پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر مضبوط، سیریز چیلنجنگ ہو گی: کیوی کپتان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ہوتی ہے، پاکستان سے سیریز چیلنجنگ ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے، ہم یہاں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں گفتگو کے دوران مائیکل بریسویل نے مزید کہا کہ ہم نے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے اور ہمارے سکواڈ میں شامل زیادہ تر کھلاڑی ٹی 20 کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں، پاکستان آکر بہت اچھا لگا، اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

موجودہ سیریز میں بیٹنگ اور باؤلنگ کے مختلف کمبی نیشن آزمائیں گے: بابر اعظم

دوسری جانب میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس بارہ میچز ہیں، کوشش کریں گے ان میچز کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کر لیں، ہم نے بہت سے چیزوں کو تبدیل کیا، کوشش کریں گے کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں۔

بابر اعظم نے مزید کہا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے اچھی ٹیم لیکر جائیں گے، کوشش ہے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں، موجودہ سیریز میں بیٹنگ اور باؤلنگ کے مختلف کمبی نیشن آزمائیں گے، آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز میں چیزیں کلیئر ہو جائیں گے، کوشش کرتا ہوں خوش رہنے کی لیکن انسان ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف اچھی پرفارمنس پیش کریں گے، ٹیم میں کھلاڑی پرفارمنس کی بنیاد پر آتے ہیں، ہماری بیٹنگ سٹرونگ ہونے جا رہی ہے، عثمان خان، عرفان نیازی کو کھلائیں گے، ہماری بیٹنگ 9 ویں نمبر تک جائے گی، نوجوان کھلاڑی کے آنے کی سینیئر کو خوشی ہوتی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج سے آغاز

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز آج سے راولپنڈی میں ہو گا، دونوں ٹیمیں پہلے میچ میں آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، پہلا میچ شام ساڑھے 7 بچے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جیت کیلئے پر عزم ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے، ٹرافی کی تقریب رونمائی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل شریک ہوئے اور تصاویر بنوائیں، دونوں ٹیموں نے راولپنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس بھی کی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں