لوگوں کو ٹیکس دینا پڑے گا، اس کے بغیر چارہ نہیں: وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ لوگوں کو ٹیکس دینا پڑے گا، اس کے بغیر چارہ نہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی 9 فیصد کی شرح پر ہم نہیں چل سکتے، زراعت، آئی ٹی سیکٹر سے ہم اپنی گروتھ بڑھا سکتے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے اپنی ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے، معاشی حالات درست سمت کی جانب گامزن ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سر پلس ہو چکا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر پر ہیں، سود پر ہی دارومدار ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اس ہفتے آئی ایم ایف کی جانب سے 1.19 ارب ڈالر کی قسط آ جائے گی، جون کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر 9 سے 10 ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، زرعی جی ڈی پی 5 فیصد نمو دکھا رہی ہے، چاول کی بمپر کراپس ہوئیں جس سے زرمبادلہ آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی کم ہورہی ہے، مہنگائی کم ہونے سے پالیسی ریٹ بھی نیچے آئے گا، ستمبر 2025ء تک مہنگائی کی شرح 5 سے 10 فیصد کے درمیان ہو گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ توانائی کی مساوات کو بہتر کئے بغیر کوئی صنعتی پالیسی کامیاب نہیں ہو گی، دوست ممالک پاکستان کو معاشی طور پر کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں