کراچی: مبینہ پولیس مقابلے، خاتون سمیت 6 ڈاکو گرفتار، نوسرباز بیوپاری بھی پکڑے گئے

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران خاتون اور زخمیوں سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جبکہ جانوروں کو مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے نوسرباز بیوپاری بھی پکڑے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر جناح کورٹ میں 2 مسلح ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کرنے میں مصروف تھے کہ اطلاع پر پولیس پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزموں کی شناخت ریحان اور وقاص کے نام سے ہوئی، پولیس نے دونوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔

ادھر کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس نے کارروائی کر کے ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والی ملزمہ کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا، ملزمان سے اسلحہ، چھینی گئی موٹرسائیکل اور نقدی برآمد ہوئی جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کلفٹن کے سسی آرکیڈ بلاک 7 میں ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کر کے 50 لاکھ روپے سے زائد قیمت کی ممنوعہ اشیاء برآمد کر لیں اور موقع سے 2 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس نے شہریوں کی شکایت پر گلبرگ کے علاقے میں کارروائی کر کے قربانی کے جانوروں کو مصنوعی دانت لگا کر بیچنے والے بیوپاریوں کو گرفتار کر لیا، پولیس نے ملزموں کیخلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں