پی ٹی ایم کے نعرے قابل اعتراض ، پاکستان فوج سے نفرت کا سودا نہیں بکے گا ،میجر (ر) عامر

 پی ٹی ایم کے نعرے قابل اعتراض ، پاکستان فوج سے نفرت کا سودا نہیں بکے گا ،میجر (ر) عامر

آئی ایس آئی اسلام آبادکے سابق اسٹیشن چیف میجر(ر) عامر نے کہا کہ پی ٹی ایم کے نعرے انتہائی قابل اعتراض ہیں

پشاور(بیورورپورٹ)آئی ایس آئی اسلام آبادکے سابق اسٹیشن چیف میجر(ر) عامر نے کہا کہ پی ٹی ایم کے نعرے انتہائی قابل اعتراض ہیں، پی ٹی ایم کے نوجوان خود کو پختونوں اور پاکستان کامستقبل بنائیں، انہیں سمجھ لیناچاہئے کہ پختونوں کے درمیان پاکستان اور فوج سے نفرت کاسودا نہ کل بکا تھا نہ ہی اب بکنے والاہے ، حقیقت یہ ہے کہ موجودہ فوجی قیادت مرہم پٹی کاکام کررہی ہے تو پھر سوچنے کی با ت ہے کہ پاکستان اور فوج کے خلاف مہم جوئی اب کیوں کی جارہی ہے ؟ افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہورہے ہیں ، افغانستان میں بھی امن کی خاطر طالبان اور امریکی مذاکرات میں موجودہ عسکری قیادت کے مثبت رول کاسب اعتراف کررہے ہیں ،مرکز اشاعت القرآن گلبہار میں درس قرآن کے موقع پر خطا ب بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر (ر) عامر نے کہا کہ پختون تحفظ مو و منٹ کے مطالبات بڑی حدتک درست مگر ان کی ٹائمنگ غلط اور ان کے جلسوں میں لگنے والے نعرے انتہائی قابل اعتراض ہیں، یقینًا قبائلی اضلاع میں لوگوں کانقصان ہوا ،گھر اجڑے ،مارکیٹیں بھی گریں، لوگ بھی غائب ہوئے مائنزبھی ہیں مگر سوال یہ ہے کہ یہ سب کچھ کیوں ہوا ،فوج نے تو ملک اورلوگوں کو بچایا، جب بھی فوجی آپریشن ہوتاہے نقصانات لازمی ہوتے ہیں، قرآن بھی اس کو مانتاہے مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ اضافی نقصان پرویز مشرف اورراحیل شریف کے دور میں ہوا جب سے جنرل باجوہ آئے ہیں بمباریاں بند ہوچکی ہیں ،چیک پوسٹیں کم یا ختم کی جاچکی ہیں ، آپریشن میں مصروف فوجی جوانوں کارویہ بدل چکا ہے ، محدودمفاہمت کی جو پالیسی بلوچ انتہاپسندوں اور پنجابی طالبان کے لئے تھی جنرل باجوہ کے دور میں یہ سلسلہ پختونوں تک پھیلا دیا گیا ، بھارت کے ساتھ حالیہ کشید گی کے دوران کون سا پختون گھرتھا جس میں فوج اور پاکستان سے لازوال محبت کے مناظر دیکھنے کو نہیں ملے ،پاکستان خان ،فوج خان ،کشمیر خان اور لاہور خان جیسے نام پورے پاکستان میں صرف قبائلی اضلا ع میں ملیں گے جو ان کی حب الوطنی کاسب سے بڑا ثبوت ہے ،درس قرآن تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی فضیلت اتنی ہے کہ جس اندھیر ی رات میں یہ اترے ا سے لیلتہ القدر بنادیتی ہے جن دلوں ،ذہنوں اور زبانوں پر اترے وہ کس قدر روشن ہونگے ، معاشر ے میں تعصبات ،نفرتوں اور فتنوں وفساد جیسی بیماریاں لاحق ہیں، ان تمام کانسخہ فضیلتوں کی یہ کتاب ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں