بجٹ میں مشکل فیصلےکیے، سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے: علی پرویز

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرمملکت برائےخزانہ ومحصولات علی پرویزملک نے کہا ہے کہ بجٹ میں مشکل فیصلےکیے، سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، سولر پینلز اور پنشن کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، معیشت میں استحکام حکومتی اقدامات کے ثمرات ہیں، مملکت کے بجٹ میں یقیناً مشکل فیصلے لئے گئے لیکن اب استحکام آئے گا، گزشتہ چند ماہ سے پاکستان پر خطرے کے بادل منڈلا رہے تھے، لیکن اب بین الاقوامی جریدے مثبت رجحانات کا اظہار کر رہے ہیں۔

علی پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں،ملک کو اسی راستے پر استقامت کے ساتھ چلنے کی ضرورت ہے،اصلاحات کےراستےپراب چلنا پڑےگا، ملکی مسائل کےحل کےلیےدن رات کوشاں ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں