بھارتی ٹیم کی آج خصوصی طیارے کے ذریعے بارباڈوس سے واپسی

بارباڈوس: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی فاتح بھارتی ٹیم بارباڈوس سے خصوصی طیارے کے ذریعے آج اپنے وطن روانہ ہوگی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی واپسی کیلئے بھارتی بورڈ نے خصوصی طیارے کا انتظام کر لیا ، ٹیم مقامی وقت کے مطابق آج شام 6 بجے روانہ ہو گی اور بدھ کی رات پونے 8 بجے دہلی لینڈ کرے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بارباڈوس سے سمندری طوفان گزر گیا ہے اور خوش قسمتی سے یہ بڑی تباہی سے محفوظ رہا اوربارباڈوس میں صورتحال جلد معمول پر آنے کی امید ہے، بجلی اور انٹرنیٹ سروس آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہے جبکہ ایئر پورٹ بھی اگلے چند گھنٹوں میں کھلنے کی امید ہے۔

واضح رہے کہ بارباڈوس میں کیٹگری 4 طوفان بیریل کی پیشگوئی کی گئی تھی، سمندری طوفان کے پیش نظر بارباڈوس کے ایئرپورٹ کو بھی بند کر دیا گیا تھا اور سمندری طوفان کی وجہ سے بھارتی ٹیم بارباڈوس میں پھنسی ہوئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں