لاہورکے مدرسے میں مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ، طالب علم جاں بحق
لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں برکی کے علاقے میں مدرسے کے ایک قاری کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں 12 سالہ طالبعلم جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مدرسے کے قاری غلام رسول پر الزام ہے کہ اس نے 12 سالہ علی حیدر کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچے کی موت واقع ہوئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے تاکہ موت کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں تفتیشی حکام نے مزید بتایا کہ ملزم غلام رسول کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔