حکومت فٹبال فیڈریشن کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی، فہمیدہ مرزا

کھیل

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت فٹبال فیڈریشن کے مسائل حل کرنے کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنے زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تمام گروپس مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے مسئلے کا مثبت حل نکالیں۔

اجلاس میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محسن مشتاق اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل محمد آصف زمان بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر سید اشفاق حسین شاہ اور فیڈریشن کے دیگر سابق عہدیداران نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ عنقریب پی ایف ایف تنازعہ کے دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی بلا کر ان پر اس مسئلہ کو جلد از جلد مثبت طریقہ سے حل کرنے پر زور دیں گی۔

اجلاس کے دوران پی ایف ایف کے سابق صدر سید اشفاق شاہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ وہ جلد سے جلد پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن چاہتے ہیں لیکن اس سے قبل ایک غیر جانبدار نارملائزیشن کمیٹی قائم کی جائے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ فیفا جلد از جلد ایک ایسی غیر جانبدارنارملائزیشن کمیٹی قائم کریگی جس میں پی ایف ایف کے تمام گروپس کو نمائندگی دیکر الیکشن کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم چاہتے ہیں کہ فٹبال کے کھیل اور اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو مزید کسی نقصان سے بچایا جا سکے۔ لہذا حکومت اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں