گوجرانوالہ، بہاولنگر اور مانانوالہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، بیوپاری قتل، 4 شدید زخمی

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ، بہاولنگر اور مانانوالہ میں ڈاکو بے لگام ہو گئے، ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، بیوپاری جاں بحق جبکہ دو بھائیوں سمیت 4 شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے پیپلز کالونی میں موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے بیوپاریوں کو روک کر لوٹ مار شروع کر دی، بیوپاریوں کی جانب ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

گولیاں لگنے سے ایک بیوپاری موقع پر دم توڑ گیا جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، ڈاکو جاتے جاتے 87 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

یاد رہے کہ گوجرانوالہ میں دو روز میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو بیوپاری قتل ہو چکے، پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے، بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ادھر مانانوالہ کے نواحی گاؤں مرزاپور میں بھی ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے نوجوان کو زخمی کر دیا جس کی شناخت 23 سالہ محسن کے نام سے ہوئی، ریسکیو نے طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب بہاولنگر کے علاقے تھانہ تخت محل میں 3 مسلح ڈاکوؤں نے سرعام مقامی دکانداروں سے گن پوائنٹ پر لوٹ مار کی، دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے دو حقیقی بھائیوں کو زخمی کر دیا، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں