تمباکو نوشی
رواں برس آکسفورڈ یونیورسٹی نے \'ویپ\' کو ورڈ آف دی ایئر قرار دیا ہے جو ای سگریٹ سے متعلق ایک ورڈ ہے مگر تمباکو نوشی کے بارے میں کیا خیال ہے جو کینسر، فالج اور امراض قلب کا سبب ہوتی ہے اور اس لت سے پیچھا چھڑانا مضبوط ترین قوت ارادی کے مالک افراد کے بھی بس کی بات نہیں ہوتی۔ ایک بار ایسا کرنے کی کوشش کریں اور پھر دیکھیں صحت پر کس حد تک ڈرامائی انداز میں بہتری آتی ہے درحقیقت بغیر سگریٹ کے اولین چوبیس گھنٹے ہی سے دل کے دورے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق مراقبے کی مشق سے تمباکو نوشی کے عادی افراد کے لیے اس لت سے چھٹکارا پانا آسان ہوجاتا ہے چاہے آپ اسے چھوڑنے کی کوشش نہ بھی کر رہے ہوں۔ گزشتہ سال یعنی 2013 کی ایک تحقیق کے مطابق جو افراد کاروباری ہفتے کے آغاز پر سگریٹ نوشی سے گریز کی کوشش شروع کرتے ہیں ان کی کامیابی کا کافی زیادہ امکان ہوتا ہے۔ نکوٹین کی طلب میں اس وقت کمی آجاتی ہے جب ورزش کی جا رہی ہوتی ہے کیونکہ جسمانی مشقت کے دوران دماغ سیروٹینین اور ڈوپامائن جیسے کیمیکل خارج کرتا ہے جو خوشی اور راحت کے احساس کو بڑھاتے ہیں۔ سگریٹ کی کشش اس وقت دم توڑ جاتی ہے جب ہمارا دماغ اس کا تعلق بدبو سے جوڑ دیتا ہے، دماغ کے رویے میں یہ تبدیلی اس وقت آتی ہے جب ہم سو رہے ہوتے ہیں۔بیشتر سگریٹ نوش اسے تناؤ میں کمی کے لیے استعمال کرتے ہیں تاہم ایک امریکی تحقیق کے مطابق دیگر آرام دہ سرگرمیاں بھی یہی اثرات مرتب کرتی ہیں، یوگا یا آرام کی مشق ذہن کو تناؤ اور پریشانیوں کو دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔بفیلو یونیورسٹی کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کا استعمال تمباکو نوش افراد کو سگریٹ سے پاک طرز زندگی بسر کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ طبی سائنس کے مطابق جو لوگ بارہ ہفتے تک ویٹ لفٹنگ کے پروگرام کا حصہ بنتے ہیں ان کے تمباکو نوشی چھوڑنے کے امکانات دوگنا زیادہ ہوتے ہیں خاص طور پر ان افراد کے مقابلے میں جو ڈمبلز سے دور بھاگتے ہیں۔ پرجوش سرگرمیوں کا حصہ بننا بھی دماغ کو ریوارڈ یا انعام کا لالچ دینے والے حصے کے لیے اسی طرح سکون کا باعث بنتا ہے جیسے کسی نئے مشغلے کو اپنانے سے سگریٹ کی خواہش میں کمی آتی ہے۔ امریکی محکمہ صحت کے مطابق اس لت کو چھوڑنے کی سوچ جلد دم توڑ جاتی ہے لہٰذا اس کے لیے مختلف اقدامات کرنا پڑتے ہیں، خاص طور پر تحریر جیسے یہ لکھنا کہ یہ اپنی صحت کے لیے ہے؟ خاندان کے لیے؟ کیونکہ وہ بہت مہنگی ہے؟ جو بھی آپ کا مقصد ہو اسے تحریر کردیں کیونکہ یہ ہمیں اپنے عزم کو یاد رکھنے میں زیادہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق اپنے ذہن سے سگریٹ کو مکمل طور پر نکال دینا ان کے اندر اس لت کی خواہش کو کچھ عرصے بعد بہت شدت سے جگانے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔٭…٭…٭