تین پاکستان کمپنیوں کو فوربز نے بہترین ایشیائی کمپنیاں قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) صنعت و تجارت کی ترقی کو مانیٹر کر کے کمپنیوں کی پوزیشن کا جائزہ لینے والے بین الاقوامی فوربز نے پاکستان کی تین کمپنیوں کی ترقی کو مثالی قرار دیتے ہوئے ایشیاء کی کامیاب کمپنیوں میں نمایاں ترین ظاہر کیا ہے۔

فوربز کی فہرست میں اہم ترین قرار پانے والی کمپنیوں کے نام مری بریوری، ساز گار انجییئرنگ ورکس اور سسٹمز لمیٹڈ شامل ہیں۔ فوربز نے انہیں کمپنیوں میں شامل کیا ہے جن کے بزنس کا حجم ایک ارب ڈالر سے کم ہے، مگر یہ اپنی پیداوار اور تجارتی حیثیت کو مسلسل آگے بڑھا رہی ہیں۔

فوربز نے ایشیا پیسفک سے ایسی 200 کمپنیوں کو اپنے پاس رجسٹر کیا تھا، جن کی اشیا کی فروخت یا خدمات کی مالیت کا حجم 10 ملین ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک ہے، ان کمپنیوں نے اسی بنیاد پرفوربز کے 25 ویں ایڈیشن میں جگہ پائی ہے۔

مری بریوری نامی پاکستانی کمپنی برطانوی دور میں 1860 میں قائم کی گئی تھی تاکہ قابض انگریز کے پسندیدہ مشروبات کی تیاری مقامی طور پر کر سکے، یہ اس نوعیت کی ایشیا میں سب سے پرانی کمپنی ہے، اس کے سالانہ ریونیو کی سطح 102 ملین ڈالر ہے۔

دوسری پاکستانی کمپنی جس نے ان انتہائی مشکل حالات میں بھی ترقی کی ہے وہ ساز گار انجینیئرنگ ورکس ہے، یہ ایک آٹو موٹیو مینو فیکچرنگ سے متعلق کمپنی ہے، اس کا قیام 1991 میں عمل میں لایا گیا، فوربز کے مبطابق اس کا ٹرن اوور 389 ملین ڈالر ہے۔

فوربز کی فہرست میں نمایاں جگہ پانے والی تیسری پاکستانی کمپنی سسٹمز لمیٹڈ ہے،  یہ ایک سافٹ وئیر سے متعلق کمپنی ہے، یہ کمپنی پاکستان کے علاوہ شمالی امریکا، مشرق وسطیٰ اور یورپ تک اپنی خدمات انجام دے رہی ہے، اس کی سالانہ آمدنی 286 ملین ڈالر ہے۔

فوربز کے مطابق کمپنیوں کا انتخاب ان کی کئی حوالوں سے کار کردگی کی چھان پھٹک کے بعد کیا گیا ہے، ان کے خساروں کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کی فروخت سے ہونے والی آمدنی ، ایک اور تین سال کے دوران کی کارکردگی کا الگ الگ جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ ان کمپنیوں کی پانچ برسوں کے دوران ایکویٹی کی سطح کو بھی جانچا گیا ہے، یہ سارا ڈیٹا ان کمپنیوں نے جو پبلک کر رکھا تھا اسی کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...