پاکستان کو سستی اور معیاری توانائی کی ضرورت ہے: وزیراعظم شہباز شریف

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے نیو کلیئر پاور پلانٹ کے-3 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلانٹ کا افتتاح میرے لئے اعزاز کی بات ہے

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی شراکت سے تعمیر ہونے والے نیو کلیئر پاور پلانٹ کے-3 کا افتتاح کر دیا۔

 افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ منصوبے سے ماحول دوست 1100 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ جوہری توانائی بجلی گھر سے مجموعی پیداوار 2200 میگاواٹ ہو جائے گی۔

منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ کے تھری پاور پلانٹ کا افتتاح میرے لیےاعزاز کی بات ہے، پاکستان کو سستے اور معیاری متبادل توانائی کے ذرائع کی ضرورت ہے، سی پیک پراجیکٹ کے تحت پاکستان میں بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، شمسی توانائی پر توجہ دی جا رہی ہے، توانائی کی مد میں 27 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کرتے ہیں، کوئلے سے توانائی حاصل کر کے اربوں کی بچت ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 60 ہزار میگا واٹ ہائیڈرل پاور کی صلاحیت موجود ہے، کے تھری پاور پلانٹ پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، چین اور پاکستان دو بہترین دوست ہیں، یہ دوستی گزشتہ 75 برسوں کے دوران تمام مصائب و مشکلات اور خوشیوں کے مواقع پر مزید مضبوط ہوتی گئی، دونوں ممالک کے درمیان 2015 میں نواز شریف کی قیادت میں سی پیک کا اربوں روپے کا منصوبے پر دستخط ہوئے اور آج ہزاروں میگا واٹ بجلی پاکستان میں بن رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں شمسی توانائی اور پن بجلی کے منصوبے لگانے ہیں جس سے ملک ترقی کرے گا اور اربوں ڈالر کی کروڈ آئل اور پٹرولیم منصوعات کی درآمدات کی بچت ہوگی، یہ وہ واحد طریقہ ہے جس کے ساتھ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے منصوبے پر کام کرنے والے عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں وزیر اعظم آفس میں دعوت دیکر اعزازات دیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں