سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کو فوری روکا جائے: وزیر اعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں تمباکو کی سمگلنگ اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ خان، طارق باجوہ اور چئیرمین ایف بی آر عاصم احمد نے شرکت کی، اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی فوری روک تھام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال ایف بی آر ٹیکس اہداف کی وصولی کو یقینی بنائے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ٹیکس چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر اینفورسمنٹ سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا گیا ہے، سسٹم کے نتیجے میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے۔ جولائی سے دسمبر تک اس سیکٹر میں 83.5 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکے ہیں، گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس سے 26 فیصد زیادہ ہے۔