ٹوبہ :حکام کی غفلت، ون وے روڈ ٹو ٹ پھوٹ کا شکار
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث مین جھنگ روڈ کی ون وے سڑک ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہو کر رہ گئی، جس کے باعث نہ صرف وہاں سے گذرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔۔۔
بلکہ سڑک میں پڑنے والے گہرے گڑھوں کی وجہ سے آئے روز حادثات بھی معمول بن کر رہ گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ریلوے پھاٹک سے گو ر نمنٹ گرلز کالج تک ون وے روڈ کی مناسب دیکھ بھال اور مرمت نہ ہونے کے باعث مذکورہ سڑک بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، اور وہاں متعدد مقامات پر کئی فٹ گہرے گڑھے پڑے ہو ئے ہیں ،جہاں سے گذرتے ہو ئے گاڑیوں اورموٹر سائیکل رکشاؤں کے الٹنے سے آئے روزحادثات معمول بن کر رہ گئے ہیں ،تاہم متعلقہ اداروں نے آج تک مذکورہ خونی گڑھوں کو بند کر نے کیلئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے ۔شہر کے عوامی وسماجی حلقوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ اہم سڑک کی مرمت کے لئے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیں ، غفلت کے مرتکب مقامی عملہ کے خلاف بھی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔