وزیراعظم سے معروف کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات، بجٹ بارے تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں شہزاد سلیم، زید بشیر، مصدق ذوالقرنین اور شہریار چشتی شریک تھے، ملاقات میں وفد نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

وفد نے بجٹ کی کاروباری برادری میں پذیرائی کے بارے آگاہ کیا اور امید کا اظہار کیا کہ اس کے ملک میں کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ الحمدللہ ملک معاشی طور پر درست سمت میں گامزن ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے، کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ بجٹ اقدامات کے نفاذ کیلئے حکومتی ٹیم سرگرم ہے، ملکی برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح ہے، برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے بجٹ اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، برآمد کندگان کو ان کی فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں