گرین سکوک بانڈ کا اجرا، غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں: محمد اورنگزیب

کراچی : (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ ہماری معیشت مستحکم ہوگئی ہے اور غیرملکی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گرین سکوک بانڈ کے اجراء کی تقریب کے دوران ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آج پاکستان کا پہلا ڈومیسٹک سکوک بانڈ متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے بعد مجموعی اسلامک قرضوں کا حجم 14فیصد بڑھ گیا ہے۔
واشنگٹن اور لندن میں سرمایہ کاروں کے ساتھ کی جانے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے، گلوبل انویسٹرز توقع رکھتے ہیں کہ پاکستان اپنے حالیہ پالیسی اقدامات کو جاری رکھے گا جس میں ٹیکسوں کو بڑھانے کی پالیسی، شعبہ توانائی میں اصلاحات، رائیٹ سائزنگ اور قومی اداروں میں پیشرفت شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ پر کام جاری ہے جس کے لیے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہو رہی ہے اور سٹیک ہولڈرز بجٹ تجاویز پیش کر رہے ہیں، ہمیں ملائیشیا کے ماڈل کو اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ماحولیاتی تبدیلی ایک خطرہ بن چکی ہے، ماحولیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے فنانسنگ پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر وفاقی مشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ ماحول اور آبادی پاکستان کے بڑے مسائل ہیں، ماحول کے لیے آج گرین سکوک متعارف کروا رہے ہیں، پانڈا بانڈ کا اجراء بھی جلد کیا جائے گا۔