سری لنکا کے سابق انڈر19 کے کپتان دھمیکا نروشنا گھر کے باہر قتل

کولمبو :(ویب ڈیسک )سری لنکا کے سابق انڈر19 کے کپتان دھمیکا نروشنا کو گھر کے باہر سے گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے شہر گال کے قضبے امبالنگوڈا میں رہائش پذیر انڈر19 ٹیم کے سابق کپتان دھمیکا نروشنا پر گھر کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا،ان کی عمر41 برس تھی۔

سری لنکن پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افرد نے دھمیکا نروشنا کو گھر کے باہر گولیوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے، جب کہ حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

دھمیکا نروشنا نے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بچے چھوڑے ہیں، انہوں نے 2004 میں بہت چھوٹی عمر میں تمام طرز کی کرکٹ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

انہوں نے 2000 میں سری لنکا انڈر19 ٹیم میں ڈیبیو کیا اور پھر 2002 میں انہیں ٹیم کی قیادت سونپی گئی، وہ ایک بہترین آل راؤنڈر تھے جو بنیادی طور پر باؤلنگ کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن بیٹنگ بھی اچھی کرلیا کرتے تھے۔

واضح رہے دھمیکا نروشنا کو سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کا موقع کبھی نہیں ملا لیکن انہوں نے سری لنکا کی کپتانی کرنے والے اینجلو میتھیوز سمیت اپل تھرنگا اور فریوز مہروف کے ساتھ انڈر19اور فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں