ٹی 20 ورلڈ کپ کی فتح نے بھارتی ٹیم کو مالا مال کردیا

نیو دہلی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں فتح پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم پر پیسوں کی بارش کر دی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے 125 کروڑ بھارتی روپے یعنی تقریباً 4 ارب پاکستانی روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔

جے شاہ نے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ سٹاف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بے مثال صلاحیت، عزم اور سپورٹسمین شپ کا مظاہرہ کیا۔

خیال رہے کہ بھارت بارباڈوس کے برج ٹاؤن میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر ایک بار پھر عالمی چیمپئن بنا۔

بھارتی باؤلرز نے جنوبی افریقا سے جیتا ہوا میچ چھین لیا اور جنوبی افریقا کی ٹیم بھارت کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی اور اسے 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں