کراچی : نوجوان نے جان پر کھیل کر واردات ناکام بنا دی، ڈاکو فرار

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقہ نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ایل میں نہتے بہادر نوجوان نے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرکے انھیں بھاگنے پر مجبور کردیا۔

شہری نے جان پر کھیل کر اپنی موٹر سائیکل اور دیگر قیمتی سامان محفوظ بنایا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی منطر عام پر آگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل پر سوار تین نوجوانوں کو روکا، اور موٹرسائیکل لے جانے کی کوشش کی، اس دوران موٹرسائیکل سوار حمدان اکیلے ہی ڈاکوؤں سے لڑ پڑا اور موٹرسائیکل بچانے کے لیے زندگی داؤ پر لگا دی۔

حمدان تین ڈاکوؤں سے تنہا لڑتا رہا لیکن کوئی مدد کو نہ آیا، لیکن شہری کی بہادری کے سامنے ملزمان بے بس ہو کر اسلحہ اور موٹرسائیکل چھوڑ کر بھاگ نکلے، نوجوان نے تین ملزمان کا تنہا مقابلہ کیا اور اس طرح موٹرسائیکل اور دیگر سامان لوٹنے کی واردات ناکام بنا دی، ڈاکوؤں کے بھاگنے کے بعد معلوم ہوا کہ پستول نقلی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے موٹر سائیکل سرجانی تھانے کی حدود سے چوری کی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں