے فضا ہی میں اپنے درمیان تھام لیتے ہیں۔یہ وہ تاریخی کارنامہ تھا جس کی ایلون مسک اور ان کی ٹیم طویل عرصے سے امید کر رہی تھی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ خلا میں پرواز مکمل کرنے کے بعد واپس آنے والے کسی خلائی جہاز کو اس انداز میں پکڑا گیا۔تاہم یہ کامیابی مکمل طور پر خامیوں سے پاک نہیں تھی۔ 407 فٹ طویل خلائی جہاز کے پہلے مرحلے کا بوسٹر چند روز قبل ٹیکساس سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد دھماکے سے تباہ ہو گیا تھا۔اس کا ملبہ خلیج میکسیکو میں بکھرا پڑا تھا، جبکہ اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کردہ گولی نما خلائی جہاز سیدھی حالت میں لانچنگ پیڈ پر اتر رہا تھا۔ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین نے بھی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا: ''ایلون مسک اور اسپیس ایکس کی پوری ٹیم کو مبارک باد! یہ تقریباً جادو جیسا تھا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید لوگ اس ٹیکنالوجی پر یقین کرنے لگے ہیں‘‘۔ اس خلائی پروگرام سے امریکی خلائی ادارے ناسا کی بھی بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ اسپیس ایکس اور ناسا کے درمیان اربوں ڈالر کا معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت اسٹار شپ میں ضروری تبدیلیاں کرکے اسے چاند پر انسانی لینڈنگ کیلئے استعمال کیا جانا ہے۔ایلون مسک نے بھی اپنی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا: ''اسپیس ایکس کی غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل پوری ٹیم کو مبارک ہو!‘‘۔ اس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ لینڈنگ پیڈ پر موجود اسٹار شپ کا معائنہ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے خلائی جہاز کی حالت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بہت شاندار دکھائی دے رہا ہے۔ اسپیس ایکس کے ترجمان ڈین ہوٹ نے اس کامیابی کو خلائی پرواز کا ایک انتہائی اہم اور ناقابلِ حصول تصور کیا جانے والا ہدف قرار دیتے ہوئے کہا: ''یہ خلائی سفر کا سب سے بڑا خواب تھا کہ ایک خلائی جہاز آگ کے شعلوں سے گزرتا ہوا زمین کی جانب آئے اور اسے فولاد کے بازو فضا ہی میں تھام لیں۔ ہم نے اسٹار شپ کو کامیابی سے پکڑ لیا ہے اور اب بہت کچھ تبدیل ہونے والا ہے‘‘۔اسپیس ایکس حکام کے مطابق یہ کامیابی اسٹار شپ کی مکمل طور پر دوبارہ استعمال کے قابل ہونے کی صلاحیت کا ثبوت ہے، جو خلائی مشنز کو تیز رفتار اور کم خرچ بنانے کیلئے نہایت اہم ہے۔ اگرچہ پہلے بوسٹر کو واپس پکڑنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی، تاہم کمپنی اس سے قبل تین مرتبہ بوسٹر کو کامیابی سے پکڑنے کا تجربہ کر چکی تھی، جس سے اس تکنیک کی افادیت ثابت ہوئی۔دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ امریکی میکسیکو سرحد کے قریب واقع اسپیس ایکس کے اسٹار شپ لانچنگ مرکز سے فضا میں بلند ہوا۔ ابتدائی مرحلے میں راکٹ اپنے بوسٹر سے کامیابی کے ساتھ الگ ہو گیا، تاہم بعد میں بعض تکنیکی مسائل پیش آئے۔ اس کا بالائی خلائی جہاز خلا میں داخل ہونے میں کامیاب رہا اور اس نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس 26 سیٹلائٹس بھی اپنے مدار میں چھوڑے۔اسپیس ایکس کے مطابق خلائی جہاز کے تمام نظام، بشمول اس کی اہم ترین حرارتی حفاظتی ڈھال بظاہر درست طریقے سے کام کرتے رہے۔جہاں تک راکٹ کے بوسٹر کا تعلق ہے، اسپیس ایکس کی عہدیدار کیٹ ٹائس نے بتایا کہ زمین کی جانب واپسی کے دوران اس کے انجن مقررہ وقت سے پہلے بند ہو گئے تھے۔ اسٹارشپ کا سفراسٹار شپ زمین سے تقریباً 165 میل (266 کلومیٹر) کی بلندی پر اپنے مدار میں گردش کرتا رہا۔ اس دوران اسٹارلنک نیٹ ورک کے ذریعے خلائی جہاز اور زمین کے براہِ راست مناظر بھی نشر کیے جاتے رہے۔ اس نے زمین کے گرد مجموعی طور پر 14 چکر مکمل کیے، جو اس کے گزشتہ مشن کی کارکردگی سے کہیں بہتر تھے، کیونکہ اس وقت خلائی جہاز صرف ایک سے دو چکر ہی مکمل کر پایا تھا۔یہ 2023ء کے بعد مکمل حجم کے اسٹار شپ کی 15ویں پرواز تھی، جبکہ یہ صرف دوسرا موقع تھا جب خلائی جہاز نے زمین کے مدار تک رسائی حاصل کی۔

 قلعہ ترمز

قلعہ ترمز

فرانس کا تاریخی قلعہ، چار ماہ تک صلیبی لشکروں کے سامنے ڈٹا رہافرانس کے جنوب میں واقع قدیم قلعے نہ صرف یورپ کے قرونِ وسطیٰ کے طرزِ تعمیر کی یادگار ہیں بلکہ ان کی دیواروں میں جنگوں، محاصروں، سیاسی کشمکش اور انسانی عزم کی بے شمار داستانیں بھی پوشیدہ ہیں۔ انہی تاریخی یادگاروں میں قلعہ ترمز (Château de Termes) کو نمایاں مقام حاصل ہے، جو اپنی مضبوط دفاعی تعمیر، دشوار گزار جغرافیائی محل وقوع اور 1210ء کے طویل محاصرے کے باعث خصوصی شہرت رکھتا ہے۔ فرانس کے علاقے اوڈ (Aude) کے گاؤں ترمز کے قریب واقع یہ قلعہ کبھی ایک طاقتور جاگیردار خاندان کی رہائش گاہ اور بعد ازاں شاہی دفاعی نظام کا اہم حصہ تھا۔یہ قلعہ ایک بلند چٹانی پہاڑی پر واقعہے، جس کے تین اطراف گہری کھائیاں اور قدرتی گھاٹیاں موجود ہیں۔ سطح سمندر سے تقریباً 460 سے 470 میٹر بلندی پر واقع اس مقام سے اطراف کے وسیع علاقے پر نظر رکھی جا سکتی تھی۔ اس کی قدرتی جغرافیائی ساخت نے اسے دفاعی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت دی۔ قلعے کے ابتدائی آثار گیارہویں صدی سے ملتے ہیں، جبکہ اس کا تعلق ترمز کے طاقتور جاگیردار خاندان سے تھا، جس کی حکمرانی تقریباً 60 دیہات پر مشتمل علاقے تک پھیلی ہوئی تھی۔ اس خاندان کی آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ علاقے میں موجود تانبے، چاندی، سیسے اور لوہے کی کانیں تھیں۔ قلعہ ترمز کی تاریخ کا سب سے اہم باب 1210ء میں ہونے والا محاصرہ ہے۔ اس زمانے میں جنوبی فرانس میں کیتھر تحریک کے خلاف صلیبی جنگ جاری تھی، جسے البیجنسی صلیبی جنگ بھی کہا جاتا ہے۔ قلعے کے مالک ریمون ڈی ترمز کیتھر تحریک کے حامی تھے۔ فرانسیسی صلیبی لشکر کے کمانڈر سائمن ڈی مونفور نے اسی سال قلعے کا محاصرہ کر لیا۔ اس وقت یہ قلعہ علاقے کے مضبوط ترین دفاعی مراکز میں شمار ہوتا تھا۔محاصرہ تقریباً چار ماہ تک جاری رہا۔ قلعے کے محافظوں نے محدود وسائل کے باوجود بھرپور مزاحمت کی۔ طویل محاصرے کے دوران پانی کی قلت، بیماریوں اور مسلسل حملوں نے دفاعی دستے کو کمزور کر دیا۔ بالآخر نومبر 1210ء میں قلعہ صلیبی لشکر کے قبضے میں چلا گیا۔ اس واقعے نے جنوبی فرانس کی سیاسی اور مذہبی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ فتح کے بعد قلعہ شمالی فرانس کے ایک جاگیردار کے حوالے کر دیا گیا، تاہم 1228ء میں اس کا اختیار فرانسیسی بادشاہ کو منتقل ہو گیا۔ بعدازاں اسے شاہی قلعے کی شکل دی گئی اور سرحدی دفاع کیلئے اس کی اہمیت بڑھ گئی۔ 1258ء کے معاہدہ کوربے کے بعد یہ قلعہ فرانس اور آراگون کی سرحدی حفاظت کرنے والے دفاعی مراکز میں شامل ہو گیا۔ تیرہویں اور چودھویں صدی میں اس کی بیرونی فصیلوں، دفاعی برجوں اور دیگر حصوں میں توسیع کی گئی۔ قلعے کے اندرونی حصے میں ایک عبادت گاہ، پانی ذخیرہ کرنے کیلئے حوض اور مرکزی دفاعی برج بھی موجود تھے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ جنگی حکمت عملی اور ہتھیاروں میں تبدیلی نے اس قلعے کی دفاعی اہمیت کم کر دی۔ سترہویں صدی میں فرانس اور اسپین کے درمیان سرحدی حالات تبدیل ہونے کے بعد یہ فوجی اعتبار سے غیر ضروری ہو گیا۔ 1652ء میں قلعے پر اسپین کا قبضہ ہوا، لیکن فرانسیسی فوج نے اسے دوبارہ حاصل کر لیا۔ بعدازاں 1653ء اور 1654ء کے دوران شاہی حکم پر اسے بارود کے ذریعے منہدم کر دیا گیا تاکہ یہ دوبارہ کسی مخالف قوت کا مضبوط ٹھکانہ نہ بن سکے۔ اس تباہی کے بعد قلعہ طویل عرصے تک ویران پڑا رہا اور اس کے گردونواح میں چرواہے اپنے مویشی چراتے رہے۔ بیسویں صدی میں تاریخی ورثے سے دلچسپی بڑھنے کے ساتھ اس قلعے کی اہمیت دوبارہ اجاگر ہوئی۔ 1988ء میں مقامی بلدیہ نے اسے خرید لیا، جبکہ 1989ء میں اسے فرانس کی تاریخی یادگار قرار دے کر تحفظ فراہم کیا گیا۔ اس کے بعد یہاں آثارِ قدیمہ کی کھدائی، صفائی اور بحالی کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔ دسمبر 2024ء میں اس کے مزید آثار اور قدیم قلعہ بند بستی کے باقیات کو بھی قومی تاریخی ورثے کے طور پر تحفظ فراہم کیا گیا۔ یہ قلعہ محض پتھروں سے بنی ایک قدیم عمارت نہیں بلکہ یورپ کے قرونِ وسطیٰ کی سیاسی، مذہبی اور عسکری تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جو آج بھی اپنے ماضی کی داستان سناتا دکھائی دیتا ہے۔

آج تم یاد بے حساب آئے!فہمیدہ ریاض  ترقی پسند شاعرہ  (2018 ء -1946ء)

آج تم یاد بے حساب آئے!فہمیدہ ریاض ترقی پسند شاعرہ (2018 ء -1946ء)

٭... 1946ء میں میرٹھ کے ایک ادبی خاندان میں پیدا ہوئیں۔٭... قیام پاکستان کے بعد ان کے خاندان نے ہجرت کرکے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں رہائش اختیار کی۔٭...پہلا شعری مجموعہ ''پتھر کی زبان‘‘ 1978ء میں سامنے آیا ۔٭... انہوں نے شاعری اور فکشن میں کم و بیش 15 کتابیں اور درجنوں مضامین تحریر کیے۔٭... ان کے شعری مجموعوں میں ''پتھر کی زبان، دھوپ، پورا چاند، آدمی کی زندگی نمایاں ہیں۔ ناولوں میں ''زندہ بہار، گوداوری اور کراچی‘‘ شامل ہیں۔٭...فکشن اور شاعری کے علاوہ انہوں نے اردو ترجمہ نگاری میں بھی نام کمایا جہاں مولانا رومی کی مثنوی کا فارسی سے اردو میں ترجمہ نمایاں ہے۔٭...انہوں نے ملک میں جمہوریت اور خواتین کے حقوق کیلئے بھی کام کیا۔٭...2005ء میں ''المفتاح ایوارڈ‘‘ برائے ادب و شاعری اور ''شیخ ایاز ایوارڈ‘‘ دیا گیا۔٭... 2009ء میں انہیں دو سال کیلئے چیف ایڈیٹر اردو ڈکشنری بورڈ کراچی مقرر کیا گیا، اس سے قبل وہ اسلام آباد میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کونسل کی بھی سربراہ رہیں۔٭...2010ء میں حکومت پاکستان نے انہیں ادبی خدمات کے اعتراف میں ''صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی‘‘ اور بعدازاں ''ستارہ امتیاز‘‘ سے نوازا۔٭... 2017ء میں ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے ''ہیمت ہیلمن ایوارڈ برائے ادب‘‘ سے نوازا گیا۔ ٭...2018ء میں 72 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال ہوا۔

آج کا دن

آج کا دن

کنکورڈ سروس کا آغاز22نومبر1977ء کو برطانوی ائیر ویز کی جانب سے لندن سے نیویارک کنکورڈ فلائٹ کا آغاز کیا گیا۔ یہ فرانس اور برطانیہ کا مشترکہ پراجیکٹ تھا۔1978ء میں ایک حادثے کے بعدانتظامیہ کی کوششوں کے باوجود یہ مسافروں کی توجہ حاصل کرنے میںناکام رہی۔ 2003ء میں اس کا فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا۔جان ایف کینیڈی کا قتل22نومبر1963ء میں جان ایف کینیڈی کو اوسوالڈ نامی ایک شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ گولی ایک سکول کی عمارت سے سنائپر گن سے چلائی گئی ۔گولی لگنے کے فوراً بعد کینیڈی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں 30منٹ بعد مردہ قرار دے دیا گیا۔ واقعہ کے70منٹ بعد قاتل کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔لبنان کایوم آزادی22 نومبر 1943ء کو لبنان نے فرانسیسی نوآبادیاتی تسلط سے مکمل آزادی حاصل کی۔ یہ دن لبنان میں یومِ آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سے قبل فرانس نے دوسری جنگ عظیم کے دوران لبنان پر سیاسی دباؤ بڑھا کر لبنانی رہنماؤں کو گرفتار کر لیاتھا۔ عوامی احتجاج، سیاسی مزاحمت اور بین الاقوامی دباؤ کے نتیجے میں فرانس کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور بالآخر 22 نومبر کو لبنان کو خودمختار ریاست تسلیم کر لیا گیا۔ پہلی جرمن خاتون چانسلرانجیلا ڈوروتھیا مرکل 22نومبر 2005ء کو جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر بنیں۔ انہیں یورپی یونین کی مؤثر ترین اور دنیا کی سب سے طاقتور خاتون سمجھا جاتا تھا۔ 1986ء میں انہوں نے کوانٹم کیمسٹری میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور 1989 ء تک بطور ریسرچر کام کرتی رہیں۔1989ء میں سیاسی میدان میں قدم رکھا ۔اورنج انقلاب اورنج انقلاب، مظاہروں اور سیاسی واقعات کا ایک سلسلہ تھا جو یوکرین میں 22 نومبر 2004ء کے آخر سے جنوری 2005ء تک جاری رہا۔ اس انقلاب کا آغاز 2004ء کے یوکرائنی صدارتی انتخابات کے فوراً بعد ہوا جس میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ یوکرائن کا دارالحکومت کیف شہری مزاحمت کی تحریک کی مہم کا مرکز تھا، جہاں ہزاروں مظاہرین روزانہ مظاہرے کرتے تھے۔کمبوڈیا: بھگدڑ کا المناک حادثہ22 نومبر 2010ء کو کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں سالانہ واٹر فیسٹیول کے دوران بھگدڑ کا حادثہ پیش آیا۔ تنگ راستوں پر لوگوں کا ہجوم بے قابو ہونے سے سینکڑوں افراد ایک دوسرے کے نیچے دب گئے۔ اس المناک حادثے میں 347 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔خلائی شٹل ڈسکوری کا خفیہ مشن22 نومبر 1989ء کو ناسا نے خلائی شٹل ڈسکوری کو ''مشن ایس ٹی ایس 33‘‘ کے تحت خلا میں روانہ کیا۔ یہ امریکی محکمہ دفاع کیلئے انجام دیا جانے والا ایک خفیہ مشن تھا، جس کی تفصیلات عام نہیں کی گئی تھیں۔ اس پرواز کا مقصد قومی دفاع سے متعلق مخصوص خلائی سرگرمیاں انجام دینا تھا۔

بلند چوٹیوں کا مسافر

بلند چوٹیوں کا مسافر

86 برس کی عمر میں بھی کوہ پیمائی کا جنون عروج پرعمر کی ڈھلتی ہوئی شام کو عموماً آرام، سکون اور سرگرمیوں سے کنارہ کشی کا وقت سمجھا جاتا ہے، لیکن کچھ لوگ اپنے عزم، حوصلے اور غیر معمولی صلاحیتوں سے اس تصور کو بدل دیتے ہیں۔ اسپین کے 86 سالہ کوہ پیما کارلوس سوریا فونتان (Carlos Soria Fontán) بھی ایسی ہی ایک مثال ہیں، جنہوں نے عمر کے اس حصے میں بھی دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ان کے نزدیک کامیابی کا تعلق عمر سے نہیں بلکہ جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی، مسلسل محنت اور درست تیاری سے ہے۔ کارلوس اب تک دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 12 کو سر کر چکے ہیں۔ ستمبر 2025ء میں 86 سال اور 233 دن کی عمر میں نیپال کی 8,163 میٹر بلند چوٹی مناسلو سر کرکے انہوں نے تاریخ رقم کی اور آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹی سر کرنے والے معمر ترین کوہ پیما بن گئے۔ ان کا سفر اس حقیقت کا روشن ثبوت ہے کہ بلند عزائم، مستقل مزاجی اور مضبوط ارادے کے سامنے عمر کی حدیں بھی بے معنی ہو سکتی ہیں۔دنیا میں موجود تقریباً دس لاکھ پہاڑوں میں سے صرف 14 ایسے ہیں جن کی بلندی سطح سمندر سے 8 ہزار میٹر (26 ہزار 247 فٹ) سے زیادہ ہے۔ یہ تمام بلند ترین چوٹیاں جنوبی ایشیا کے سلسلہ ہمالیہ اور قراقرم میں واقع ہیں۔ کوہ پیمائی کی دنیا میں ان مخصوص چوٹیوں کو ''آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹیاں‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان پر چڑھائی صرف غیر معمولی بلندی کی وجہ سے مشکل نہیں بلکہ 8 ہزار میٹر کی حد عبور کرنے کے بعد کوہ پیماؤں کیلئے قدرتی حالات تیزی سے ناموافق ہونے لگتے ہیں۔ یہاں شدید سردی، تیز ہوائیں اور آکسیجن کی کمی انسانی برداشت کا سخت امتحان لیتی ہے۔اسی بلندی سے آگے کے علاقے کو خوفناک اصطلاح ''ڈیتھ زون‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ بلندی بڑھنے کے ساتھ فضائی دباؤ کم ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں ہوا میں آکسیجن کی مقدار اور دستیابی خطرناک حد تک گھٹ جاتی ہے اور ان حالات میں انسانی جسم کو مطلوبہ آکسیجن نہیں مل پاتی۔تاہم، یہ تمام دشواریاں اسپین کے کوہ پیما کارلوس سوریا فونتان کے عزم و حوصلے کو پست نہیں کر سکیں۔ 5 فروری 1939ء کو پیدا ہونے والے کارلوس نوعمری ہی سے پہاڑوں کو سر کرنے کا شوق رکھتے ہیں اور اس میدان کے نامور پیش رو کوہ پیماؤں، خصوصاً اٹلی سے تعلق رکھنے والے رائن ہولڈ میسنر اور آنجہانی ریکارڈو کاسین سے متاثر رہے ہیں۔ رائن ہولڈ میسنر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 1982ء میں ایک ہی سال کے دوران تین آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹیاں سر کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ ان میں 6 مئی کو کنچن جنگا، 24 جولائی کو گاشر برم دوم اور 2 اگست کو براڈ پیک شامل تھیں۔کارلوس اب تک دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 12 کو سر کر چکے ہیں۔ تاہم، ان کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا اور ان کی نگاہیں باقی دو چوٹیوں کو سر کرکے تمام 14 بلند ترین پہاڑوں کو فتح کرنے کا اعزاز حاصل کرنے پر مرکوز ہیں۔یہ کسی بھی کوہ پیما کیلئے ایک غیر معمولی کارنامہ ہے، تاہم کارلوس کی کامیابی اس لیے مزید قابلِ ذکر ہے کہ انہوں نے اپنی حالیہ ترین مہم 26 ستمبر 2025ء کو نیپال کی 8,163 میٹر (26,781 فٹ) بلند چوٹی مناسلو سر کرکے مکمل کی۔ اس وقت ان کی عمر 86 سال اور 233 دن تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ تاریخ کے معمر ترین شخص بن گئے جنہوں نے سطح سمندر سے 8 ہزار میٹر سے بلند کسی چوٹی کو سر کیا۔کارلوس ایک حقیقت پسند اور سادہ طبیعت کے انسان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پہاڑ سر کرنے کے دوران کسی خوش قسمتی کی علامت یا تعویذ وغیرہ ساتھ نہیں رکھتے بلکہ صرف وہ ضروری سامان لے کر جاتے ہیں جو محفوظ انداز میں مہم مکمل کرنے کیلئے درکار ہوتا ہے۔ وہ بڑھتی عمر کو اپنی راہ میں رکاوٹ نہیں سمجھتے۔ انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر مسئلہ نہیں، اصل اہمیت جسمانی اور ذہنی تیاری کی ہے۔ کامیابی کا بنیادی راز یہ ہے کہ مناسب منصوبہ بندی اور تیاری کی جائے اور اپنے اہداف کو اپنی حقیقی صلاحیتوں کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ اگر ایسا کیا جائے تو کامیابی حاصل کرنا ممکن ہے۔ اپنے طویل کوہ پیمائی کے سفر میں جسمانی فٹنس برقرار رکھنا کارلوس کیلئے ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایاکہ میں تقریباً ہر روز ورزش کرتا ہوں اور میرے خیال میں مستقل مزاجی بہت ضروری ہے۔ ماضی میں، میں نے کراس کنٹری اسکیئنگ اور سائیکلنگ بھی بہت کی ہے۔ اب میں ہر صبح گھر پر سائیکل ٹرینر کے ذریعے ورزش کرتا ہوں، پہاڑوں پر چڑھائی کی مشق کرتا ہوں یا کوہ پیمائی کیلئے مخصوص جم جاتا ہوں۔ اس کے علاوہ وزن اٹھانے، جسمانی طاقت بڑھانے والی ورزشوں اور پٹھوں کو کھینچنے کی مشقیں بھی کرتا ہوں۔کسی بھی مہم پر روانگی سے قبل مکمل تیاری اور متعلقہ پہاڑ کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنا بھی ان کی کامیابی کا اہم راز ہے۔ اسی طرح چڑھائی کے دوران پوری توجہ اپنے مقصد پر مرکوز رکھنا بھی ان کیلئے ضروری ہے۔ ان عادات نے انہیں دنیا کے خطرناک ترین، لیکن قدرتی حسن سے مالامال پہاڑی علاقوں میں پیش آنے والے سخت حالات کا مقابلہ کرنے اور کامیابی سے اپنی مہمات مکمل کرنے کے قابل بنایا ہے۔

ٹیلی ویژن کا عالمی دن

ٹیلی ویژن کا عالمی دن

معلومات، تعلیم اور تفریح کا مؤثر ذریعہدنیا میں ذرائع ابلاغ نے انسانی زندگی، سوچ اور طرزِ معاشرت کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان ذرائع میں ٹیلی ویژن کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جس نے دنیا بھر کے انسانوں کو معلومات، تعلیم اور تفریح کی فراہمی کے ساتھ ایک دوسرے کے قریب لانے میں بھی مدد دی۔ کبھی ٹیلی ویژن ایک حیرت انگیز ایجاد سمجھا جاتا تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ انسانی زندگی کا لازمی حصہ بن گیا۔ خبروں سے لے کر کھیلوں، ڈراموں، دستاویزی فلموں اور تعلیمی پروگراموں تک، اس نے معلومات کی دنیا میں ایک نیا انقلاب برپا کیا۔ اسی اہمیت کے پیش نظر ہر سال 21 نومبر کو ٹیلی ویژن کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اقوام متحدہ نے دسمبر 1996ء میں 21 نومبر کو ٹیلی ویژن کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کا مقصد جدید دنیا میں ٹیلی ویژن کی اہمیت، معلومات کی ترسیل، عوامی شعور کی بیداری اور عالمی مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اس کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ اس دن کا تعلق 21 اور 22 نومبر 1996ء کو منعقد ہونے والے پہلے عالمی ٹیلی ویژن فورم سے بھی ہے، جس میں ذرائع ابلاغ کی اہمیت اور عالمی سطح پر اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ٹیلی ویژن کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو اس کی ترقی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ بیسویں صدی کے ابتدائی برسوں میں سائنس دانوں نے تصاویر کو برقی اشاروں کے ذریعے منتقل کرنے کے تجربات شروع کیے۔ 1920ء اور 1930ء کی دہائیوں میں ٹیلی ویژن کی ٹیکنالوجی نے نمایاں ترقی کی اور بعدازاں باقاعدہ نشریات کا آغاز ہوا۔ ابتدا میں یہ سہولت چند مخصوص علاقوں اور محدود افراد تک دستیاب تھی، لیکن وقت کے ساتھ اس کی مقبولیت دنیا بھر میں پھیل گئی۔ رنگین نشریات، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، کیبل نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل نظام نے اس کی افادیت میں مزید اضافہ کیا۔ ٹیلی ویژن کا سب سے اہم کردار بروقت معلومات کی فراہمی ہے۔ دنیا کے کسی بھی حصے میں پیش آنے والا واقعہ چند لمحوں میں کروڑوں افراد تک پہنچ سکتا ہے۔ قدرتی آفات، جنگوں، سیاسی تبدیلیوں، سائنسی دریافتوں اور عالمی کھیلوں کے مقابلوں کی براہ راست کوریج نے انسانوں کو دنیا کے حالات سے باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے ذریعے عوام نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی حالات و واقعات سے بھی آگاہ رہتے ہیں۔ تعلیم کے میدان میں بھی ٹیلی ویژن کی خدمات نمایاں ہیں۔ تعلیمی پروگراموں، سائنسی دستاویزی فلموں، تاریخی موضوعات اور معلوماتی نشریات کے ذریعے طلبہ اور عام افراد اپنے علم میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ دور دراز علاقوں میں جہاں تعلیمی سہولتیں محدود ہیں، وہاں ٹیلی ویژن تعلیمی معلومات کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔ اسی طرح صحت، ماحولیات، زراعت اور سماجی مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں بھی اس کا کردار اہم ہے۔تاہم ٹیلی ویژن کے مثبت اثرات کے ساتھ بعض منفی پہلو بھی موجود ہیں۔ غیر معیاری مواد، سنسنی خیزی، غلط معلومات اور ضرورت سے زیادہ وقت ٹیلی ویژن دیکھنے کی عادت بچوں اور بڑوں دونوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نشریاتی ادارے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس کریں اور ناظرین بھی انتخاب اور وقت کے استعمال میں اعتدال سے کام لیں۔آج اگرچہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے معلومات کے حصول کے طریقے بدل دیے ہیں، لیکن ٹیلی ویژن کی اہمیت اب بھی برقرار ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر یہ نئی شکلوں میں اپنی افادیت منوا رہا ہے۔ ٹیلی ویژن کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ذرائع ابلاغ محض تفریح کا وسیلہ نہیں بلکہ علم، شعور، مکالمے اور عالمی رابطے کا اہم ذریعہ بھی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طاقتور ذریعے کو مثبت مقاصد، تعمیری سوچ اور انسانی فلاح کیلئے استعمال کیا جائے۔