بہاولنگر، وزیر آباد: ڈاکو 2 گھروں کا صفایا کر گئے، قصور، اوکاڑہ سے 3 ملزم گرفتار

بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر اور وزیر آباد میں ڈاکو 2 گھروں سے لاکھوں روپے کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ قصور اور اوکاڑہ سے 8 ملزم گرفتار کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے علاقے دربار روڈ پر واقع گھر میں مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے، واقعے کے بعد پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔

ادھر وزیر آباد کے علاقے علی پور چٹھہ میں بھی ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی جہاں ڈاکو گھر سے 36 تولے زیورات اور لاکھوں روپے کی نقدی لے گئے، پولیس نے متاثرہ فیملی کی درخواست پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب قصور کے علاقے تھانہ کوٹ رادھاکشن کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران ایک خطرناک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا جس کی شناخت علی احمد کے نام سے ہوئی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، گرفتار ملزم ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات میں ملوث تھا۔

ادھر اوکاڑہ کے علاقے تھانہ بی ڈویژن پولیس نے کارروائی کر کے ویگو ڈالے پر اسلحہ لہرا کر گھومنے والے گروہ کے 7 افراد کو گرفتار کر لیا، ملزموں سے 5 رائفل اور ایک پسٹل برآمد ہوا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں