قبضہ میئرکی کارکردگی کی قلعی کھل گئی،سیف الدین ایڈووکیٹ
کراچی(اسٹاف رپورٹر )اپوزیشن لیڈر کے ایم سی ونائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ کی زیر صدارت بارشوں کے بعد شہر کی گھمبیر صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن چیمبر میں جماعت اسلامی کے اراکین سٹی کونسل کااہم اجلاس ہوا اور صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
سیف الدین ایڈووکیٹ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے آغاز میں ہی قبضہ میئرکی کارکردگی کی قلعی کھل گئی، بارش کے دوران کراچی کے عوام کومشکل میں چھوڑ کر مرتضیٰ وہاب امریکا میں گھوم رہے ہیں، 16 سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور اس نے شہری اداروں پر قبضہ کیا ہوا ہے اس کے باوجود کراچی میں صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ، کے ایم سی کی جانب سے نالوں کی بروقت صفائی نہ کرنے سے شہر میں جگہ جگہ بارش کا پانی کھڑا ہے ،جماعت اسلامی کے ٹاؤن اور یوسی چیئر مین مستقل کوشش کررہے کہ شہریوں کو مسائل سے نکالا جاسکے ،میئر کراچی سندھ حکومت کی نمائندگی کے بجائے کراچی کے عوام کی نمائندگی کریں، کے ایم سی کی نا اہلی کا حال یہ ہے کہ کے ایم سی بلڈنگ میئر آفس کے اطراف بھی پانی کھڑاہے ، سٹی کورٹ ایم اے جناح روڈ پر بارش کاپانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات و پریشانیاں ہیں،کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی بڑی نااہلی ہے کہ نالوں میں سیوریج کا پانی بھی ڈال دیاگیا ہے۔