حکومت نے ٹی ٹی ایس فیکلٹی کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی منظوری دیدی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے ٹینیور ٹریک سسٹم (ٹی ٹی ایس) فیکلٹی کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے نظرثانی شدہ ٹی ٹی ایس پے پیکیج کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نظرثانی شدہ ٹی ٹی ایس پے پیکیج کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، اس فیصلے کے تحت پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسرز کے ٹی ٹی ایس پے سکیلز میں 35 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
اِسی طرح نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ٹی ٹی ایس ملازمین کی بنیادی تنخواہ 30 جون 2026 کو حاصل کردہ سٹیج کے مطابق نئے پے سکیل میں فکس کی جائے گی۔
دوسری جانب تنخواہوں میں اضافے سے پیدا ہونے والے تمام مالی اخراجات متعلقہ جامعات اپنے وسائل سے پورے کریں گی جب کہ اس فیصلے کے نتیجے میں وفاقی حکومت پر کوئی اضافی مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی۔
وزارت خزانہ نے مزید واضح کیا ہے کہ ٹی ٹی ایس ملازمین کی دیگر تمام سروس شرائط بدستور برقرار رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments