تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن، 2 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

کراچی: (شہباز خان) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 9 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 33.796 کلو گرام منشیات پکڑ کر 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 26 نمبرچونگی کے قریب زیمبیئن خاتون سے 50 گرام کوکین برآمد کر لی گئی جبکہ لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمالدیپ جانے والی خاتون سے 1.750 کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے، لاہور ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے نائیجیرین باشندے کے پیٹ سے 28 کوکین بھرے کیپسولز ملے ہیں۔
اس کے علاوہ لاہور میں واقع کوریئر آفس میں مشکوک پارسل سے 460 گرام آئس پکڑی گئی، کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 4.5 کلو ہیروئن ملی ہے، ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب خاتون سمیت ملزم سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
حکام کے مطابق سیالکوٹ بائی پاس گوجرانوالہ کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر14.4 کلو چرس اور 3.6 کلو افیون پکڑی گئی، حسن ابدال اٹک کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.4 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کر لئے گئے، جبکہ حیات آباد ٹول پلازہ رنگ روڈ پشاور کے قریب ملزم سے 29 گرام کوکین اور 69 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔