سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام ہی قومی سلامتی ہے: شیخ رشید احمد

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام ہی قومی سلامتی ہے، امید ہے اس پر آج فیصلہ ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آرمی کا سپہ سالار بھی کہہ رہا ہے کہ پاکستان نازک ترین موڑ پر پہنچ گیا ہے، کپڑے بیچنے والا شہباز شریف بھی اعتراف کر رہا ہے کہ شدید معاشی بحران ہے لیکن اسحاق ڈار کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی، حل صرف الیکشن ہیں ورنہ ڈیفالٹ دروازے پر ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 15 جنوری کو ایم کیو ایم کا بھی پتہ چل جائے گا، پی ڈی ایم کا عمران خان پر ہر ناکام حملہ ان کے اپنے گلے پڑ رہا ہے، حکومت نے 87 ارب ترقیاتی کاموں پر ممبروں کو، 2 ارب بلاول کے دوروں پر اور 2 ارب کمپنی کی مشہوری پر لگا دیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 77 وزراء کے بحری بیڑے اور آئی ایم ایف کی شرائط غریب کے لئے ہیں، حکمرانوں کی اپنی دولت بیرون ملک بینکوں میں محفوظ ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں