وقت کا تقاضا ہے عالمی برادری مشکل کا شکار انسانیت کی مدد کیلئے آگے آئے: وزیر اعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے عالمی برادری مشکل کا شکار انسانیت کی مدد کیلئے آگے آئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف قیامت خیز زلزلے پر اظہار تعزیت اور یکجہتی کے لیے ترکیہ چلے گئے ہیں، روانگی سے قبل انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کے پیغام کے ساتھ ترکیہ جا رہا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دو ریاستوں میں رہنے والی ایک قوم کے جذبے کے تحت ہم ترکیہ کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہیں۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلہ کے نقصانات سے نمٹنا کسی ایک حکومت کی استعداد سے کہیں زیادہ ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے طور پر قدرتی آفات کسی ایک حکومت کی ہینڈل کرنے کی صلاحیت سے باہر ہیں، کوئی بھی ملک خواہ کتنا ہی وسائل رکھتا ہو، اس شدت کی تباہی سے نمٹ نہیں سکتا، یہ وقت ہے کہ دنیا آگے آئے اور دکھی انسانیت کی مدد کرے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں